Inquilab Logo Happiest Places to Work

کپاس واڑی قبرستان کا علامتی افتتاح،گیٹ پر ہار ڈالا گیا ،تدفین میں تاخیر پرسوال

Updated: May 25, 2026, 11:07 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

اندھیری جوہو (لنک روڈ) کپاس واڑی قبرستان میں تدفین شروع کرنے کیلئے حسب اعلان اتوار کی صبح سماجی خدمت گار محمد پٹیل کے ہمراہ مقامی افراد نے قبرستان کے گیٹ پر ہار ڈال کر اورمٹھائی بانٹ کر علامتی افتتاح کردیا۔

A Scene From The Symbolic Inauguration Of The Juhu Kapaswadi Graveyard.Photo:INN
جوہو کپاس واڑی قبرستان کے علامتی افتتاح کا ایک منظر- تصویر:آئی این این
اندھیری جوہو (لنک روڈ) کپاس واڑی قبرستان میں تدفین شروع کرنے کیلئے حسب اعلان اتوار کی صبح سماجی خدمت گار محمد پٹیل کے ہمراہ مقامی افراد نے قبرستان کے گیٹ پر ہار ڈال کر اورمٹھائی بانٹ کر علامتی افتتاح کردیا۔ اس موقع پر اس سے قبل انقلاب میں شائع ہونے والی تفصیلی خبر کو بھی نمایاں کیا گیا اور اخبار کا وہ صفحہ دکھایا گیا۔ اس سے قبل اس کا باقاعدہ اعلان بھی کیا گیا تھا کہ اب مزید انتظار نہیں کیا جاسکتا۔ آخر کیا وجہ ہے کہ برسوں کے انتظار کے باوجود اب جبکہ قبرستان بن چکا ہے، رنگ روغن کیا جاچکا ہے، دعائیہ پروگرام بھی کپاس واڑی قبرستان کے ٹرسٹی اور جامعہ قادریہ اشرفیہ کے سربراہ مولانا سید معین الدین اشرف عرف معین میاں کی سربراہی میں کیا جاچکا ہے ، پھر تدفین کیوں نہیں شروع کی جارہی ہے۔ مجبورا مقامی مسلمانوں کو ارلا یا دیگر قبرستان میت لے جانا پڑتا ہے۔واضح ہوکہ اس قبرستان کی تعمیر میں پیش پیش رہنے والے سابق کارپوریٹر محسن حیدر نے بھی ایک ماہ کے اندر تدفین شروع کردینے کی یقین دہانی کروائی تھی لہٰذا اس جانب فورا توجہ دی جائے۔
 
 
محمد پٹیل نے اس تعلق سے نمائندہ انقلاب سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم لوگوں نے وعدے کے مطابق اتوار کو علامتی افتتاح کردیا ہے۔ ہمارا سوال ہے کہ جب ایک سہولت مل چکی ہے تو اس کا فائدہ مسلمانوں کو ملنے میں مزید تاخیر کیوں کی جارہی ہے، آخر کس کے ذریعے فیتہ کاٹنے کا انتظار کیا جارہا ہے یا کون سی مجبوری ہے؟ اس لئے بی ایم سی فوری طور پر توجہ دے اور تدفین شروع کی جائے ورنہ ہم سب دوسرا قدم اٹھائیں گے، خاموش نہیں رہیں گے۔
 
 
کے ویسٹ وارڈ (اس کی نگرانی میں یہ قبرستان ہے) کے ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر سچن گائیکواڑ سے رابطہ قائم کرنے پر ان کا کہنا تھا کہ میں فورا دیکھتا ہوں کہ کیا وجہ ہے کہ اب تک تدفین شروع نہیں کی گئی ہے۔  انہوں نے یہ بھی بتایا کہ پہلے یہ چارج کسی اور کے پاس تھا، اب ان کو ذمہ داری دی گئی ہے، اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرایا جائےگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK