Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’حکومت کسانوں سے کئے گئے سارے وعدے بھول چکی ہے ‘‘

Updated: June 24, 2026, 11:36 AM IST | Z A Khan | Nanded

ناندیڑ میں ہرش وردھن سپکال کی قیادت میں کسانوں کا مورچہ ، کانگریس لیڈر نے حکومت کو کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کا وعدہ یاد دلایا ۔

Protests.Photo:INN
احتجاج۔ تصویر:آئی این این
مہاراشٹرکانگریس کے صدر ہرش وردھن سپکال نے الزام عائد کیا ہے کہ نریندر مودی کے وزیر اعظم بننے کے بعد سے کسانوں کو ان کی فصلوں کے دام نہیں مل رہے ہیں۔ نیز حکومت نے کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا وعدہ بھی فراموش کر دیا ہے۔ ہرش وردھن سپکال کی قیادت میں منگل کے روز ناندیڑ میں کسانوں کا  ’آسود مارچ‘ کا نکالا گیا تھا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے  سپکال نے کہا کہ ۲۰۱۴ءمیں نریندر مودی نے عوام سے بے شمار وعدے کئے تھے۔ کسانوں کو فصلوں کی مناسب قیمت، کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے، سو اسمارٹ سٹی تعمیر کرنے، ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو روزگار فراہم کرنے، پیٹرول ڈیزل ۴۰؍ روپے فی لیٹر اور گیس سلنڈر ۴۰۰؍ روپے میں فراہم کرنے جیسے وعدے کئے گئے تھے، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد یہ تمام وعدے فراموش کر د یئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کا سات بارہ کورا کرنے کا وعدہ کرنے والی بی جے پی اب کسانوں کے نام زمین کے ریکارڈ سے مٹا کر اسے اڈانی اور امبانی کے نام کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ ضرورت نہ ہونے کے باوجود شکتی پیٹھ شاہراہ منصوبہ نافذ کیا جا رہا ہے تاکہ کسانوں کی زمینیں حاصل کی جا سکیں۔
 
 
انہوں نےکہا کہ نوجوانوں کے پاس ڈگریاں ہیں لیکن ملازمتیں نہیں ہیں، ہر سال پرچہ لیک ہونے کے واقعات سامنے آ رہے ہیں، جبکہ ’لاڈلی  بہن اسکیم‘  کا وظیفہ بڑھا کر ۲۱؍ سو روپے کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن ۱۵۰۰؍ روپے دیتے ہوئے بھی ۸۰؍ لاکھ خواتین کو اسکیم سے باہر کر دیا گیا۔
 
 
اس موقع پر کانگریس کے ایک وفد نے ضلع کلکٹر کو میمورنڈم بھی پیش کیا۔ احتجاج میں رکن پارلیمان رویندر چوہان، وٹھل پاوڑے،  یشپال بھنگے، عبدالغفار عبدالستار، ہنومنت راؤ پاٹل، راجیش پاوڑے، پپو پاٹل کونڈیکر، بالاجی گاڑے پاٹل، شروَن راپنواڑ، دھن راج راٹھور سمیت بڑی تعداد میں کانگریس عہدیداران اور مقامی کسان موجود تھے۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK