جنوبی کوریا کے مقامی انتخابات سے قبل ۵۰۰؍سے زائد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے، جبکہ انتخاب ۳؍ جون کو ہوں گے۔
EPAPER
Updated: May 16, 2026, 9:02 PM IST | Seoul
جنوبی کوریا کے مقامی انتخابات سے قبل ۵۰۰؍سے زائد امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے، جبکہ انتخاب ۳؍ جون کو ہوں گے۔
جنوبی کوریا کی مقامی میڈیا نے سنیچر کو ملک کے الیکشن واچ ڈاگ کا حوالہ دیتے ہوئےخبر دی کہ۳؍ جون کے مقامی انتخابات سے قبل اپنے حلقوں میں بلامقابلہ انتخاب لڑنے کے بعد مجموعی طور پر۵۱۳؍ امیدوار بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔نیوز ایجنسی یونہاپ کے مطابق، نیشنل الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلامقابلہ یا امیدواروں کی ناکافی تعداد کی وجہ سے۳۰۷؍ انتخابی حلقوں میں ووٹ نہیں ڈالے جائیں گے۔ واضح رہے کہ بلاووٹ منتخب ہونے والوں میں تین مقامی حکومتی سربراہ شامل ہیں، گوانگجو کے ضلع سیو کے سربراہ کم آئی-گینگ،گوانگجو کے ضلع نیم کے چیف کم بیونگ نائے، اور سیول کے بالکل جنوب میں واقع شہر سیہنگ کے میئر لِم بیونگ ٹیک، یہ تینوں حکمران جماعت ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔
یاد رہے کہ گوانگجو کو طویل عرصے سے ڈیموکریٹک پارٹی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے، جبکہ سیہنگ میں، مرکزی حزبِ اختلاف پیپل پاور پارٹی نے ممکنہ امیدواروں کی کمی کا حوالہ دیتے ہوئے کوئی امیدوار نہیں اتارا۔جبکہ باقی۵۱۰؍ بلامقابلہ کامیاب امیدوار مختلف اضلاع کے مقامی کونسل کے اراکین ہیں۔کمیشن کے مطابق، دو روزہ نامزدگی کی مدت کے دوران جون کے انتخابات کے لیے۷۸۲۹؍ امیدواروں نےاندراج کرایا۔ جبکہ آنے والاانتخاب ۱۶؍ میٹروپولیٹن شہروں اور صوبوں میں کلیدی مقامی سربراہی عہدوں کے ساتھ تعلیمی سپرنٹنڈنٹس اور قومی اسمبلی کی۱۴؍ خالی نشستوں کا تعین کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: امریکہ چین کا تعلقات میں استحکام اور تعاون پر اتفاق
ذہن نشین رہے کہ بلا مقابلہ انتخاب کوئی علاحدہ واقعہ نہیں ہے، بیشتر جمہوری ملکوں میں اس قسم کے اتنخابات میں امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوتے آئے ہیں، جس میں مختلف پارٹیوں کا غیر اعلان شدہ سمجھوتہ ایک کلیدی حیثیت رکھتا ہے، اس کے علاوہ اندراج کے آخری اوقات میں امیدواروں کے پرچہ نامزدگی میں خامیاں انہیں انتخاب لڑنے کیلئے نااہل قرار دے دیتی ہیں، اس کے علاوہ پارٹیاں لائق امیدواروں کا حیلہ کرکے بھی کئی سیٹوں پر امیدوار نہیں کھڑا کرتی ہیں، یا وہ کسی حلقے کواتنی اہمیت نہیں دیتی ہیں، جس کی وجہ سے وہاں اس پارٹی کا کوئی امیدوار نہیں ہوتا، انہیں سب وجوہات کی بنا پر مقابل امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوجا تا ہے، جو ایک عام سی بات ہے۔ تاہم جنوبی کوریا میں اس بڑی تعداد میں امیدواروں کا بلا مقابلہ منتخب ہونا ، جمہوری عمل میں عوامی شرکت کے تعلق سے خدشات پیدا کرتا ہے۔