الزام ہے کہ۱۷؍ اگست کو پروفیسر ایگریکلچر کالج میں جوابی کاپیاں جمع کرنے گیاتھا ، وہاں سے اس نے آئندہ امتحانات کے پرچے حاصل کئے۔
EPAPER
Updated: August 24, 2026, 11:41 AM IST | Agency | Raipur
الزام ہے کہ۱۷؍ اگست کو پروفیسر ایگریکلچر کالج میں جوابی کاپیاں جمع کرنے گیاتھا ، وہاں سے اس نے آئندہ امتحانات کے پرچے حاصل کئے۔
رائے پور پولیس نے اندرا گاندھی زرعی یونیورسٹی (آئی جی اے یو) کے بی ایس سی زراعت دوسرے سال، دوسرے سمسٹر کے اینٹومولوجی کے امتحانی پرچے کے لیک ہونے کے معاملے میںمبینہ ماسٹر مائنڈ پروفیسر سمیت ۶؍ افراد کو سنیچر کو گرفتار کرلیا۔ پرچہ۲۰؍ اگست کو ہونے والے امتحان سے قبل لیٖک ہوا تھا، جبکہ دو دیگر ملزمین کی تلاش جاری ہے۔پولیس کے مطابق ۳۸؍ سالہ یوگیش سونکیسریا درگ کے ایگریکلچر کالج میں۲۰۱۹ء سے پروفیسر ہے اور اسے معاملے کا مبینہ ماسٹر مائنڈ بتایا گیا ہے۔ یونیورسٹی کے طریقہ کار کے تحت پروفیسرز متعلقہ کالجوں کیلئے امتحانی پرچے لانے اور امتحان کے بعد جوابی کاپیاں جمع کرانے کے ذمہ دار ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: سابق سفارت کار کو بھی ایس آئی آرکا نوٹس
الزام ہے کہ۱۷؍ اگست کو یوگیش جورا واقع ایگریکلچر کالج میں اپنے کالج کی جوابی کاپیاں جمع کرنے گیا تھا۔ وہاں سے اس نے آئندہ امتحانات کے پرچے حاصل کیے، جن میں اینٹومولوجی کا پرچہ بھی شامل تھا، لیکن اسے کالج میں جمع کرانے کے بجائے گھر لے گیا۔ پولیس اور یونیورسٹی حکام نے اسے سکیورٹی میں بڑی کوتاہی قرار دیا ہے۔پولیس کے مطابق یوگیش نے ایک باریک اینڈوسکوپ کیمرہ خریدا، سیل بند لفافے میں سوئی سے سوراخ کرکے کیمرہ داخل کیا اور تقریباً۱۵؍ سوالات کی تصاویر اور ویڈیو بنالی۔ بعد میں اس نے پرچہ اپنے کالج کے ۳؍ طلبہ کو۱۱؍ ہزار روپے میں فروخت کیا۔ ان میں اجے نائک بھی شامل تھا، جس نے مبینہ طور پر یہ سوالات تریدیو پٹیل، نتن پانڈے، انوج منج اور آدتیہ ساہو تک پہنچائے۔ پولیس نے گرفتار ملزمین کے قبضے سے ۱۱؍ ہزار روپے نقد، چھ موبائل فون، ویڈیو ریکارڈنگ کا آلہ، کیبلز، موبائل کنیکٹر، سوئی، ایک دھار دار آلہ، نوٹ بک اور چپکنے والی ٹیپ سمیت دیگر سامان ضبط کیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس تارکیشور پٹیل نے بتایا کہ۳۶؍ گھنٹے کی مسلسل فیلڈ اور تکنیکی تحقیقات کے بعد پولیس نے پرچے کے لیک ہونے کے ذریعہ اور تمام ملزمین کی شناخت کرلی۔ کارروائی میں کاوردھا، رائے پور، درگ، بلاسپور اور آس پاس کے اضلاع میں پولیس ٹیمیں بھیجی گئی تھیں۔ پرچہ لیٖک ہونے کا معاملہ امتحان کے روز صبح تقریباً ۸؍ بجکر۴۱؍ منٹ پر اس وقت سامنے آیا جب کاوردھا کے ایگریکلچر کالج اینڈ ریسرچ سینٹر کو ای میل کے ذریعے اطلاع ملی۔ اس کے بعد یونیورسٹی حکام نے پولیس سے رجوع کیا اور۱۰؍ بجے سے ایک بجے تک ہونے والا امتحان منسوخ کردیا گیا۔