• Sat, 10 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شام: حلب کی تاریخی جامع اموی مسجد۱۳؍ سال بعد دوبارہ کھول دی گئی

Updated: October 10, 2026, 7:02 PM IST | Damascus

شام کے تاریخی شہر حلب کی عظیم جامع اموی مسجد کو خانہ جنگی کے دوران شدید تباہی کے باعث۱۳؍ سال تک بند رہنے کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ آٹھویں صدی عیسوی سے تعلق رکھنے والی یہ تاریخی مسجد صدیوں سے علم و مذہب کا مرکز رہی ہے اور اس کی بحالی شام کے تاریخی ورثے کے تحفظ کی جانب اہم قدم ہے۔

Jama Umayyad Mosque. Photo: INN
جامع اموی مسجد۔ تصویر: آئی این این

شام کے شمالی شہر حلب میں واقع تاریخی جامع اموی مسجد کو جمعرات کو دوبارہ کھول دیا گیا۔ خانہ جنگی کے دوران بڑے پیمانے پر نقصان پہنچنے کے بعد یہ مسجد گزشتہ۱۳؍ سال سے عبادت کیلئے بند تھی۔ سرکاری ٹیلی ویژن الاخباریہ کے مطابق، حلب کے گورنر عزام الغریب نے مسجد کو دوبارہ کھولنے کی تقریب میں شرکت کی۔ عزام الغریب نے کہا، ’’آج ہمیں اللہ کے گھروں میں سے ایک کو دوبارہ کھولنے اور ان مشکل برسوں کے بعد حلب کی عظیم مسجد کو بحال کرنے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے، جن کے دوران اسے تباہی کا سامنا کرنا پڑا۔ ‘‘انہوں نے کہا کہ اموی دور سے تعلق رکھنے والی یہ مسجد صدیوں سے تاریخی شہر حلب میں علم و تعلیم اور مذہبی سرگرمیوں کا اہم مرکز رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان میں اسٹارلنک: ایلون مسک کی مکیش امبانی پر تنقید تیز

گورنر نے مارچ۲۰۱۱ء میں شروع ہونے والی شامی عوامی تحریک کے دوران بھی مسجد کے کردار کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق، سابقہ حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا آغاز بھی اسی مقام سے ہوا تھا۔ سال۲۰۱۲ء سے۲۰۱۶ء کے درمیان مسجد اور اس کے اطراف کے علاقوں میں سابقہ حکومت کی افواج اور مخالف گروہوں کے درمیان شدید لڑائی ہوئی۔ اس دوران یہ علاقہ بار بار ایک فریق سے دوسرے فریق کے قبضے میں جاتا رہا۔ لڑائی اور بمباری کے نتیجے میں مسجد کے گنبد، برآمدوں اور تاریخی مینار کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا، جس کے بعد۲۰۱۳ءمیں اسے عبادت کیلئے بند کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھئے: نوبیل امن انعام کی فاتح نوی پِلے نے ٹرمپ کے ساتھ ایوارڈ شیئر کرنے پر مذاق کیا

۸؍ دسمبر۲۰۲۴ء کو بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد حلب کے محکمہ اوقاف نے مسجد کی بحالی کا کام شروع کیا۔ اس منصوبے کا مقصد مسجد کی تاریخی اور تعمیراتی خصوصیات کو محفوظ رکھتے ہوئے اسے اصل حالت میں بحال کرنا تھا۔ جامع اموی مسجد، جسے حلب کی عظیم مسجد بھی کہا جاتا ہے، شام کی قدیم ترین اور اہم ترین مساجد میں شمار ہوتی ہے۔ اس کی تعمیر آٹھویں صدی عیسوی کے اوائل میں اموی دور سے منسوب ہے۔ بیشتر تاریخی روایات کے مطابق، اس مسجد کی بنیاد اموی خلیفہ سلیمان بن عبدالملک نے رکھی تھی۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK