Inquilab Logo

کشمیر، لداخ ، ہماچل اور اتراکھنڈ میں برف باری

Updated: February 05, 2024, 11:57 AM IST | Agency | Srinagar / Shimla / Dehradun

معمولات زندگی متاثر ، سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر تمام پروازیں منسوخ ، ہماچل میں بجلی کا بحران ، گھروں میں اندھیرا۔

Snowfall In Srinagar. Photo: PTI
سری نگر میں برف باری۔ تصویر: پی ٹی آئی

کشمیر، لداخ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں برف باری سےنظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اتوار کو وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھاری برف باری جبکہ سری نگر سمیت میدانی علاقوں میں درمیانی درجے کی برف باری سے معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے۔ وادی میں میں تازہ برف باری سے جہاں ایک طرف رواں سیزن کے دوران پہلی بار ہوائی خدمات ٹھپ ہوگئیں جبکہ میدانی علاقوں میں نقل وحمل کے راستے بندہوگئے۔ متعلقہ حکام کے مطابق خراب موسم کے پیش نظر سری نگر بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اتوار کو تمام پروازیں منسوخ کر دی گئیں  جبکہ وادی کے پہاڑی علاقوں کو اپنے اپنے ضلع صدر مقامات سے جوڑنے والی سڑکوں پر بھی برف جمع ہونے کی وجہ سے نقل و حمل میں دشواری ہورہی ہے۔ 
وادی میں سنیچر کی صبح ہی سے رک رک کر برف باری کا سلسلہ جاری ہے اور جب اتوار کی صبح لوگ گھروں سے باہر نکلے توہر حصہ برف کی سفید چادر میں لپٹا ہوا تھا۔ سری نگر میں جہاں ایک طرف رواں سیزن کے دوران پہلی بڑے پیمانے کی برف باری ریکارڈ کی گئی وہیں دوسری طرف وادی کے ضلع صدر مقامات میں اس سیزن کے دوران پہلی بار سڑکوں پر ٹریفک کی نقل و حمل متاثر ہوگئی۔ ادھر سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے اہلکاروں اور مشینری کو کام پر لگا دیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق وادی میں آج ( پیر کو) مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ بالائی علاقوں میں کہیں کہیں ہلکی برف باری کا امکان ہے۔ وادی میں ۶؍ سے ۱۳؍فروری تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے سڑکوں پر برف جمع ہونے کے پیش نظر مسافروں سے کہا کہ وہ ٹریفک پولیس کی ہدایات کے مطابق سفر کا منصوبہ بنائیں۔ لداخ میں بھی کم وبیش یہی صورتحال ہے۔ ہر طرف بر ف ہی بر ف ہے۔ یہاں  بھی عوام کو دوران سفر احتیاط سے کام لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 
ادھر ہماچل پردیش کے بالائی علاقوں میں سنیچر سے برف باری جاری رہی۔ شملہ میں بھی ہلکی برف باری ریکارڈ کی گئی۔ رج گراؤنڈ اور مال روڈ پر موجود سیاح برف کے تودے گرتے دیکھ کر خوش ہو گئے۔ دوسری جانب گزشتہ چند روز سے ہونے والی بارش اور برف باری سے بھی مشکلات کم نہیں ہوئی ہیں۔ ریاست میں بہت سی قومی شاہراہیں اور سڑکیں بند کر دی گئی ہیں۔ شملہ، کلو اور لاہول اسپتی میں زیادہ تر سڑکیں بند ہیں۔ ریاست میں ایک کے قریب پاور ٹرانسفارمر بھی ٹھپ پڑے ہیں۔ چمبا، منڈی، شملہ اور کلّو اضلاع کے کئی حصےبجلی سے محروم ہیں  ۔ شدید سردی کے درمیان بجلی بند ہونے سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مقامی افراد اور سیاحوں کو ریاست میں برف باری کے دوران وادی میں سفر کے دوران محتاط رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ انتظامیہ نے انہیں محفوظ مقامات پر رہنے کی درخواست کی ہے اور تمام ہوٹلوں اور ہوم اسٹے مالکان سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ اپنے مہمانوں کو بھی ایسا کرنے کا مشورہ دیں۔ 
سیاحتی مقام شملہ اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں اتوار ہی صبح سے ہی مطلع ابر آلود رہا اور وقفے وقفے سے بارش اور برف باری ہوتی رہی۔ برف باری کے ساتھ مسلسل بارش کی وجہ سے برف پگھلتی رہی۔ اسی دوران اتراکھنڈ میں برف باری ہوئی۔ محکمۂ موسمیات نے اتوار کو اتراکھنڈ کے ۴؍ اضلاع اور پڑوسی ریاست ہماچل پردیش کے شملہ اور کنور میں اگلے۲۴؍ گھنٹوں کے اندر برفانی تودے گرنے کی پیش گوئی کی ہے۔ اس کے بعد ان مقامات پر الرٹ جاری کر دیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے۲۴؍ گھنٹوں میں اتراکھنڈ کے چمولی، پتھورا گڑھ، رودرپریاگ اور اترکاشی اضلاع اور ہماچل پردیش کے کنور اور شملہ میں ہلکے سے خطرناک برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔ اس اطلاع کے بعد ریلیف فورسیز کے ساتھ ہی عوام کو مذکورہ علاقوں میں محفوظ مقامات پر رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK