Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایس آئی آر :ریاست میں ۲؍ کروڑ ۷؍ لاکھ ووٹروں نے انومریشن فارم لیا ہی نہیں!

Updated: August 19, 2026, 11:18 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مہاراشٹر میں ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی( ایس آئی آر) کے سروے کے تحت ۲۰۲۴ء کی ووٹرلسٹ میں جن ووٹروں کے نام ہیں انہیں ۱۷؍اگست تک اپنا انومریشن فارم پُر کرنا لازمی تھا۔

The process of distributing and collecting enumeration forms took place from June 30 to August 17. Picture: INN
انومریشن فارم تقسیم اور جمع کرنے کا عمل ۳۰؍ جون سے ۱۷؍ اگست تک ہوا۔ تصویر: آئی این این

مہاراشٹر میں  ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظر ثانی( ایس آئی آر) کے سروے کے تحت ۲۰۲۴ء کی ووٹرلسٹ میں جن ووٹروں کے نام ہیں انہیں ۱۷؍اگست تک اپنا انومریشن فارم پُر کرنا لازمی تھا۔ مہاراشٹر چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سے حاصل کئے گئے اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ انومریشن فارم پُر کرنے کی میعاد ختم ہونے تک ریاست میں ۲؍کروڑ ۷؍لاکھ ووٹروں نے اپنا انومریشن فارم لیا ہی نہیں۔ ان میں ممبئی مضافات ضلع کے ۲۶؍لاکھ ۶۳؍ہزار ووٹر اور ممبئی شہر ضلع کے ۹؍ لاکھ ۵۲؍ ہزار ووٹر شامل ہیں جن کے نام ووٹر لسٹ سے حذف ہو سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: ریلوے میں پینے کے پانی کی کوالیٹی بہتر کرنے کی جانب ٹھوس اقدامات کا دعویٰ

مہاراشٹر کے چیف الیکٹورل آفیسر کے دفتر سےمنگل کو جاری کردہ اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ریاست کے سبھی اسمبلی حلقوں میں مقرر کئے گئے بوتھ لیول آفیسر ( بی ایل او) کے ذریعے گھر گھر جاکر انومریشن فارم۔ ای ایف)تقسیم اور جمع کرنے کا سلسلہ ۳۰؍ جون سے ۱۷؍ اگست تک منعقد کیا گیا۔ اس مدت کے دوران ریاست کے کل۹؍ کروڑ ۷۸؍ لاکھ ووٹروں میں سے۷؍ کروڑ ۷۱؍ لاکھ (یعنی ۷۸ء۸۵؍ فیصد)ووٹروں نے دستخط شدہ انومریشن فارم جمع کرائے۔ باقی ۲؍ کروڑ ۷؍ لاکھ (۲۱ء۱۵؍ فیصد)نے یہ فارم جمع نہیں کرائے جس کے سبب ان ووٹروں کی ’’اَن کلیکٹیبل ای ایف (ناقابل حصول ای ایف)‘‘کے طور پر درجہ بندی کی گئی ہے۔ ناقابل حصول ای ایف کی زمرہ وار تفصیلات اسطرح ہیں :غیر حاضر / نہیں ملا: ۷۵؍ لاکھ ۵۲؍ ہزار (۷ء۷۲؍ فیصد)۔ مستقل طور پرمنتقل: ۷۶؍  لاکھ ۸۰؍ ہزار (۷ء۸۵؍ فیصد)۔ متوفی ووٹروں کی تعداد: ۳۴؍ لاکھ ۸۱؍ ہزار (۳ء۵۶؍ فیصد)۔ پہلے سے ہی کہیں اور اندراج شدہ / ڈپلیکیٹ:۱۷؍ لاکھ ۶۳؍ ہزار (۱ء۸۰؍ فیصد)۔ دیگر: ۲؍لاکھ ۲۳؍ ہزار (۰ء۲۳)۔ کل: ۲؍ کروڑ ۷؍لاکھ ( ۲۱ء۵۱؍فیصد)چیف الیکٹورل آفیسر کی جانب سے مزید کہا گیا ہےکہ ’ نا قابل حصول ای ایف ‘ کے تحت درجہ بندی کرنے والے ووٹروں کی عارضی فہرستیں ۴؍ دن پہلے متعلقہ ضلع کلکٹر کی ویب سائٹ پر شائع کی جاچکی ہیں۔ سیاسی پارٹیوں سے ان کے متعلقہ بوتھ لیول ایجنٹ( بی ایل اے)کے ذریعے معلومات فراہم کرنے کی درخواست کی گئی تھی، ان فہرستوں میں اگر کوئی غلط نام شامل کیا گیا ہے تو وہ اس کی متعلقہ بی ایل او سے اس کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: رے روڈ پربریج سے اسٹیشن تک جانےکاراستہ ندارد

اہم تاریخیں
ڈرافٹ ووٹر لسٹ جاری ہونے کی تاریخ: ۲۴؍ اگست ۲۰۲۶ء
دعوے اور اعتراضات داخل کرنے کی مقررہ مدت: ۲۴؍  اگست سے۲۳؍ ستمبر ۲۰۲۶ء
نوٹس بھیجنے /دعوے اور اعتراضات کے تصفیہ کی مدت: ۲۴؍ اگست سے۲۲؍ اکتوبر۲۰۲۶ء
حتمی ووٹر لسٹ شائع /جاری کرنے کی تاریخ: ۲۷؍ اکتوبر  ۲۰۲۶ء

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK