دوپہر سے پہلے خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور روپے میں بڑی گراوٹ کے باعث ایک وقت سینسیکس ۱۲۳۷؍پوائنٹس تک گر گیا تھا۔
EPAPER
Updated: May 01, 2026, 11:54 AM IST | Mumbai
دوپہر سے پہلے خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور روپے میں بڑی گراوٹ کے باعث ایک وقت سینسیکس ۱۲۳۷؍پوائنٹس تک گر گیا تھا۔
گھریلو شیئر بازاروں میں جمعرات کو فروخت کا دباؤ غالب رہا اور بی ایس ای کاسینسیکس۵۸۲ء۸۶؍پوائنٹس (۰ء۷۵؍فیصد) گر کر۷۶۹۱۳ء۵۰؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ بازار شروع ہی سے دباؤ میں تھا۔ دوپہر سے پہلے خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور روپے میں بڑی گراوٹ کے باعث ایک وقت سینسیکس ۱۲۳۷؍پوائنٹس تک گر گیا تھا لیکن بعد میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی آئی اور روپے کی گراوٹ بھی کافی حد تک کم ہو گئی۔
بازار میں آئی ٹی اور فارما سیکٹرز میں سرمایہ کاروں کا اعتماد واپس آیا جس سے اہم اشاریوں نے کچھ حد تک بحالی کی اور آخر میں سینسیکس تقریباً۵۸۳؍ پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔
یہ بھی پڑھئے: ’’زیورات کی طلب کم ، سونے میں سرمایہ کاری کی مانگ زیادہ ہے‘‘
نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-۵۰؍ انڈیکس بھی۱۸۰ء۱۰؍ پوائنٹس گر کر۲۳۹۹۷ء۵۵؍ پوائنٹس پر بند ہوا۔ درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں بھی فروخت دیکھی گئی۔ وسیع بازار میں نفٹی مڈ کیپ-۵۰؍ انڈیکس۰ء۸۶؍ فیصد اور اسمال کیپ-۱۰۰؍ انڈیکس۰ء۹۸؍فیصد نیچے آ گیا۔
آئی ٹی اور فارما سیکٹرز دوپہر کے بعد سبز نشان میں واپس آ گئے جبکہ دیگر شعبوں میں گراوٹ رہی۔ دھات، بینکنگ، ریئلٹی، مالیاتی خدمات اور ایف ایم سی جی سیکٹرز پر زیادہ دباؤ دیکھا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہند-نیوزی لینڈ ایف ٹی اے، سرمایہ کاری اور مشترکہ تجارت کو فروغ دے گا : جے شنکر
سینسیکس کی کمپنیوں میں ایٹرنل کا شیئر تقریباً۳؍ فیصد گر گیا۔ ہندوستان یونی لیور کا شیئر ڈھائی فیصد جبکہ ٹاٹا اسٹیل اور ایل اینڈ ٹی کے شیئرز ۲؍ فیصد سے زیادہ گر گئے۔ ٹرینٹ، الٹراٹیک سیمنٹ، مہندرا اینڈ مہندرا، اسٹیٹ بینک آف انڈیا، ایکسس بینک، بی ای ایل، آئی سی آئی سی آئی بینک اور ٹائٹن کے شیئرز ایک سے۲؍ فیصد تک نیچے آئے۔ بجاج فنسرو، انڈیگو، ایچ ڈی ایف سی بینک، پاور گرڈ، این ٹی پی سی اور آئی ٹی سی کے شیئرز بھی کمی کے ساتھ بند ہوئے۔ سن فارما کا شیئر ڈیڑھ فیصد اور انفوسس کا ایک فیصد سے زیادہ مضبوط ہوا۔ اڈانی پورٹس، ٹیک مہندرا، بجاج فائنانس، کوٹک مہندرا بینک، ماروتی سوزوکی اور ریلائنس انڈسٹریز کے شیئرز بھی اضافے کے ساتھ بند ہوئے۔