• Fri, 25 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

قلابہ: موٹرسائیکل حادثہ نے والدین سے ۲؍ جوان بیٹوں کو چھین لیا

Updated: September 25, 2026, 11:13 AM IST | Inquilab News Network

بڑے بھائی نے ۳؍ ماہ قبل ہی لون پربائیک خریدی تھی ۔ اہل خانہ اور مہلوکین کے دوست صدمے میں۔

Destroyed motorcycle at the scene of the accident. Photo: INN
جائے حادثہ پر تباہ شدہ موٹرسائیکل۔ تصویر: آئی این این

بدھ، ۲۳؍ ستمبر کی صبح قلابہ میں افغان چرچ کے پاس ایک موٹر سائیکل  عمارت کی حفاظتی دیوار سے ٹکرنے کی وجہ سے اس پر سوار ۲؍بھائیوں کی مو ت ہوگئی۔ (خبر جمعرات، ۲۴؍ ستمبر کے انقلاب میں   شائع ہوچکی ہے)۔ اس حادثہ سے نوجوانوں کے ذریعہ بغیر ضرورت یا صرف مزہ لینے کیلئے تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کا معاملہ موضوع بحث بن گیا ہے۔

جس موٹرسائیکل سے حادثہ ہوا ،وہ سُمیت ستوان والمیکی (۲۲) نے محض ۳؍ مہینوں قبل لون پر خریدی تھی اور اس کی قسطیں بھی پوری نہیں بھری جاسکی ہیں کہ یہ حادثہ ہوا۔ حادثے کے وقت پچھلی سیٹ پر اس کا ۱۵؍ سالہ بھائی سنجو  بیٹھا  تھا اور وہ بھی اس حادثہ میں ہلاک ہوگیا۔

ان کا خاندان گزشتہ ۱۵؍ برس سے قلابہ کے گنیش مورتی نگر میں کرایے کے مکان میں رہائش پذیر ہے اور پڑوس میں ان کے کرایے کے ۲؍ مکان اور ہیں۔ ان کے پسماندگان میں والدین اور دو بھائی ہیں۔ ان کے والد روزگار کے سلسلے میں حال ہی میں دہلی گئے ہیں جبکہ ان کی والدہ گھریلو ملازمہ کے طور پر کام کرتی ہیں تاکہ گھر کا خرچ چلانے میں ہاتھ بٹا سکیں۔

یہ بھی پڑھئے: آئی آئی ٹی بامبے کے طالب علم ساحل کی خودکشی کے ذمہ داروں کوگرفتار کرنے کا مطالبہ

مہلوکین کے پڑوس میں رہنے والے ان کے دوست راہل راٹھوڑ نے کہا کہ وہ اور محلے کے دیگر لڑکے ساتھ میں کھیل کر بڑے ہوئے ہیں۔ سُمیت ان کے بڑے بھائی جیسا تھا جبکہ سنجو کی عمر محض ۱۵؍ سال تھی اور کوئی بھی دوست یقین نہیں کرپارہا ہے کہ ان دونوں کا انتقال ہوچکا ہے۔

سُمیت صاف صفائی کا کام کیا کرتا تھا جبکہ سنجو نے بھی پڑھائی چھوڑ دی تھی اور ایک مقامی کرانے کی دکان میں ملازمت کیا کرتا تھا۔

یاد رہے کہ بدھ کو صبح ۴؍ بج کر ۴۵؍ منٹ سے ۵؍ بجے کے درمیان قلابہ کے نانا بھائی موسیٰ مارگ پر یہ حادثہ ہوا تھا جس میں توازن بگڑ جانے سے ٹی وی ایس ریڈر موٹر سائیکل گنگوتری بلڈنگ کی حفاظتی دیوار سے ٹکرا گئی تھی۔ دونوں زخمیوں کو ’گوکل داس تیجپال(جی ٹی)‘ اسپتال لے جایا گیا تھا جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

پولیس نے حادثاتی موت کا کیس درج کرلیا ہے اور یہ جاننے کی کوشش بھی کی جارہی ہے کہ حادثہ کن حالات میں اور کس وجہ سے پیش آیا۔ فارینسک ٹیم نے تفتیش کیلئے جائے حادثے سے مختلف نمونے حاصل کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:میونسپل کمشنر ابھینو’کے ڈی ایم سی‘ کے مسائل حل کرنے میں ناکام

مہلوکین کے ایک پڑوسی نے کہا کہ حادثہ اتنا زیادہ خوفناک تھا کہ اسے بیان نہیں کیا جاسکتا۔ دونوں نوجوانوں کو اتنے شدید زخم آئے تھے کہ انہیں دیکھنا بھی ممکن نہیں تھا۔

’’ایک غلطی پورے خاندان کو تباہ کرسکتی ہے‘‘

جائے حادثہ کے قریب پان کی دکان چلانے والے سنتوش ساہو نے کہا کہ ’’ایک غلطی پورے خاندان کو تباہ کرسکتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’علی الصباح خالی سڑکوں پر تیزرفتاری سے موٹر سائیکل چلانے والے نوجوانوں کو اس حادثے سے سبق لینا چاہئے۔ آج کل نوجوان مزے کیلئے بائیک چلانے نکلتے ہیں اور اپنی جان گنوا بیٹھتے ہیں۔ صبح ۴؍ بج کر ۴۵؍ منٹ پر تیز رفتار گاڑی چلانے سے کیا حاصل ہوجائے گا؟‘‘

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK