Inquilab Logo Happiest Places to Work

چھٹی اور بی ایل اوڈیوٹی سےمتعلق وضاحت نہ کرنےپراساتذہ کو دشواری

Updated: July 07, 2026, 11:01 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

بیشتر ٹیچربی ایل او کی ڈیوٹی کیلئے اپنے اپنے علاقوںمیں پہنچے لیکن پانی بھرا ہونے سےکام کئے بغیر لوٹ آئے۔

Blo Teachers.Photo:INN
بی ایل او ٹیچرس۔ تصویر:آئی این این
 محکمہ موسمیات کی جانب سے شہر ومضافات میں ۶؍ جولائی کو تیز اور طوفانی ہواکے ساتھ  موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے بی ایم سی محکمہ تعلیم نے پیر کو سبھی اسکولوں اور کالجوں میں چھٹی دینے کا اعلان کیا تھا لیکن بی ایل اوکی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کے متعلق وضاحت نہ کرنے سے ہزاروں اساتذہ تذبذب کا شکار رہے ۔ چنانچہ طوفانی بارش میں پیر کو بیشتر اساتذہ ڈیوٹی کیلئے اپنے گھروں سے نکلے لیکن متعدد مقامات پر پانی بھرا ہونے سے انہیں کام کئے بغیر گھر لوٹنا پڑا۔دوسری جانب پیر کوجن اساتذہ کونئےنصاب کی ٹریننگ دی جانی تھی ،اسے بھی ملتوی کردیاگیا۔شہری انتظامیہ کی اس بدنظمی سے بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے والے اساتذہ میں بے چینی پائی جا رہی ہے۔
 
 
بی ایل او کی ڈیوٹی کرنے والے ایک معلم نے انقلاب کو بتایاکہ ’’ محکمہ تعلیم نے اتوار کی رات تقریباً ۸؍بجے پیر کو ہونے والی موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے طلبہ کی حفاظت کیلئے اسکول بند رکھنے کاسرکیولر جاری کیاتھا لیکن اس میں بی ایل او کی ڈیوٹی پر مامور اساتذہ کیلئے کوئی ہدایت نہیں درج کی،ایسے میں ہم نے اپنے انچارج سے دریافت کیا تو انہوں نے کہا کہ بی ایل او کو چھٹی نہیں دی گئی ہے،انہیں ڈیوٹی کرنی ہے۔ انچارج کی ہدایت کے مطابق پیر کو میں اپنی ڈیوٹی پر گیا لیکن جس علاقے میں ڈیوٹی کرنی تھی، وہاں پانی بھرا ہونے سے میں کام نہیں کرسکا۔ متواتر بار ش ہونے سے بغیر کام کئے لوٹ آیا۔ بعدازیں میں نے اپنے انچارج کو حالات سے آگاہ کیا۔ جواب میں انچارج نے کہا کہ ٹھیک ہے ،بارش رکنے کے بعدڈیوٹی پر جائیں ۔‘‘
 
 
ایک اورٹیچر نے بتایا کہ ’’ جو ٹیچر بی ایل او کی ڈیوٹی کر رہے ہیں، انہیں پیر کو دی جانے والی چھٹی سےمستثنیٰ رکھا گیاہے ۔ انہیں بہر صورت ڈیوٹی کرنی ہے ۔ایسی صورت میں یہ سوال پیدا ہو رہاہے کہ اسکول میں ڈیوٹی کرنے والے معلم کو چھٹی اور باہر کام کرنے والے کو چھٹی سے محروم رکھا جا رہا ہے ،ایسا کیوں؟ اس سے اساتذہ تذبذب میں مبتلا رہے۔ حالانکہ بیشتر بی ایل او نے ایسے حالات میں بھی اپنی ڈیوٹی کو ترجیح دی ۔‘‘ انہوں نےیہ بھی کہا کہ ’’ ان دنوں نئے نصاب کی ٹریننگ بھی دی جا رہی ہے ۔پیر کو بارش کی پیشگوئی کی وجہ سے ٹریننگ ملتوی کر دی گئی ۔ جن ٹیچروں کو ٹریننگ دی جانی تھی، انہیں ۶؍جولائی کو ہونےوالی بارش کا حوالہ دے کر ٹریننگ ملتوی کردی گئی ۔ اگراسکول اور ٹریننگ والے ٹیچروں کو چھٹی دی جاسکتی ہے تو پھر بی ایل او کوچھٹی کیوں نہیں دی گئی ،یہ سوال اُٹھایا جا رہا ہے۔‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK