واشم ضلع کے مالیگاؤں میں ٹیپو سلطان چوک کے قریب درگا مورتی وسرجن جلوس کے دوران گلال پھینکنے کے معاملے میں دو گروپوں میں تنازع کے بعد پتھراؤ ہوگیا، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا۔
EPAPER
Updated: October 23, 2026, 3:38 PM IST | Agency | Washim
واشم ضلع کے مالیگاؤں میں ٹیپو سلطان چوک کے قریب درگا مورتی وسرجن جلوس کے دوران گلال پھینکنے کے معاملے میں دو گروپوں میں تنازع کے بعد پتھراؤ ہوگیا، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا۔
واشم ضلع کے مالیگاؤں میں ٹیپو سلطان چوک کے قریب درگا مورتی وسرجن جلوس کے دوران گلال پھینکنے کے معاملے میں دو گروپوں میں تنازع کے بعد پتھراؤ ہوگیا، جس کے پیش نظر انتظامیہ نے متاثرہ علاقے میں کرفیو نافذ کردیا۔ پولیس کے مطابق بدھ کو جلوس کے دوران گلال پھینکنے پر شروع ہوئی بحث نے پتھراؤ کی شکل اختیار کرلی، جس سے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔ واشم کے سب ڈویژنل پولیس افسر رام کرشن پوار نے بتایا کہ صورتحال اب مکمل طور پر قابو میں ہے۔ امن و امان برقرار رکھنے اور صورتحال مزید خراب ہونے سے روکنے کیلئے علاقے میں پولیس کے علاوہ ریاستی ریزرو پولیس فورس اور فوری ردعمل فورس تعینات کی گئی ہےاوراحتیاطی طور پر کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ نیکیش کھٹموڑے نے بتایا، ’’شہر کے ٹیپو سلطان چوک سے وسرجن کا جلوس گزر رہا تھا۔ تین منڈل وہاں سے گزر چکے تھے اور چوتھا منڈل، جس کا نام جنتا نو درگا اتسو ہے، گزر رہا تھا۔ اسی دوران چوک پر جشن کے موقع پر اڑایا گیا گلال دوسرے سماج کے ایک شخص کے گھر پر جا گرا۔ یہیں سے تنازع شروع ہوا۔ پتھراؤ میں تین سے چار دو پہیہ گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔ ‘‘ واقعے کے بعد جلوس کے منتظمین نے کہا کہ ملزمین کی گرفتاری تک مورتی کا وسرجن روک دیا جائے گا۔ اسکے بعد بڑی تعداد میں لوگ مالیگاؤں پولیس اسٹیشن کے باہر جمع ہوگئے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا مزید حملوں کا اشارہ، ایران کی امریکی ڈیٹا سینٹرز کو نشانہ بنانے کی دھمکی
لوگوں نے پتھراؤ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ سیکوریٹی کے سخت انتظامات کے درمیان جمعرات کی علی الصبح تقریباً۴؍ بجے درگا مورتی کا وسرجن مکمل کرایا گیا۔ پولیس نے لوگوں سے کہا ہے کہ افواہوں پر دھیان نہ دیں۔
پُڈھاری کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر پانڈورنگ راج ہنس انگلے نے مالیگاؤں پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ اسکے مطابق ٹیپوسلطان چوک ، مالیگاؤں واشم کے رہنے والے سید ندیم سید یوسف، سید رفیق سید یوسف، سید سلطان اور جبّار شاہ سمیت دیگر افراد کے خلاف بی این ایس کی دفعات۱۸۹(۲)،۱۲۵، ۳۲۴(۴)؍ اور ۳۰۰ ، نیز مہاراشٹر پولیس ایکٹ کی دفعہ۱۳۵؍ کے تحت کیس درج کیا گیا ہے۔ اس معاملے کی مزید تفتیش پولیس انسپکٹر راجیش کھیرڈے کررہے ہیں۔