قتل کو ایک ماہ مکمل لیکن کلیدی ملزم اب تک پولیس کی گرفت سے باہر۔ سابق میئر اوران کے شوہر کو گرفتار کرنے کا مطالبہ ۔اہل خانہ اورشیوسینا(یو بی ٹی )کی جانب سے آج احتجاجی ریلی نکالنے کا اعلان۔شندے سینا کے لیڈروں نے بھی انتباہ دیا کہ اگر ایکناتھ شندے کو بدنام کیا گیا تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے۔
شیوسینا(یوبی ٹی )لیڈر پردیپ پورنیکر کے قتل کو ایک ماہ ہونے پر تھانے میں زبردست احتجاج کیا گیا۔ تصویر: آئی این این
شیو سینا(یوبی ٹی) کے لیڈر پردیپ پورنیکر کے قتل کے معاملے میںمنگل سے جاری ہنگامہ آرائی اور احتجاج بدھ کو بھی جاری رہا۔ مقتول پورنیکر کی اہلیہ اور اہل خانہ کے دیگر افراد نے نوپاڑہ پولیس اسٹیشن پر احتجاج کیا اور پولیس سے سوال کیا کہ قتل کو ایک ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود کلیدی ملزمین تھانے کی سابق میئر میناکشی اور ان کےشوہر راجندر شندے کو گرفتار کیوں نہیں کیاجارہا ہے اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے انہیں کیوں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اہل خانہ اور شیو سینا (یوبی ٹی) نے جمعرات (آج) کو انصاف کیلئے تھانے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مارچ نکالنے کا اعلان کیاہے۔ اپنےپارٹی سربراہ پر الزامات عائد کئے جانے کے سبب شندے سینا کے لیڈران نےپریس کانفرنس کرکے سخت برہمی کا ا ظہار کیا ہے ۔ ا س کے سبب تھانے میں جمعرات کو کشیدگی میں اضافہ کا اندیشہ ہے۔
اہل خانہ کے سنگین الزامات
مقتول کے اہل خانہ نے اس سے قبل ایک پریس کانفرنس میں سی سی ٹی وی فوٹیج اور ویڈیوز جاری کی تھیں جن میں سابق میئر میناکشی شندے کے شوہر راجندر شندے کو ملزمان کے ساتھ دیکھنے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ مقتول پردیپ پورنیکر کے بیٹے رام پورنیکر کو پولیس نے اس وقت حراست میں لے لیا تھاجب وہ اپنے والد کے قتل کے سازشیوں کی گرفتاری کیلئے نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کی رہائش گاہ کے باہر دھرنا دینے کیلئے آٹو رکشا میں جارہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: ۱۰۰؍میٹر کے دائرہ میں۳؍ ہیلتھ سینٹر۔ اسٹینڈنگ کمیٹی میں سوالات
تھانے میں ہنگامہ اور راستہ روکو احتجاج
رام پورنیکر کی گرفتاری کی خبر پھیلتے ہی پورنیکر کے اہل خانہ، حامی اور مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران سڑکوں پر نکل آئے اور نوپاڑہ پولیس اسٹیشن کے باہر اور گھوڑ بندر روڈ پر ٹائر جلا کر راستہ بلاک کر دیا جس کی وجہ سے رات بھر زبردست ٹریفک جام رہا اور تلاؤ والے علاقے میں کشیدگی پھیل گئی۔
پورنیکر کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ قتل کے۲۸؍ دن گزر جانے کے باوجود پولیس ماسٹرمائنڈ کو گرفتار نہیں کر رہی ہے۔ وہ سابق میئر میناکشی شندے اور ان کے شوہر راجندر شندے کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کر رہے ہیں جن سے حال ہی میں پولیس اور ایس آئی ٹی نے کئی گھنٹوں تک پوچھ گچھ بھی کی ہے۔
شندے گروپ کے لیڈروں کا جوابی حملہ
دوسری جانب شیو سینا( شندے ) کے لیڈر اور رکن پارلیمان نریش مہسکے اور ریاستی وزیر پرتاپ سرنائک نے مشترکہ پریس کانفرنس کی اور اعلان کیا کہ اگر کوئی شیو سینا (شندے)سربراہ اور نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرے گا اور انہیں بدنام کرنے کی کوشش کرے گا تو اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی اور اینٹ کا جواب پتھر سے دیا جائےگا۔ ان دونوں لیڈروں نےمقامی حامیوں کے ساتھ تھانے پولیس اسٹیشن کے اعلیٰ افسر سے بھی ملاقات کی اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے، راستہ روک کر عوام کو پریشان کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا ۔
ایکناتھ شندے کو نشانہ بنانے کی سازش
پرتاپ سرنائک نے ادھو ٹھاکرے گروپ کے لیڈر سنجے راؤت اور آدتیہ ٹھاکرے کا نام لے کر الزام لگایا کہ یہ لیڈران پورنیکر کے گھر گئے اور پولیس پر اصل ایف آئی آر سے ہٹ کر دیگر نام شامل کرنے کیلئے دباؤ ڈالا۔ ان کا واحد مقصد جان بوجھ کر ایکناتھ شندے کو اس کیس میں گھسیٹنا اور انہیں بدنام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکناتھ شندے نے پہلے ہی دن پولیس کو سخت کارروائی کی ہدایت دی تھی جس کے بعد ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی اور ملزمان کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ اگر اپوزیشن کے پاس کوئی ثبوت ہے تو وہ پولیس کو دیں۔