Inquilab Logo Happiest Places to Work

بہارمیں نظم ونسق پوری طرح سے فیل: تیجسوی یادو

Updated: June 04, 2025, 12:13 PM IST | Inquilab News Network | Patna

بہار کے اپوزیشن لیڈرنےصحت نظام پر کئی سوالات قائم کئے۔

Tejashwi Yadav. Photo: INN
تیجسوی یادو۔ تصویر: آئی این این

 اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادونے حکومت پر بڑاالزام عائدکرتے ہوئے کہاکہ بہار کے سرکاری اسپتالوں کا حال یہ ہے کہ مریضوں کو وقت پر بیڈ نہیں ملتا ہے۔ وزیر کے پی اے ان بیڈ کو بیچ دیتے ہیں ۔ 
 اپوزیشن لیڈر تیجسوی یادو نے منگل کو وزیر صحت منگل پانڈے کو نشانہ بناتے ہوئےان کے پی اے پر اسپتالوں میں بیڈ بیچنے کا الزام لگایا۔ آر جے ڈی لیڈر نے یہاں تک دعویٰ کیا کہ بیڈکا کمیشن وزیر کو بھی جاتا ہے۔ تیجسوی یادو نے یہ بھی الزام لگایا کہ وزراء اسپتالوں کےبیڈ فکس کروالیتے ہیں ۔ محکمہ صحت کی حالت خستہ ہے۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ جب میں وزیر صحت تھا تو رات کے اندھیرے میں سرکاری اسپتالوں میں چھاپے مارتا تھا، دوسری طرف آج کے وزیرصحت منگل پانڈے ہیں جن کی توجہ چمکی بخار کے دوران کرکٹ کے اسکور پر تھی۔ 

یہ بھی پڑھئے:متنازع بیان پر کمل ہاسن نے معافی نہیں مانگی، کرناٹک میں فلم ’ ٹھگ لائف ‘ کےبائیکاٹ کا اعلان

تیجسوی یادوکا یہ بیان اس واقعے کے بعد آیا ہے جس میں مظفر پور کی ایک نابالغ دلت لڑکی کی عصمت دری کی گئی تھی اور پٹنہ کے پی ایم سی ایچ میں ۴؍ گھنٹے تک بیڈ نہیں ملنےکے بعد اس کی موت ہوگئی۔ تیجسوی یادونے وزیر صحت منگل پانڈے کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پٹنہ کے آئی جی آئی ایم ایس میں جا کر دیکھیں کہ وزیر کے سیکریٹری کس طرح بیڈ بیچتے ہیں ۔ سابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادومنگل کو عصمت دری کا شکارلڑکی کے گھر مظفرپورکے کڑہنی جانے سے قبل پٹنہ میں نامہ نگاروں سے خطاب کررہے تھے۔ 
  بہار میں لڑکیوں کے خلاف بڑھتے جرائم اور خاص طور پر عصمت دری جیسے واقعات کو لاء اینڈ آرڈر کی خراب حالت بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مظفر پور میں متاثرہ لڑکی کی عصمت دری کی گئی، یہ وہی مظفر پور ہے جہاں بالیکا گرہ (گرلس شیلٹرہوم) کا واقعہ ہوا تھا۔ ایسے واقعات نہ صرف مظفر پور بلکہ سیتامڑھی میں بھی دیکھے گئے۔ انہوں نے ریاست میں ایسے جرائم پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اسے حکومت کی ناکامی قرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ بہارمیں نظم ونسق پوری طرح سے فیل ہوگیاہے۔ 
  مظفر پور کی عصمت دری متاثرہ کی پی ایم سی ایچ میں موت کی وجہ سے نتیش حکومت اپوزیشن کے نشانے پر ہے۔ منگل پانڈے کے استعفیٰ کا بھی مطالبہ کیا جا رہا ہے۔ اس معاملے پر آرجےڈی کے ساتھ کانگریس نے احتجاج بھی کیا۔ آر جے ڈی نے اسے ریاست کے خراب صحت نظام کی مثال بھی قرار دیا۔ جن سوراج نےبھی اسے بہار میں بڑھتی ہوئی انارکی اور حکومت کی بے حسی قرار دیاہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK