Inquilab Logo Happiest Places to Work

طلبہ اورنوجوانوں نے حکومت کوگھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا :ملی تنظیموں کے ذمہ داران

Updated: July 26, 2026, 12:05 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ملی تنظیموں نے یہ بھی کہا کہ نوجوانوں نے مودی حکومت کواپنی طاقت کا احساس ہی نہیں کرایا یہ بھی ثابت کردیا کہ جواب دہی طے کرنی ہوگی۔

Protest.Photo:INN
احتجاج۔ تصویر:آئی این این
مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے پر ملی تنظیموں نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے طلبہ کی بڑی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ اور نوجوانوں نے اپنی زبردست طاقت کا حکومت کو احساس کرادیا اور یہ بتادیا کہ جواب دہی طے کرنی ہوگی۔جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ ’’ یہ طلبہ کی بڑی کامیابی ہے ۔ انہوں نےاپنی جد وجہد سے مرکزی وزیرتعلیم کواستعفیٰ دینے پرمجبور کردیا۔اس سے یہ بھی اندازہ ہورہا ہے کہ اب یہ حکومت زیادہ دنوں تک نہیںرہے گی اور من مانی بھی نہیں کرسکے گی ۔‘‘ 
 
 
آل انڈیا علماء کونسل کے جنرل سیکریٹری مولانا محمودخان دریابادی نےکہا کہ ’’ غرور کا سر نیچا ، ہٹ دھرمی کی علامت بننے والی حکومت کو طلبہ اورنوجوانوں نے گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیا ، یہ ان کی شاندار اورتاریخی کامیابی ہے۔ ‘‘جماعتِ اسلامی ممبئی کےامیر ہمایوں شیخ نے کہا کہ ’’ دھرمیندر پردھان نے استعفیٰ تودیا مگر کافی دیر کردی اوروہ بھی نوجوانوں کے مجبور کرنےپر مستعفی ہوئے۔ حقیقت یہ ہے کہ نوجوانوں نے حکومت کو اپنی طاقت کا احساس کرادیا اوریہ بتادیا کہ جمہوری نظام میں طلبہ کے مستقبل سے کھلواڑ کرنے والوں کی جواب دہی طے کرنی ہوگی۔ اس کےعلاوہ عوام کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کی بقاء اورآئین کے تحفظ کے لئےکمربستہ رہیں اور حکومت کو من مانی کرنے سے روکیں ۔‘‘
مولانا عبدالجلیل انصاری (جمعیت اہل حدیث) نے کہاکہ ’’ دھرمیندر پردھان نے اگر پہلے ہی اپنی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دے دیا ہوتا تو شایدکئی طلبہ کی قیمتی جانیں بچ جاتیں۔ بہرحال طلبہ نے بھی ٹھان لیا تھا کہ وہ حکومت کوجھکاکر رہیںگے ا ور اسے سچ کر دکھایا۔ حکومت کویاد رکھناچاہئے کہ جمہوری نظام میںہٹ دھرمی نہیںعوام کی رائے کا احترام کیا جاتا ہے۔‘‘ 
رضااکیڈمی کےسربراہ محمدسعید نوری نے کہاکہ ’’طلبہ اور نوجوانوں نے اپنے اتحاد اور جدوجہد سے ایسی روشن مثال قائم کی ہے جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اسی طرح اگر دیگر مسائل پر بھی متحدہوکرآواز بلندکی جائے تو حکومت کو من مانی کرنے سے روکا جاسکتا ہے ۔‘‘
 
 
علماء بورڈ کے صدر مولانا نوشاد احمد صدیقی نے کہاکہ ’’ یہ ہزاروں نوجوانوں کی کامیابی ہے، انہوں نے اس حکومت کوجھکنے پرمجبور کیا ہے جس نے یہ طے کیاتھا کہ اس میںاستعفے نہیںہوتے خواہ کچھ بھی ہوجائے ۔ لیکن ابھی محض استعفے تک یہ معاملہ محدود نہیںہے، دیگر مطالبات پرفوری توجہ دینے اورانہیںمنظور کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ نوجوان جو ملک کامستقبل ہیں، ان سے کوئی کھلواڑ کرنے کی جرأت نہ کرسکے ۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK