پرشانت لوکھنڈے نامی ٹیچر کا الزام ہے کہ گڑھے اور کیچڑ سے پُر سڑک پر مسلسل حادثات ہورہے ہیں جن میں اسکولی طلبہ اور بزرگ شہری زخمی ہورہے ہیں۔
EPAPER
Updated: September 01, 2025, 12:14 PM IST | Inquilab News Network | Hingoli
پرشانت لوکھنڈے نامی ٹیچر کا الزام ہے کہ گڑھے اور کیچڑ سے پُر سڑک پر مسلسل حادثات ہورہے ہیں جن میں اسکولی طلبہ اور بزرگ شہری زخمی ہورہے ہیں۔
باسمت شہر میں سڑکوں کی خستہ حالی کی وجہ سے آئے دن چھوٹے بڑے حادثات ہوتے رہتے ہیں۔ اسکول کے طلبہ بھی خراب سڑک پر سفر کے دوران کئی بار زخمی ہوئے ہیں، جس پر باسمت کے ایک اسکول ٹیچر نے سخت برہمی ظاہر کرتے ہوئے انوکھا احتجاج کیا ہے۔ سڑک کے گڑھے نہ بھرنے اور مرمت نہ کرنے پر حکومت کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے اس ٹیچر نے گاڑی چلانے والوں سے بھیک مانگ کر حکومت کو جگانے کی کوشش کی ہے ۔
سام ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پرشانت لوکھنڈے نامی ٹیچر نے طلبہ کے لئے باسمت شہر میں یہ انوکھا احتجاج کیا ہے۔ جہاں سے گزرنے والی ریاستی شاہراہ جو۳؍ اضلاع کو جوڑتی ہے کئی مہینوں سے بغیر مرمت کے خراب حالت میں ہے۔ اس پر جگہ جگہ گڑھوں اور کیچڑ کے باعث اسکولی طلبہ اور بزرگ شہریوں کا گزرنا محال ہے اور کئی بار گاڑیوںکے حادثات میں یہ زخمی ہوئے ہیں۔ اس کے باوجود انتظامیہ اس پر توجہ نہیں دے رہا ہے۔ اس اہم سڑک پر ہونے والے حادثات میں طلبہ بھی زخمی ہوئے ہیں۔ اس باعث پرشانت لوکھنڈے نے بار بار مقامی انتظامیہ کو سڑک کی خستہ حالی کی شکایت کی ۔ ان کا الزام ہے کہ اس کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ اس لئے پرشانت لوکھنڈنے نامی ٹیچر نے عوامی نمائندوں اور انتظامیہ کے خلاف انوکھا احتجاج کیا اور سڑک کی مرمت کیلئے لوگوں سے بھیک مانگی۔
اس احتجاج کے دوران ٹیچر نے گاڑیوں کو روک کر لوگوں سے پیسے مانگے۔ اتنا ہی نہیں بلکہ انہوں نے ایک خاص گانے کے ذریعے ریاستی شاہراہ کے معاملے میں’’کُمبھکرن کی نیند میں سوئی‘‘ ہوئی انتظامیہ کو جگانے کی بھی کوشش کی۔ اس انوکھے احتجاج کی وجہ سے عوام کی توجہ اس مسئلے کی طرف مبذول ہوئی ہے اور اب یہ سوال اٹھایا جا رہا ہے کہ کیا انتظامیہ جاگے گا اور سڑک کی مرمت کرے گا؟