Inquilab Logo Happiest Places to Work

تھانے : برساتی پانی کےنکاسی کیلئےپمپ لگانے کا دعویٰ

Updated: June 14, 2025, 1:22 PM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

میونسپل کمشنر نے نشیبی علاقوں کا دورہ کیا پانی کی نکاسی کیلئے ۶۴؍پمپ لگائے گئے۔

Thane Municipal Commissioner Saurabh Rao visited the low-lying areas along with municipal officers. Photo: INN
تھانے میونسپل کمشنرسوربھ راؤ نے میونسپل افسران کے ساتھ نشیبی علاقوں کا دورہ کیا۔ تصویر: آئی این این

تھانے میونسپل کارپوریشن (ٹی ایم سی ) کی حدود میں ۳۴؍ نشیبی علاقے ایسے ہیں جہاں پر تیز بارش ہونے پرپانی بھر جاتا ہے۔ تھانے میونسپل کمشنرسوربھ راؤ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ وہ ان نشیبی مقامات میں برسات کا پانی نہ بھرے اس کیلئے ۶۴؍پمپ نصب کریں اور ضروری اقدام کریں۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایجنسیاں اس بات کو یقینی بنانے کیلئے چوکس رہیں کہ شہریوں کو تکلیف نہ ہو۔ 
  میونسپل کمشنر نے متعلقہ عہدیداروں کے ساتھ جمعرات شہر کے نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا جہاں بارش کی وجہ سے پانی جمع ہوتا ہے۔ 
 کمشنر نے بتایا کہ میونسپل ایریا میں کل ۳۴؍نشیبی علاقے ہیں جن میں سے۱۴؍نشیبی علاقوں میں ہلکی بارش کے دوران پانی جمع ہوتا ہے اور ان میں پانی جمع نہ ہونے کو یقینی بنانے کیلئے کل ۶۴؍ پمپس کا انتظام کیا گیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے:دھاراوی: بے تحاشہ بجلی بل بھیجنے کیخلاف زبردست احتجاج

اس دورے کے دوران ایڈیشنل کمشنر (۲) پرشانت روڈے، ڈپٹی کمشنر جی جی گوڈی پورے، منیش جوشی، شنکر پاٹولے، شنکر سانگلے اور ایگزیکٹو انجینئر موجود تھے۔ کمشنر نے وِٹاوا سب وے، پیڈیہ ماروتی علاقہ، مسندا جھیل، وندنا ٹاکیز علاقہ، چکھل واڑی، بھانجے واڑی، گیان سادھنا کالج وغیرہ نشیبی علاقوں کا معائنہ کیا۔ وٹاوا سب وے پر ۴۰؍ایچ پی پمپ لگایا گیا ہے۔ کمشنر نے محکمہ موسمیات کی بارش کی وارننگ اور سمندر میں طغیانی کے اوقات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مقام پر پمپ کو چلتے رہنے کی بھی ہدایت دی۔ 
 پیڈیہ ماروتی علاقہ میں جمع ہونے والے پانی کی تیزی نکاسی کیلئے پمپ لگائے گئے ہیں اور کمشنر سوربھ راؤ نے ہدایت دی کہ کراس کلورٹ کی صفائی کی جائے اور مانسون میں افرادی قوت کے ساتھ پمپ کو ۲۴؍گھنٹے چلایا جائے۔ وندنا ایس ٹی ڈپو کے آس پاس کے علاقے میں سیلابی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، اس لئے تھانے میونسپل کارپوریشن نے یہاں پمپ فراہم کئےہیں۔ میونسپل کمشنر نے تیز بارش کے دوران یہاں بھی میونسپل ملازمین کو تعینات رہنے کی ہدایات دیں۔ 
  کمشنر نے چکھل واڑی علاقے میں نصب پمپ کا بھی معائنہ کیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران اور ٹھیکیدار کو یہ ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے چوکس رہیں کہ یہاں کے پمپ شدید بارش کے دوران پوری صلاحیت سے کام کریں اور تمام ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کریں تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ پانی گھروں میں داخل نہ ہو۔ 
 اس موقع پر میونسپل کمشنر نے یہ دعویٰ کیا کہ موسم باراں کے لئے پورا بلدیاتی نظام تیار ہے۔ میونسپل حدود میں ۳۰۰؍کلومیٹر کے نالوں کی صفائی کی گئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے بھی مشینوں کی مدد سے نالے کی صفائی کا بیڑا اٹھایا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK