امیر مقامی جماعت اسلامی میرا روڈ کی عوام سے اپیل،کہا کہ گائے اور اس کی نسل کے جانوروں کی قربانی سے مکمل پرہیز کریں۔
بکرا منڈی۔ تصویر:آئی این این
عیدالاضحیٰ اور قربانی کے مقدس تہوار کے پیشِ نظر جماعت اسلامی ہند، میرا روڈ کے امیرِ مقامی ڈاکٹر طارق شاہ نے مسلم کمیونٹی کے نام اہم اور ضروری ہدایات جاری کی ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ عیدالاضحیٰ کی خوشیاں مناتے وقت شریعتِ اسلامیہ کے اصولوں کے ساتھ ساتھ حکومتی قوانین اور بلدیاتی ضوابط کا بھی مکمل احترام کریں۔میڈیا کو جاری کردہ ایک بیان میں ڈاکٹر طارق شاہ نے کہا،’’مذہبِ اسلام میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر قربانی ایک عظیم عبادت ہے۔ اس عبادت کی انجام دہی کے لئے شریعتِ اسلامیہ نے مختلف جانوروں کی فہرست متعین کی ہے۔ حکومت کی جانب سے ممنوع قرار دیئے گئے جانوروں کے علاوہ دیگر جائز جانوروں کی قربانی کے ذریعے اس فریضے کو خوش اسلوبی سے انجام دیا جا سکتا ہے۔‘‘
قانونی ضوابط کی پاسداری لازمی
امیرِ مقامی نے اس بات پر خصوصی زور دیا کہ ریاست میں گائے اور گائے کی نسل کے جانوروں کی قربانی پر قانونی پابندی ہے لہٰذا، تمام شہری قانون کا احترام کرتے ہوئے اس سے مکمل پرہیز کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور میرا بھائندر میونسپل کارپوریشن کی جانب سے جاری کردہ احکامات پر سختی سے عمل درآمد کرنے کی ضرورت ہے تاکہ شہر کا امن و امان برقرار رہے۔
صاف صفائی اور آلائشوں کی نکاسی
ڈاکٹر طارق شاہ نے صاف صفائی کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ قربانی کے دوران اور اس کے بعد صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ جانوروں کی آلائش، گند گی یا کچرے کو کسی بھی گلی، چوراہے، سڑکوں، نالوں یا کھلے میدانوں میں ہرگز نہ پھینکیں۔ تمام کچرا اور آلائشیں صرف میونسپل کارپوریشن کی مخصوص گاڑیوں ہی میں ٹھکانے لگائیں۔ قربانی کی جگہ کو ذبح کے فوری بعد اچھی طرح صاف کریں اور وہاں جراثیم کش ادویات کا چھڑکاؤ کریں۔
سوشل میڈیا کا ذمہ دارانہ استعمال اور گوشت کی منتقلی میں احتیاط
جماعت اسلامی کے امیر نے نوجوانوں اور عام شہریوں سے پرزور اپیل کی کہ وہ قربانی کے جانوروں کی تصاویر، ویڈیوز یا جانوروں کو ذبح کرنے کے خون آلود مناظر کو سوشل میڈیا (وہاٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام وغیرہ) پر وائرل کرنے سے قطعی گریز کریں۔ اس طرح کے مناظر سے دوسروں کے جذبات مجروح ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ انہوں نے یہ بھی تاکید کی کہ ایک جگہ سے دوسری جگہ گوشت کی منتقلی کے دوران مکمل احتیاط اور سنجیدگی سے کام لیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔
پرامن اور پاکیزہ ماحول میں تہوار منانے کی امید
انہوں نے امید ظاہر کی کہ میرا روڈ کے غیور عوام ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں گے اور حکومتی و بلدیاتی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے پرامن اور پاکیزہ ماحول میں عید کا تہوار منائیں گے۔