چوتھی جماعت کے مراٹھی کےپرچہ میںطلبہ کو دوسرے صفحے کے فوراً بعد پانچواں صفحہ، چھٹے کے بعد تیسرا صفحہ ملا ۔ ترتیب ا لٹی ہونے سےسوالات حل کرنےمیں دقتوں کاسامناکرناپڑا۔
اسکالرشپ امتحان میں شریک ہونے والے طلبہ اور ان کے والدین۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹر اسٹیٹ ایگزامینیشن کونسل( ایم ایس ای سی ) کی جانب سے اتوار ۲۶؍اپریل کومنعقدہ چوتھی جماعت کے مراٹھی کے سوالیہ پرچے میں سنگین تکنیکی غلطی ہونے سے ممبئی کے کچھ علاقو ں میں طلبہ کو دشواری ہوئی ۔ سوالیہ پرچہ کے صفحات غلط ترتیب سے منسلک ہونے کی وجہ سے امتحان کے دوران طلبہ کو سوالات سمجھنے میں مشکل پیش آئی۔ واضح رہے کہ ایم ایس سی ای کے اسکالرشپ امتحان کیلئے چہارم جماعت کے ۶؍ لاکھ ۹۴؍ہزار ۵۹۷؍ طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا ۔ ان میں سے ۶؍لاکھ ۵۷؍ ہزار ۷۷؍ طلبہ نے امتحان میں شرکت کی ۔ ۳۷؍ہزار ۵۲۰؍ طلبہ غیر حاضر رہے جبکہ ساتویں جماعت کیلئے ۴؍لاکھ ۶۲؍ہزار ۱۳۸؍ طلبہ نے رجسٹریشن کرایا تھا۔ ان میں سے ۴؍لاکھ ۳۳؍ہزار ۸۵۷؍ طلبہ نے امتحا ن دیا اور ۲۸؍ہزار ۲۸۱؍ طلبہ غیر حاضر رہے۔
وکھرولی، گھاٹکوپر، گوونڈی اور مانخورد کے علاقوں کے کچھ اسکولوں میں چوتھی کے مراٹھی کے سوالیہ پرچے کے صفحات کی بے ترتیبی سے طلبہ کو پریشانی ہوئی۔ طلبہ کو دوسرے صفحے کے فوراً بعد پانچواں صفحہ، چھٹے کے بعد تیسرا اور چوتھا صفحہ اور چوتھے صفحے سے پہلے ساتواں صفحہ الٹی ترتیب میں ملا۔گوونڈی کے ایک معلم کے مطابق’’ اس بےتیبی سےمتعلق متعدد طلبہ نے سپروائزروں سے شکایت کی لیکن چونکہ امتحانی کونسل کے ذریعہ ہی سوالیہ پرچے بھیجے گئے تھے اس لئے مرکزی سطح پر فوری کارروائی ممکن نہیں تھی ۔‘‘
’’مردم شماری کیلئے وسیع پیمانے پر تشہیر کریں‘‘
ایڈیشنل میونسپل کمشنر (مغربی مضافات) اور ممبئی میں مردم شماری کے ایڈیشنل پرنسپل آفیسر ڈاکٹر وپن شرما نے پیر کو متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ مردم شماری ۲۰۲۷ء کے سروے سے متعلق عام شہریوں میں بیداری لانے اور اس میں ان کی شرکت بڑھانے کیلئے وسیع پیمانے پر تشہیر کی جانی چاہئے۔انہوں نے اہم، بااثر افراد، بالی ووڈ کی مشہور شخصیات اور کھلاڑیوں وغیرہ کے ذریعے عوام سے مردم شماری میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کی اپیل کروانے کی بھی ضرورت پر زور دیا۔ڈاکٹر وپن شرما نے پیر کو بائیکلہ میں واقع رانی باغ (ویرماتا جیجا بائی بھوسلے بوٹنیکل گارڈن اور چڑیا گھر ) میں پینگوئن روم کے کانفرنس ہال میں منعقدہ ورکشاپ سے خطاب کر تے ہوئے یہ باتیں کہیں۔واضح رہے کہ مردم شماری کا پہلا مرحلہ ممبئی میں یکم مئی سے۱۵؍مئی۲۰۲۶ءتک منعقد کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ مکانات کی فہرست اور گھریلو مردم شماری۱۶؍مئی سے۱۴؍جون ۲۰۲۶ءتک ہوگی۔
اس میٹنگ میں ایڈیشنل میونسپل کمشنر (شہر) ڈاکٹر اشونی جوشی، ایڈیشنل میونسپل کمشنر (پروجیکٹ) ابھیجیت بانگر، ایڈیشنل میونسپل کمشنر (مشرقی مضافات) ڈاکٹر اویناش ڈھاکنے، تمام جوائنٹ کمشنر ، ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر موجود تھے۔ ایڈیشنل پرنسپل آفیسر ڈاکٹر وپن شرما نے کہا کہ مردم شماری کو عام لوگوں کیلئے قابل رسائی بنانے کیلئے اچھی تیاری کرنی چاہئے جس کا انعقاد جدید ٹیکنالوجی کی بنیاد پر کیا جائیگا۔