Inquilab Logo Happiest Places to Work

امریکہ کے بڑے حصے میں کنیڈا کے جنگلات کی آگ کا دھواں پھیل گیا

Updated: July 18, 2026, 10:48 AM IST | Washington

حکام نےعوام سے گھروں کے اندر رہنے کی اپیل کی، فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل نیویارک بھی دھوئیں کی زد میں، آسمان دھند اور دھوئیں سے ڈھکا ہواہے۔

This is what New York City looked like on Thursday due to smog. (AP/PTI)
جمعرات کو دھوئیں کے سبب نیویارک کی یہ حالت رہی ۔ ( اے پی / پی ٹی آئی)

کنیڈا کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے اٹھنے والا دھواں جمعرات کو امریکہ کےمختلف علاقوںمیں پھیل گیا جس کے باعث حد نگاہ نمایاں طور پر کم ہو گئی۔ امریکی حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جہاں تک ممکن ہو گھروں کے اندر رہیں ، تاکہ آلودہ اور مضر ہوا سے خود کو محفوظ رکھ سکیں۔فضائی معیار کی نگرانی کرنے والی کمپنی ’آئی کیو ایئر‘ کے مطابق جمعرات کو ڈیٹرائٹ میں دنیا کے کسی بھی شہر کے مقابلے میں فضائی آلودگی کی سطح سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ ایئر کوالٹی انڈیکس (آئی کیو آئی)۶۰۰ ؍ تک پہنچ گیا جو امریکی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی (ای پی اے)کے مقررہ خطرناک معیار سے تقریباً ۲؍ گنا زیادہ ہے۔وفاقی اعداد و شمار کے مطابق منی سوٹا، مشی گن، شمالی الینوائے، شمالی اوہائیو اور کنیڈا کے صوبے اونٹاریو میں دھوئیں کی مقدار انتہائی خطرناک سطح پر تھی جبکہ منیاپولس، ملواکی اور ٹورنٹو میں بھی فضائی معیار خطرناک درجے پر ریکارڈ کیا گیا۔ منی سوٹا سے لے کر میری لینڈتک مجموعی طور پر۱۰؍ امریکی ریاستوں میں ہوا کا معیار انتہائی خراب رہا۔نیویارک کا آسمان دھند اور دھوئیں سے ڈھکا ہوا تھا اور فضا میں دھوئیں کی تیز بو محسوس کی جا رہی تھی۔ مقامی حکام نے شہریوں سے غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلنے کی اپیل کی جبکہ دل اور پھیپھڑوں کے امراض میں مبتلا افراد، حاملہ خواتین اور بزرگوں کو خاص طور پر گھروں کے اندر رہنے کا مشورہ دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا دعویٰ: چین نے۲۰۲۰ء میں ۲۲ کروڑ ووٹرز کا ڈیٹا چرایا، خفیہ دستاویز عوامی کریں گے؛ چین کی تردید

واضح رہےکہ نیویارک میں یہ صورتحال اتوار کو ہونے والے فیفا ورلڈ کپ فائنل سے قبل پیدا ہوئی ہے۔ یہ فائنل قریبی ریاست ’نیو جرسی‘ میں کھیلا جائے گا جہاں۸۰؍ ہزار سے زائد شائقین کی آمد متوقع ہے۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق جمعرات کی صبح تک پورے کنیڈا میں جنگلات کی آگ کے ۸۵۸؍ واقعات ہوئے جن میں سےخبر لکھے جانے تک ۱۱۱؍ پر قابو نہیں پایا جا سکا تھا۔ کنیڈا میں جنگلات کی آگ لگنے  کے نتیجے میں اب تک تقریباً ۲۴؍ لاکھ ہیکٹر(۵۹؍ لاکھ ایکڑ) رقبہ جل کر تباہ ہو چکا ہے۔

ماحولیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی درجۂ حرارت میں مسلسل اضافے کے باعث دنیا بھر میں جنگلات کی آگ کے واقعات اور ان کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ ایسی آگ سے پیدا ہونے والا دھواں عام فضائی آلودگی کے مقابلے میں کہیں زیادہ زہریلا ہوتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK