جانبداری اور بدعوانی کا الزام ، تنازع پر من کی بات میں خاموشی پر سوال اور طنز۔
پون کھیڑا پریس کانفرنس میں:آئی این این
نیٹ پیپر لیک اور سی بی ایس کے پرچوں کی جانچ میں گڑبڑی کی وجہ سے ملک بھر میں لاکھوں طلبہ کی پریشانی کو آواز دیتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر پون کھیڑا نے اس معاملے میں وزیراعظم مودی کی خاموشی پر طنز کرتے ہوئے سوال اٹھائے ہیں۔اس کے ساتھ ہی نئی دہلی میں کانگریس ہیڈ کوارٹرز میں کی گئی پریس کانفرنس میں انہوں نے وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفیٰ کا مطالبہ کیا اور سی بی ایس ای میں ’’ آن اسکرین مارکنگ‘‘ (او ایم آر) میں گڑبڑی پر الزام لگایاکہ ٹھیکہ کو ایمپٹ نامی کمپنی کودینے کیلئے ٹینڈر میں تبدیلی کی گئی اور تکنیکی معیارات کو جان بوجھ کر کمزور کیا گیا ۔
کھیڑا نے آن اسکرین اسیسمنٹ سسٹم اور ٹینڈر کے عمل میں بے ضابطگیوں کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے سوال کیاکہ اساتذہ اور ماہرین کی جانب سے سسٹم میں۳۶؍ بڑی خامیوں کے بارے میں انتباہ کے باوجود سی بی ایس ای نے تقریباً ۱۸؍لاکھ طلبہ کو ڈیجیٹل جانچ نظام کیلئے کیوں مجبور کیا؟کو ایمپٹ کو ٹھیکہ دینے سے پہلے ٹینڈر شرائط، اسکین کے معیار، اور سائبر سیکورٹی کے معیارات میں نرمی کا حکم کس نے دیا؟ انہوں نے پوچھا کہ ’’بی جے پی لیڈروں اور وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان کے اس داغدار ٹریک ریکارڈوالی کمپنی سے کیا رشتے ہیں؟‘‘ انہوں نے نشاندہی کی پہلی بار ٹینڈر جاری ہونے پر ٹی سی ایس نے اکیلے بولی لگائی تھی اور وہ تمام میعارات پر کھرا اتر رہاتھا مگر صرف ایک ٹینڈر کا جواز پیش کرکے دوبارہ ٹینڈر جاری کیاگیا اور تکنیکی شرائط ختم کرکے اس طرح آسان کیاگیا کہ کوایمپٹ کو ٹھیکہ مل جائے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کمپنی کو ٹھیکہ دینے کیلئے ٹینڈر کے قوانین کو بار بار تبدیل کیا گیا۔
لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے ایک ٹویٹ کا حوالہ دیتے ہوئے، کھیڑا نے کہا کہ تقریباً پانچ لاکھ طلبہ نے اپنی جوابی پرچوں کی دوبارہ جانچ کیلئے درخواست دی ہے۔ طلبہ کی غلطی نہ ہونے کے باوجود وہ پریشان ہیں اوران کے والدین کی جیبوں سے ۲-۲؍ ہزار فیس کی شکل میں تقریباً ۱۰۰؍کروڑ روپے جمع کیے جا رہے ہیں۔این ڈی اے حکومت پر تعلیم پر سمجھوتہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یو پی اے حکومت کے مقابلے تعلیم کے بجٹ میں۵۰؍ فیصد کی کمی کی گئی ۔ اس سے قبل پارٹی کے جنرل سیکریٹری جے رام رمیش نے بھی دھرمیندر پردھان کااستعفیٰ مانگا۔