امتحانات کے نتائج منسوخ، دوبارہ امتحان ہوں گے، گرفتار کئے گئے لوگوں میں ایم پی ایس سی کے ۳؍ اعلی افسران بھی شامل ہیں۔
EPAPER
Updated: August 27, 2026, 1:49 PM IST | Nadeem Asran | Mumbai
امتحانات کے نتائج منسوخ، دوبارہ امتحان ہوں گے، گرفتار کئے گئے لوگوں میں ایم پی ایس سی کے ۳؍ اعلی افسران بھی شامل ہیں۔
ایم پی ایس سی پیپر لیک معاملے میں بدھ کے روز سنسنی خیز موڑ آیا جب ممبئی پولیس نے ایم پی ایس سی کے ۳؍ افسران سمیت کل ۶؍ افراد کو گرفتار کیا۔ دوسری طرف ایم پی ایس سے نے امتحانات کے نتائج کو منسوخ کر دیا یعنی افسران کی بھرتی کے عمل کو روک دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ مارچ میں ایم پی ایس سی کے تحت ایف ڈی اے میں ڈرگ انسپکٹر کے عہدے کیلئے یہ امتحان لیا گیا تھا اور ۴۸۸؍ امیدواروں کو منتخب کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ مہاراشٹر پبلک سروس کمیشن( ایم پی ایس سی) نے ۲۹؍ جولائی ۲۰۲۵ء کو فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن میں ( گروپ بی ) میں ڈرگ انسپکٹر کی بھرتی کیلئے اشتہار جاری کیا تھا ۔ اس بھرتی کیلئے ۴۴؍ ہزار ۵؍ سو امیدواروں نے درخواست دی تھی ۔ ان امیدواروں کا ۲۲؍ مارچ ۲۰۲۶ء کو مہاراشٹر کے ۶؍ ریونیو ڈیویژنل ہیڈکوارٹرس میں آف لائن امتحان لیا گیاتھا اور ۱۲؍ جون کو اس کے نتائج ظاہر کئے گئے تھے ۔ یہی نہیں امتحان میں شریک ہونے والے ہزاروں میں سے ۵۰۶؍ امیدواروں کو انٹرویو کیلئے منتخب کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد یکم جولائی سے ۲۲؍ جولائی کے درمیان انٹر ویو میں شامل ہونے والے ۴۸۸؍ امیدواروں میں سے ۴۸۵؍ کو اہل قرار دیا گیا اور تین کو نا اہل قرار دیا گیا۔ اس پورے عمل کے مکمل ہونے کے بعد اچانک ایم پی ایس سی کو شکایت موصول ہوئی کہ امتحان میں آئے ۲۰۰؍ سوالات میں سے ۹۰ ؍سوالات واٹس ایپ کے ذریعہ امتحان سے دو دن قبل وائرل ہو چکے تھے ۔مذکورہ معاملہ میں این سی پی لیڈر روہت پوار نے بھی شکایت درج کروائی تھی ۔
شکایت موصول ہونے پر ایم پی ایس سی نے دیانتداری اور شفافیت کے تقاضوں کے پیش نظر ممبئی پولیس کمشنر سے آزادانہ جانچ کی درخواست کی ۔ممبئی پولیس کو جانچ کے دوران واٹس ایپ کے ذریعے پیپر لیک ہونے کے سراغ ملے اور امتحان منعقد کرنے کے سلسلہ میں انتہائی بے ضابطگی برتنے کا پتہ چلا۔ پولیس نے ابتدائی جانچ رپورٹ ایم پی ایس سی کوپیش کر دی۔
یہ بھی پڑھئے: انتخابات قریب آتے ہی خواتین کو لبھانے کی کوششیں تیز
۶؍ گرفتاریاں
قابل ذکر بات یہ ہے کہ ممبئی پولیس نے مذکورہ بالا معاملہ کی تفتیش میں پیش رفت کرتے ہوئے ان ۶؍ ملزمین کو گرفتار کیا ہےجو اس پیپر لیک کے ذمہ دار پائے گئے ہیں۔ ان میں ایم پی ایس سی کےاسسٹنٹ سیل آفیسر وشویشور دتارے نکاٹے ، انڈر سیکریٹری گنپت راؤ لینڈوے اور اسسٹنٹ سیل آفیسر گوپال بھٹو مراٹھے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ نندور بار کی کوتیلیا اکیڈمی کے ڈائریکٹر پروین دلیپ پاٹل ، امرت نامدیوپاٹل اور لوکیش عرف گورو راجندر پاٹل کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس نے ان تمام کو عدالت میں پیش کیا۔ عدالت نے انہیں ۲؍ ستمبر تک کیلئے پولیس تحویل میں بھیج دیا ہے۔ وہیں پولیس نے مذکورہ معاملہ میں کئی اور بڑی مچھلیوں کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا ہے اب دیکھنا یہ ہے کہ فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن میں ڈرگ انسپکٹر کی بھرتی کیلئے ہونے والے امتحان میں اور کون اور کتنے ملزمین کو گرفتار کیا جاتا ہے ۔وہیں ایم پی ایس نے اپنے ہی محکمہ کے افسران کے مذکورہ پیپر لیک معاملہ میں پائے جانے پر انتہائی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شفایت ، دیانتداری اور غیر جانبدداری سے جانچ کا حکم دیا ہے اور امتحان کے دوران ہونے والے بے ضابطگی اور بد عنوانی کے سبب مذکورہ بھرتی کے عمل کو منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔