Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’دہلی کی ’درپردہ طاقت‘ پوارخاندان اور مہاراشٹر کی سیاست میں تلخی پیدا کر رہی ہے‘‘

Updated: October 09, 2023, 11:12 AM IST | Agency | Pune

بارامتی سے اجیت پوار کی بیوی یا بیٹے کے لوک سبھا الیکشن لڑنے سے متعلق سوال پر این سی پی لیڈر سپریہ سلےکا ردعمل، کہا: میں بارامتی سے تین بار جیت چکی ہوں اور جو بھی میرے خلاف چوتھی بار الیکشن لڑ رہا ہے، میں اس کا خیر مقدم کرتی ہوں۔

NCP Member of Parliament Supriya Sule. Photo: INN
این سی پی کی رکن پارلیمان سپریہ سُلے۔ تصویر:آئی این این

نائب وزیر اعلیٰ اجیت پوار کی اہلیہ سنیترا کے بارامتی سیٹ سے لوک سبھا الیکشن لڑنے کی قیاس آرائیوں کے درمیان این سی پی کی رکن پارلیمان سپریہ سلے نے کہا کہ ’دہلی کی درپردہ طاقت‘ ان کے خاندان اور مہاراشٹر کی سیاست میں تلخی پیداکرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
 سپریہ سلے نے سنیچر کو بارامتی کے مالیگاؤں میں نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’دہلی کی ’درپردہ طاقت‘ ہمارے خاندان اور مہاراشٹر کی سیاست میں تلخی پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔‘‘انڈین ایکسپریس کی خبر کے مطابق یہ ردعمل سنیترا پوار یا ان کے بیٹے پارتھ کے بارامتی سے انتخاب لڑنے کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے کے بعد سامنے آیا۔ تفصیل بتاتے ہوئے سپریہ سلے نے کہاکہ ”نہ میں اور نہ ہی میرے خاندان کو معلوم ہے کہ میرے خلاف کون مقابلہ کرے گا۔ ہم جمہوری ملک میں رہ رہے ہیں اور کوئی میرے خلاف الیکشن لڑنے والا ہے۔ میں بارامتی سے تین بار جیت چکی ہوں اور جو بھی میرے خلاف چوتھی بار الیکشن لڑ رہا ہے، میں اس کا خیر مقدم کرتی ہوں۔ امتحان میں نقل کرکے پاس ہونے کے بجائے میرٹ پر پاس ہونا بہتر ہے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’آپ سب جانتے ہیں کہ کون اس طرح کی قیاس آرائیاں کر رہا ہے (سپریہ سلے بمقابلہ سنیترا پوار کے بارے میں)۔
 جہاں تک امرتا فرنویس کے اس بیان کا تعلق ہے کہ اب بی جے پی کو الیکشن جیتنے سے کوئی نہیں روک سکتا کیونکہ اجیت پوار نے دیویندر فرنویس کے ساتھ مل کر کام کیا ہےتو این سی پی لیڈرسپریہ سلے نے کہاکہ ’’جمہوریت میں ہر کسی کو اپنے خیالات کا اظہار کرنے کا حق ہے… میں اس بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتی۔‘‘
’’مجھے اجیت دادا کو ہارپہنانے کاپہلاموقع دیں ‘‘
نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فرنویس کے اس بیان کے بارے میں پوچھے جانے پر کہ اجیت پوار موقع ملنے پر وزیراعلیٰ بنیں گے تو انہوں نے کہا کہ ’’اگر ایسا ہوتا ہے تو میں دیویندر فرنویس سے درخواست کروں گی کہ مجھے اجیت دادا کو ہار پہنانے کا پہلا موقع دیں۔ ایک بڑے بھائی کی حیثیت سے بی جے پی ایک بڑی قربانی دے رہی ہے۔ میں اس قربانی کیلئے بی جے پی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK