Inquilab Logo Happiest Places to Work

یورپ، فلسطین میں نسل کشی روکنے میں ناکام: ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز

Updated: July 10, 2025, 10:02 PM IST | Oviedo

ہسپانوی وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے بدھ کو اسرائیل پر فلسطین میں نسل کشی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یورپ اسے روکنے کیلئےخاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا۔

Spanish Prime Minister Pedro Sanchez. Photo: INN.
ہسپانوی وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز۔ تصویر: آئی این این۔

ہسپانوی وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز نے بدھ کو اسرائیل پر فلسطین میں نسل کشی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ یورپ اسے روکنے کیلئےخاطر خواہ اقدامات نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا:’’کوئی بھی ملک جو یورپی یونین کے بانی اصولوں کو پامال کرے یا جو کسی جائز ریاست کو مٹانےکیلئے بھوک اور جنگ کو بطور ہتھیار استعمال کرے وہ یورپی یونین کا شراکت دار نہیں ہو سکتا۔ ‘‘ہسپانوی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے سانچیز نے اسرائیلی وزیرِاعظم بنجامن نیتن یاہو کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان کے اقدامات کو ’’۲۱؍ ویں صدی کے سیاہ ترین ابواب میں سے ایک ‘‘کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: حماس نے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں یرغمالوں کی جزوی رہائی پر رضامندی ظاہر کی

ہسپانوی وزیرِاعظمنے مزید کہا:’’وہ ہولناک مناظر جن میں بچے ملبے کے نیچے اپنے خاندانوں کو تلاش کر رہے ہیں، یا خیموں میں بھوک سے مر رہے ہیں یہ مناظر نہ صرف ہمیں جھنجھوڑنے اور شرمندہ کرنے کیلئے کافی ہیں، بلکہ عالمی برادری، بالخصوص یورپ کو عملی اقدام پر مجبور کرتے ہیں۔ ‘‘سانچیز نے بتایا کہ اسپین اور آئرلینڈ نے فروری۲۰۲۴ء میں یورپی یونین سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اسرائیل کے یورپی یونین کے ساتھ اسوسی ایشن معاہدے کی پاسداری کا جائزہ لے۔ انہوں نے کہا:’’ہمیں اس تجزیے کیلئےسخت دباؤ ڈالنا پڑا۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: یورپ میں گرمی کی لہر سے ۲۳۰۰؍ اموات: رپورٹ

سانچیز کے مطابق یورپی یونین کے خصوصی نمائندے نے ۲۳؍ جون کو یورپی وزرائے خارجہ کو رپورٹ پیش کی جس میں یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ اس بات کے کافی شواہد موجود ہیں کہ اسرائیل نے اس معاہدے کے آرٹیکل ۲؍ کی خلاف ورزی کی ہے، جو انسانی حقوق کے احترام کو باہمی تعاون سے منسلک کرتا ہے۔ یورپی یونین نے تاحال اسرائیل کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی، تاہم، سانچیز نے کہا کہ اسپین اس معاہدے کی فوری معطلی کیلئے زور دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا:’’جس بات پر ہم (روسی صدر ولادیمیر پوتن کو یوکرین میں تنقید کا نشانہ بناتے ہیں، وہی بات ہم نیتن یاہو کو فلسطین میں کرنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔ ‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK