Inquilab Logo Happiest Places to Work

ناگپاڑہ پرمفت فٹ ویئر کی تقسیم ، خواتین کاسیلاب اُمڈ آیا

Updated: August 16, 2026, 6:13 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

یوم آزادی پر حسب وعدہ’ فُٹ وئیر مینوفیکچرر ویلفیئر اسوسی ایشن‘کی جانب سے۲؍ہزار جوڑی چپل تقسیم کی گئی

A view of the distribution of free footwear among women, girls and children at Nagpara Junction. Photo: INN
ناگپاڑہ جنکشن پر خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں مفت فُٹ وئیر کی تقسیم کا منظر۔ تصویر: آئی این این
فُٹ وئیر مینوفیکچرر ویلفیئر اسوسی ایشن ( ایف ایم ڈبلیو اے) ممبئی کی جانب سے یوم آزادی کے موقع پر سنیچر کو ناگپاڑہ جنکشن پر خواتین، لڑکیوں اور بچوں میں مفت فُٹ وئیر ( چپل اور سینڈل )تقسیم کرنے کا پروگرام کامیاب رہا ۔بارش کے باوجود پروگرام شروع ہونے سے تقریباً ایک گھنٹے پہلے ہی خواتین کی طویل قطار دکھائی دی۔ یہاںمدنپورہ، ناگپاڑہ ، آگری پاڑہ اور بائیکلہ کے علاوہ بھنڈی بازار، مجگائوں اور ڈاکیارڈ روڈ کی خواتین بھی چپل لینے پہنچیں جن میں ڈونگری کی ۸۵؍ سالہ عمررسیدہ خاتون بھی شامل تھیں ۔
 
 
واضح رہےکہ ایف ایم ڈبلیو اے کی جانب سے یوم آزادی پر خواتین ، لڑکیوں اور بچوں میں تقریباً ایک ہزار ۲۰۰؍ جوڑی چپل اور سینڈل مفت تقسیم کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن خواتین کامجمع دیکھ کر پہلے اس تعدادکو ایک ہزار ۵۰۰؍کیاگیا،بعدازیں مزید دو تین سو جوڑیاں بڑھائی گئیں ۔ مجموعی طور پر تقریباً ۲؍ہزار جوڑی چپل اور سینڈل تقسیم کی گئی ۔  خواتین کی قطار بامبے مرکنٹائل بینک (ناگپاڑہ جنکشن ) سے مولاناآزاد روڈ پر واقع ۲۲؍منزلہ الریان ٹاور تک تھی ۔ایف ایم ڈبلیو اے کے جنرل سیکریٹری اشرف شیخ نے انقلاب کو بتایا کہ ’’یہ ہمارا پہلا تجربہ ہے جو بہت کامیاب رہا ۔ آئندہ سال اس بڑے پیمانے پر پروگرام کیا جائے گا ۔‘‘خاص بات یہ ہے کہ ڈونگری کی ۸۵؍سالہ زیب النساء ناگپاڑہ پر منعقدہ پرچم کشائی کی تقریب میں حصہ لینے آئی تھیں ، انہوں نے بھی یہاں سے چپل حاصل کی ۔ 
 
 
زیب النساء نے انقلاب سے کہا کہ’’ اتنی طویل قطار دیکھ کر میں گھبرا گئی تھی ، میرے لئے لائن میں کھڑے رہنا مشکل تھا لیکن بھلا ہو، یہاں کی خواتین رضاکاروں کا بالخصوص فردوس انصاری کا جو مجھے اپنے ساتھ منتظمین تک لے گئیں ،ان سے درخواست کر کے آسانی سے مجھے چپل دلائی۔مفت چپل تقسیم کرنےوالے خوش رہیں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK