ملک کا سب سے مہنگا نمبر پلیٹ (HR88B8888) ایک بار پھر نیلام ہوگا،جس کی وجہ یہ ہے کہ اس سے قبل ایک کروڑ ۱۷؍ لاکھ کی بولی لگانے والے سدھیر کمار رقم ادا کرنے سے قاصر رہے۔
EPAPER
Updated: December 02, 2025, 9:02 PM IST | Chandigarh
ملک کا سب سے مہنگا نمبر پلیٹ (HR88B8888) ایک بار پھر نیلام ہوگا،جس کی وجہ یہ ہے کہ اس سے قبل ایک کروڑ ۱۷؍ لاکھ کی بولی لگانے والے سدھیر کمار رقم ادا کرنے سے قاصر رہے۔
ہریانہ کی وی آئی پی رجسٹریشن نمبر HR88B8888 کی دوبارہ نیلامی ہوگی، جس کی وجہ یہ ہے کہ اس سے قبل ایک کروڑ ۱۷؍ لاکھ کی بولی لگانے والے سدھیر کمار رقم ادا کرنے سے قاصر رہے۔ بولی لگانے والے،سدھیر کمار اس نیلامی کے ۴۵؍ شرکاء میں سے ایک تھے، تاہم اب یہ بولی منسوخ ہو گئی۔جبکہ اس نمبر پلیٹ HR88B8888 کو ہندوستان کی مہنگی ترین نمبر پلیٹ کے طور پر مشہور کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ سدھیر کمار، ٹرانسپورٹیشن فرم رومولس سولیوشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے ڈائریکٹر نے دو روزہ آن لائن نیلامی کے بعد اس نمبر پلیٹ کے لیےایک کروڑ ۱۷؍ لاکھ روپے کی ریکارڈ بولی لگائی تھی۔ ان سے توقع تھی کہ وہ جیتنے کے پانچ دنوں کے اندر یکم دسمبر کو دوپہر۱۲؍ بجے تک مکمل رقم جمع کرا دیں گے۔ تاہم، رپورٹس کے مطابق، ایک تکنیکی خرابی کی وجہ سے وہ اس حتمی وقت کی پاسداری میں ناکام ہوگئے۔ دریں اثناء این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق اتوار کو، کمار نے کہا کہ انہوں نے سنیچر رات دو بار ادائیگی کرنے کی کوشش کی، لیکن تکنیکی خرابی کی وجہ سے لین دین ناکام ہو گیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان کا خاندان صرف ایک نمبر پلیٹ پر اتنی رقم خرچ کرنے کے حق میں نہیں ہے۔خاندان کے ساتھ فی الحال بات چیت جاری ہے۔جبکہ ان کی رائے اس کے حق میں ہے۔تاہم ا ین ڈی ٹی وی نے سدھیر کے حوالے سے کہاکہ وہ پیر تک حتمی فیصلہ کر لیں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہوں نے ابھی تک پلیٹ کے لیے گاڑی کا فیصلہ نہیں کیا ہے۔سدھیر کمار نے اس بولی کے شہرت حاصل کرنے پر بھی حیرت کا اظہار کیا۔
اپنے بارے میں انہوں نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ وہ ٹرانسپورٹ کے کاروبارسے منسلک ہیں۔ مزید یہ کہ ان کی ایک سافٹ ویئر کمپنی بھی ہے، اوروہ تجارتی نقل و حمل کے لیے ٹرانسپورٹ سے متعلق موبائل ایپ تیار کر رہے ہیں، اور یہ کاروبار اپنے ابتدائی مرحلے میں ہے۔بعد ازاں ٹائمز آف انڈیاکے مطابق سدھیر نے صرف۱۱۰۰۰؍ روپے پیشگی ادائیگی کی تھی ، اور ۱۰؍ ہزار روپے سیفٹی ڈپازٹ کے طور پر رجسٹریشن فیس ادا کی تھی۔
یہ بھی پڑھئے: تلنگانہ اور آندھر کے کئی اضلاع میں ’دِتوا‘ طوفان کے اثرات، اسکولوں میں چھٹی
ایچ آر ۸۸؍بی ۸۸۸۸؍: اس کا کیا مطلب ہے؟
HR88B8888 دراصل ایک وی آئی پی نمبر پلیٹ ہے جس میں:· ایچ آر ہریانہ ریاست کی نشاندہی کرتا ہے۔۸۸؍مخصوص ریجنل ٹرانسپورٹ آفس (آر ٹی او) یا ضلع کو ظاہر کرتا ہے جہاں گاڑی رجسٹرڈ ہے۔’’بی‘‘ اس آر ٹی او کے اندر سیریز کوڈ کی نمائندگی کرتا ہے۔ آخری چار ہندسے۸۸۸۸؍ اس پلیٹ کو خاص طور پر منفرد بناتے ہیں۔ یہ مجموعہ اس لیے بھی نمایاں نظر آتا ہے کیونکہ انگریزی کا بڑا حرف’’B‘‘ہندسہ ’’8‘‘جیسا لگتا ہے، جس سے صرف ایک حرف کے ساتھ سلسلہ بن جاتا ہے۔یہ بھی یاد رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب ہندوستان میں کسی نمبر پلیٹ نے سرخیوں میں جگہ بنائی ہو۔ اس سے قبل اگست میں، چندی گڑھ کے ایک رہائشی نے ایک انووا گاڑی کے لیے نمبر پلیٹ ’’ CH 01DA 0001 ‘‘ کے لیے۳۶؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار روپے کی بھاری رقم ادا کی تھی۔اس سے پہلے، کیرالا کے ٹیک ارب پتی وینو گوپال کرشنن نے جیمز بانڈ کے۰۰۰۷؍ سے متاثر ہو کر اپنی لیمبورگینی یورس پرفورمانٹے گاڑی کے لیے نمبر پلیٹ’’KL07 DG 0007 ؍ ۴۵لاکھ ۹۹؍ ہزار روپے میں خریدی تھی۔