اپنے دورے میںطلبہ کی تعداد، اسکول کا نظم و ضبط، طلبہ کی اسکول یونیفارم میں صد فیصد حاضری کے ساتھ ساتھ اسکول کا تعلیمی معیار دیکھ کر سی ای او گپتا نے اطمینان کا اظہار کیا۔
EPAPER
Updated: September 25, 2023, 11:01 AM IST | Ismail Shad | Dhule
اپنے دورے میںطلبہ کی تعداد، اسکول کا نظم و ضبط، طلبہ کی اسکول یونیفارم میں صد فیصد حاضری کے ساتھ ساتھ اسکول کا تعلیمی معیار دیکھ کر سی ای او گپتا نے اطمینان کا اظہار کیا۔
ضلع پریشد سی ای او شوبھم گپتا (آئی اے ایس ) نے دھولیہ ضلع کے نرڈانہ قصبے کی ضلع پریشد اردو اسکول کا اچانک دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے مختلف زاویوں سے اسکول کا جائزہ لیا ۔ طلبہ کی تعداد، اسکول کا نظم و ضبط، طلبہ کی اسکول یونیفارم میں صد فیصد حاضری کے ساتھ ساتھ اسکول کا تعلیمی معیار دیکھ کر سی ای او گپتا نے اطمینان کا اظہار کیا۔ اہم بات یہ ہےکہ انہوں نے ضلع پریشد اردو اسکول کے طلبہ کے ساتھ بیٹھ کر کھانا بھی کھایا۔
اسکول انتظامیہ کےمطابق ضلع پریشد سی ای او نے ضلع پریشد اردو اسکول میں دو گھنٹے تک گزارے ۔ طلبہ اور اساتذہ سے بات چیت کی۔
اپنے اس دورے میں شوبھم گپتا نے طلبہ سے پوچھا کہ وہ مستقبل میں کیا بننا چاہتے ہیں ؟ جواب میں طلبہ کے عزائم سن کر انہوں نے داددی۔ایان غلام سرور نامی طالب علم سے گپتانے پوچھا کہ وہ بڑے ہوکر کیا بننا چاہتے ہیں ؟پانچویں جماعت کے اس طالب علم نے سائنسداں بننے کی خواہش ظاہر کی ۔سی ای او نے اس طالب علم سے سائنس سے متعلق سوال پوچھے۔ایان نے مطالعہ کی بنیاد پر ایسے ایسے جواب دئیے کہ سی ای او اس بچے کے حافظے، اس کی خود اعتمادی اور مطالعہ سے بہت متاثر ہوئے۔ آفیسر نے ضلع پریشد اسکول کا نظم و ضبط ، اسکول کیمپس ، طلبہ کی حاضری ،طلبہ کی سلیقہ مندی اور آفیسر سے ادب کے ساتھ بات چیت کا طریقہ دیکھ کر تعریف کی۔
امسال ضلع پریشد اردو اسکول میں پہلا سیمی انگلش اسکول شروع کئے جانے پر گپتا نے مبارکباد دی اور اسٹاف کے اقدام کی پزیرائی کی۔ یادرہےکہ سیمی انگلش اسکول کیپہلی جماعت میں ۸؍ طلبہ داخلے ہوئے ہیں ۔
اسکول کے نگراں صدر مدرس وسیم خان نے اسکول سے متعلق بتایا،’’ نرڈانہ قصبے میں مسلمانوں کے بمشکل ۳۰؍ سے ۳۵؍ مکان ہیں ۔ پہلی سے ۷؍ویں جماعت تک ضلع پریشد اسکول میں ۵۶؍طلبہ زیر تعلیم ہیں ۔تین کا اسٹاف ہے۔ ان کے ساتھ انصاری رفعت، انصاری محمد قاسم طلبی کو زیور علم سے آراستہ کرنے کیلئے بہت محنت کرتے ہیں ۔سی ای او نے دونوں ہی ٹیچر کی کلاس کا معائنہ کیا ۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا،’’ سی ای او گپتا سر نے اسکول کا باریک بینی سے ریکارڈ چیک کیا۔اسکول کی عمارت اور کمروں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے طلبہ سے گفتگو کی اور ان سے سوالات کئے۔طلبہ نے سی ای او گپتا کے ہر سوال کا اطمینان بخش جواب دیا۔‘‘ یادر ہےکہ ایک مہینے کے دوران آئی اے ایس سطح کے ۳؍افسران اس اسکول کا کر چکے ہیں ۔اس سے قبل نیمس ریاستی سطح کی کمیٹی کے وفد نے اسکول کا معائنہ کیا تھا۔گزشتہ ہفتے ہائی کورٹ کے جج خواجہ، ڈپٹی کلکٹر اور سیکنڈری ایجوکیشن آفسیرموہن دیسلے سر نے دورہ کیا۔ اسکول کی بنیادی سہولیات اور اسکول کا تعلیمی معیار دیکھ کر کمیٹیوں کے افسران متاثر ہوئے۔