Inquilab Logo Happiest Places to Work

ممبئی-احمد آباد ہائی وے پر خوفناک حادثہ،۱۱؍افراد ہلاک

Updated: May 19, 2026, 10:59 AM IST | Sajid Mehmood Shaikh | Mumbai

دھانو میں منگنی کی تقریب سے واپس لوٹ رہےافراد سے بھرا ٹرک کنٹینر سے ٹکرایا، ۲۵؍سے زائد شدید زخمی۔

Eicher Truck Carrying Wedding Party Crashes.Photo:INN
حادثے کا شکار ہونےوالا آئشر ٹرک جس میں باراتی سوار تھے۔ تصویر:آئی این این
ممبئی- احمد آباد قومی شاہراہ پر دھانو کے قریب پیر کے روز ایک انتہائی دلدوز سڑک حادثہ پیش آیا ہے۔ جہاں منگنی کی تقریب سے لوٹ رہے افراد سے بھرا ایک ٹرک بے قابو ہو کر کنٹینر سے ٹکرا گیا۔ اس بھیانک تصادم میں کم از کم ۴ ؍سے ۵ ؍افراد کی موقع پر ہی کچل کر دردناک موت ہو گئی۔ ۶؍ افراد نے دوران علاج دم توڑدیا۔ جبکہ ۲۰؍ سے  زائد مسافر شدید طور پر زخمی ہوئے ہیں۔ زخمیوں میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے، جس کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
 
 
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، حادثے کا شکار ہونے والے باراتی ایک آئیشر ٹرک میں سوار تھے اور منگنی کی تقریب سے واپس لوٹ رہے تھے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ٹرک میں گنجائش سے زیادہ، یعنی لگ بھگ ۱۰۰ ؍سے زائد افراد سوار تھے۔ دھانو کے علاقے میں ٹرک اور کنٹینر کے درمیان ٹکر اتنی شدید تھی کہ دونوں ہی بڑی گاڑیاں بیچ سڑک پر پلٹ گئیں۔ حادثہ ہوتے ہی چیخ و پکار مچ گئی اور شاہراہ پر کہرام برپا ہو گیا۔مقامی شہریوں اور پولیس کی فوری امداد حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی بستیوں کے لوگ اور راہگیر مدد کے لئے دوڑ پڑے۔ مقامی نوجوانوں اور پولیس نے فوری طور پر مشترکہ امدادی کارروائی شروع کی اور ٹرک کے نیچے دبے اور زخمی لوگوں کو باہر نکالا۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی سب ڈسٹرکٹ (ذیلی ضلعی) اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جہاں ڈاکٹروں کی ٹیم ان کے علاج میں مصروف ہے۔
 
 
 اس بھیانک حادثے کے بعد ممبئی-احمد آباد ہائی وے پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں اور کچھ وقت کے لیے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔ پولیس نے کرین کی مدد سے متاثرہ گاڑیوں کو سڑک سے ہٹا کر ٹریفک کو دوبارہ بحال کرایا۔  مقامی پولیس نے حادثے کا اندراج کر کے باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے۔ یہ بھی معلوم کیا جارہا ہے کہ آیا یہ حادثہ تیز رفتاری کی وجہ سے پیش آیا یا اس کے پیچھے کوئی اور تکنیکی خرابی تھی۔ اس حادثے کے بعد منگنی والے گھر اور پورے علاقے میں غم و اندوہ کا ماحول ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK