پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے بدنام زمانہ ریٖل اسٹار سریندر پاٹل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی اس کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ملزم سریندر پاٹل۔ تصویر:آئی این این
پولیس نے ایک بڑی کارروائی انجام دیتے ہوئے سوشل میڈیا کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے بدنام زمانہ ریٖل اسٹار سریندر پاٹل کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کی اس کارروائی کے دوران ملزم کے قبضے سے بڑی مقدار میں غیر قانونی اسلحہ برآمد ہوا ہے جس کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
پولیس کے مطابق تفتیش کے دوران یہ حیران کن انکشاف ہوا کہ ملزم نے یہ مہلک ہتھیار نہایت چالاکی کے ساتھ اپنے گھر میں موجود جوتوں کے اسٹینڈ میں چھپا کر رکھے تھے تاکہ کسی کو اس کی بھنک تک نہ لگ سکے۔اس غیر قانونی اسلحہ کی برآمدگی کے بعد پولیس نے معاملے کی مزید چھان بین شروع کر دی ہےاور یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ اس اسلحہ کا استعمال کہاں اور کس مقصد کے لئے کیا جانا تھا۔
تفصیلات کے مطابق کلیان کرائم برانچ کو اطلاع ملی تھی کہ داوڑی علاقے میں مقیم سریندر پاٹل اپنے گھر میں غیر قانونی اسلحہ چھپائے ہوئے ہے۔ اس اطلاع پر کرائم برانچ کے سینئر پولیس انسپکٹر اجیت شندے کی سربراہی میں پولیس افسر سرجی راؤ پاٹل اور ان کی ٹیم نے علی الصباح ملزم کے گھر پر اچانک چھاپہ مارا۔ تلاشی کے دوران پولیس نے ۷ ؍پستول، ۳۷۱ ؍زندہ کارتوس، متعدد تلواریں اور چاقو برآمد کئے۔ ملزم کو فوری طور پر حراست میں لے کر کلیان عدالت میں پیش کیا گیا جہاں سے اسے ۴؍ دن کے پولیس ریمانڈ پر بھیج دیا گیا۔
سریندر پاٹل انسٹاگرام پر اپنی ویڈیوز کے باعث لاکھوں فالوورز رکھتا ہے تاہم اس کی شہرت کا رنگ ہمیشہ سے مشکوک رہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم پہلے بھی کئی سنگین مقدمات میں ملوث رہا ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے پولیس اسٹیشن میں انسپکٹر کی کرسی پر بیٹھ کر ویڈیو بنائی اور انسٹاگرام کے ذریعے خواتین سے دوستی کر کے ان کے ساتھ زیادتی کی۔ محض ۱۵؍ دن قبل ہی وہ جیل سے رہا ہو کر باہر آیا تھا کہ دوبارہ اسلحہ رکھنے کے جرم میں دھر لیا گیا۔پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم کے خلاف مان پاڑہ پولیس اسٹیشن میں ۸؍ سنگین مقدمات درج ہیں۔اس واقعہ کے بعد سوشل میڈیا پر جرائم پیشہ افراد کی بڑھتی ہوئی مقبولیت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔