نیٹ پیپر لیک معاملے میں کارروائی کا مطالبہ ، روہت پوار نے کہا’’ طلبہ کے نعروں کی گونج حکومت کو جگا کر رہے گی۔‘‘
طلبہ نے جم کر حکومت کے خلاف نعرے لگائے- تصویر:آئی این این
نیٹ پیپر لیک معاملے کے خلاف طلبہ میں شدید غم و غصہ پایا جا رہا ہے۔ اس معاملے میں انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے’ مہاراشٹر راجیہ ودیارتھی کریتی سمیتی‘ کی جانب سے اورنگ آباد میں ڈیویژنل کمشنر کے دفتر کے سامنے ایک بڑا احتجاج کیا گیا۔ اہم بات یہ ہے کہ اس احتجاج میںاین سی پی (شرد) کے رکن اسمبلی روہت پوار اور کاکروچ پارٹی کے بانی ابھیجیت دپکےبھی شریک ہوئے اور ریاستی و مرکزی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔
احتجاج میں شرکت سے قبل روہت پوار نے سوشل میڈیا پر حکومت پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ’’ اپنے جائز حقوق کیلئے آواز اٹھانے والوں سے حکومت ہمیشہخوفزدہ رہتی ہے۔ آج بھی طلبہ کے احتجاج سے گھبرا کر حکومت نے صبح سے ہی اورنگ آباد میں سیکڑوں پولیس اہلکار تعینات کر دیئے۔ یہاں تک کہ احتجاج کی آواز عوام تک نہ پہنچے، اس کیلئے جیمر بھی نصب کئے گئے ہیں۔ لیکن طلبہ کی یہ تحریک پوری شدت سے جاری رہے گی اور ان کے نعروں کی گونج اس سوئی ہوئی حکومت کو بیدار کر دے گی۔‘‘
اس کے بعداحتجاج کے دوران خطاب کرتے ہوئے روہت پوار نے حکومت کو براہِ راست چیلنج دیا کہ ’’جو لوگ حکومت کے خلاف آواز اٹھاتے ہیں، ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ مہاراشٹر میں پہلے ٹی ای ٹی امتحان کا پرچہ لیک ہوا، اب نیٹ امتحان میں بدعنوانی سامنے آئی ہے۔ ابھیجیت د پکے طلبہ کے حقوق کیلئے سڑکوں پر اتر کر جدوجہد کر رہے ہیں۔ میں ان ہزار وں طلبہ کی حمایت کرنے اور اس سوئی ہوئی حکومت کو جگانے کیلئے آج یہاں آیا ہوں۔‘‘اس احتجاج میں شریک طلبہ لیڈر ابھیجیت دپکے نے بھی وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ احتجاج مسلسل سترہویں دن بھی جاری ہے۔ دہلی میں طلبہ سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔ ملک بھر کے ہزاروں طلبہ نیٹ پیپر لیک معاملے میں انصاف کا مطالبہ کر رہے ہیں، لیکن حکومت کی جانب سے انہیں کسی بھی قسم کی یقین دہانی نہیں کروائی جا رہی۔
نیٹ پیپر لیک اور امتحانی نظام میں بدعنوانی کے خلاف اورنگ آباد میں ہونے والے اس بڑے احتجاج کے بعد ریاست کی سیاسی اور تعلیمی فضا مزید گرم ہو گئی ہے۔ اب سب کی نظریں اس بات پر مرکوز ہیں کہ حکومت طلبہ کے ان مطالبات پر کیا مؤقف اختیار کرتی ہے اور اس معاملے میں آئندہ کیا اقدامات کئےجاتے ہیں۔