ضلع انتظامیہ نے ہیٹ اسٹروک کا شکار افراد کیلئے سرکاری اسپتالوں میں ۱۳۷؍ بیڈ مختص کئے ، ہدایات جاری۔
EPAPER
Updated: April 17, 2026, 12:42 PM IST | Ali Imran | Mumbai
ضلع انتظامیہ نے ہیٹ اسٹروک کا شکار افراد کیلئے سرکاری اسپتالوں میں ۱۳۷؍ بیڈ مختص کئے ، ہدایات جاری۔
مہاراشٹر کے کئی اضلاع میں گرمی کی لہر جاری ہے۔ اس دوران بدھ کو اکولہ میں ہیٹ اسٹروک سے ایک شخص کی موت کے بعد ضلع انتظامیہ مستعد ہو گیا ہے۔ اس پس منظر میں ضلع کلکٹر ورشا مینا نے ہیٹ اسٹروک ( لو لگنے)سے متعلق کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا اور انتظامیہ کو ہدایت دی کہ تمام اسپتالوں اور طبی نظام کو درست رکھا جائے۔ اس موقع پر ریذیڈنٹ ڈپٹی کلکٹر گجیندر مالتھانے، ڈسٹرکٹ سرجن ڈاکٹر آرتی پھولوال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر بلی رام گاڑھوے، گورنمنٹ میڈیکل کالج کے ڈین ڈاکٹر سنجے سونائونے وغیرہ موجود تھے۔
محکمۂ صحت کے ہر ادارے میں ہیٹ اسٹروک وارڈ قائم کیا گیا ہے۔ ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اسپتال، دیہی اسپتال اور بنیادی ہیلتھ سینٹر میں ۱۳۷ بیڈ مختص کئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ ضلع کلکٹر نے او آر ایس اور ادویات کا مناسب ذخیرہ رکھنے، شہریوں میں ہیٹ اسٹروک سے چوکنا رہنے کے بارے میں بیداری پیدا کرنے، دیہی علاقوں میں اوآر ایس فراہم کرنے، ہورڈنگس، آڈیو ویژول ٹیپ کے ذریعے شہریوں میں بیداری پیدا کرنےکی ہدایت دی ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے میں اہلکاروں کو این جی اوز سے مدد لینے کیلئے کہا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: گڑھے میں ڈوب کر ۴؍ کم سن بچوں کی موت
اس کے علاوہ ضلع انتظامیہ نے فیکٹری مالکان کو ملازمین کیلئے پینے کا پانی، کولر وغیرہ مہیا کرنے اور زیادہ دیر تک دھوپ میں کام کرنے سے گریز کرنے، فیکٹریوں کے بوائلر رومز میں کام کرنے سے گریز کرنے کی لوگوں سے اپیل کی ہے۔ ۵؍ سال سے کم عمر کے بچوں، ۶۵ سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریوں، حاملہ خواتین اور شدید بیماریوں میں مبتلا افراد سے بھی خصوصی خیال رکھنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کیلئے اسکارف یا چھتری کا استعمال کرنے، ہلکے رنگ کے سوتی کپڑے پہننے، پانی وافر مقدار میں پینے، اسی طرح چھاچھ، لیموں پانی، ناریل پانی استعمال کرنے، دوپہر ۱۲ ؍سے ۴ ؍بجے کے درمیان دھوپ میں باہر جانے، دھوپ میں ننگے پیر چلنے سے منع کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی چھوٹے بچوں کو بند گاڑی میں نہ چھوڑنے ، شراب، چائے، کافی، کاربونیٹیڈ مشروبات سے پرہیز کرنے کی اپیل عوام سے کی گئی ہے۔