کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم کا کہنا ہے کہ جابز اس تخلیقی اور آگے کی سوچ رکھنے والے جذبے کی نمائندگی کرتے ہیں جو کیلیفورنیا کی پہچان ہے۔
EPAPER
Updated: October 17, 2025, 8:59 PM IST | Washington
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم کا کہنا ہے کہ جابز اس تخلیقی اور آگے کی سوچ رکھنے والے جذبے کی نمائندگی کرتے ہیں جو کیلیفورنیا کی پہچان ہے۔
امریکی مِنٹ کی ۲۰۲۶ء کی ’امریکہ انوویشن سیریز‘ کے تحت، ایپل کے شریک بانی اور سابق سی ای او اسٹیو جابز کو خراج پیش کرنے کیلئے ایک ڈالر کا یادگاری سکہ جاری کیا جائے گا۔ جابز کی تصویر والا یہ سکہ امریکہ کی مغربی ریاست کیلیفورنیا کی نمائندگی کرے گا جہاں انہوں نے ایپل کو قائم کیا اور ریاست میں ٹیکنالوجی کی صنعت کو ترقی کی نئی بلندیوں پر پہنچایا۔
اس سکے کے درمیانی حصے میں جابز کو کیلیفورنیا کی بلوط کے درختوں سے بھری پہاڑیوں کے پس منظر میں آلتی پالتی مار کر بیٹھے ہوئے دکھایا جائے گا۔ اس تصویر کے اطراف ”Make something wonderful“ (کچھ شاندار بناؤ) کا جملہ کندہ ہوگا۔ امریکی مِنٹ کے مطابق، یہ ڈیزائن اس بات کی علامت ہے کہ کس طرح جابز نے پیچیدہ ٹیکنالوجی کو سادہ، خوبصورت مصنوعات میں تبدیل کر دیا جنہوں نے روزمرہ کی زندگی کو بدل کر رکھ دیا۔
یہ بھی پڑھئے: اسرائیل کیلئے کمپنی کی حمایت کو بےنقاب کرنے پر امیزون کا فلسطینی ملازم برطرف
واضح رہے کہ ’امریکہ انوویشن سیریز‘ ۲۰۱۸ء میں شروع کی گئی تھی۔ اس کے ذریعے ہر امریکی ریاست کے موجدوں اور علمبرداروں کو خراج پیش کیا جاتا ہے۔ ۲۰۲۶ء کیلئے کیلیفورنیا نے اسٹیو جابز جبکہ وسکونسن نے کری-ون سپر کمپیوٹر، آئیووا نے سائنس دان نارمن بورلاگ اور مینیسوٹا نے موبائل ریفریجریشن کا انتخاب کیا ہے۔
جابز کا سفر ٹیکنالوجی کے میدان کی ایک کلاسک کہانی ہے۔ شامی والد کے ہاں پیدا ہونے والے جابز پیدائش کے فوراً بعد گود لئے گئے تھے۔ انہوں نے اسٹیو ووزنیاک کے ساتھ ایک گیراج میں ایپل کمپنی کی بنیاد رکھی جس نے آگے چل کر پرسنل کمپیوٹنگ کی دنیا میں انقلاب برپا کیا۔ اگرچہ وہ ایک بار کمپنی سے نکال دیئے گئے تھے لیکن ایک دہائی بعد وہ ایپل میں واپس آئے اور اسے دنیا کی سب سے بڑی اور سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ٹیک کمپنی میں تبدیل کر دیا۔ ایپل میں دوبارہ شامل ہونے سے پہلے انہوں نے پکسار اینیمیشن اسٹوڈیوز کی بنیاد رکھی جو اینیمیٹڈ فلموں کیلئے شہرت رکھتا ہے۔
کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزم نے جابز کو ’امریکہ انوویشن سیریز‘ ۲۰۲۶ء کیلئے نامزد کیا تھا۔ ان کا کہنا ہے کہ جابز اس تخلیقی اور آگے کی سوچ رکھنے والے جذبے کی نمائندگی کرتے ہیں جو کیلیفورنیا کی پہچان ہے۔