Inquilab Logo

ریاست میں لاک ڈاؤن ۳۱؍ اگست تک بڑھادیا گیا

Updated: August 01, 2020, 8:15 AM IST | Iqbal Ansari | Mumbai

مشن بگین اگین کے تحت ۵؍اگست سے شاپنگ مال اور شاپنگ کمپلیکس شروع کرنے کی اجازت ۔ ریسٹورنٹ اور فوڈپلازہ کو ہوم ڈیلیوری تک ہی محدود رکھا گیا۔

For Representation Purpose Only. Photo INN
علامتی تصویر۔ تصویر: آئی این این

مرکزی حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن میں توسیع کے بعد مہاراشٹر حکومت نے بھی ریاست میں ۳۱؍ اگست تک لاک ڈاؤن بڑھادیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ’مشن بگن اگین‘ کے تحت لاک ڈاؤن میں کچھ راحت دینے کا بھی یقین دلایا ہےاور اس کیلئے رہنماخطوط بھی جاری کئے ہیں لیکن عید الاضحی ٰ کے لئے کوئی راحت کا اعلان نہیں کیاگیا ہے۔ ’مشن بگن اگین‘ کے تحت ریاستی حکومت نے شاپنگ مال ،شاپنگ کمپلیکس اور آؤٹ ڈور گیمس کو ۵؍ اگست سے شروع کرنےکی مشروط اجازت تو دی ہے لیکن ریسٹورنٹ اور فوڈ پلازہ کو ہوم ڈیلیوری تک ہی محدود رکھا ہے اور وہاں بیٹھ کر کھانا کھانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ بھیڑ بھاڑ اور عوامی تقریبات پر پابندی برقرار ہے البتہ شادی کیلئے بغیر اے سی ہال میں زیادہ سے زیادہ ۵۰؍افراد، تدفین کیلئے زیادہ سے زیادہ ۲۰؍ افراد کو شرکت کی اجازت دی گئی ہے۔ 
شہری انتظامیہ کواپنی جانب سے پابندی کا اختیار
 نئی گائیڈ لائن کے مطابق بھی شہریوں کوعوامی مقامات پر ماسک لگانا اور فزیکل ڈسٹینسنگ (۶؍ فٹ کی دوری ) برقرار رکھنا لازمی ہے۔اس کے علاوہ عوامی مقامات پر تمباکو نوشی اور تھوکنے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت نے شہری انتظامیہ کو یہ اختیار بھی دیا ہےکہ وہ اپنی سہولت کے مطابق پابندی عائد بھی کر سکتے ہیں ۔
 یہ امید کی جارہی تھی کہ سنیما ہال اور جمخانےکھولنے کی اجازت دی جائے گی لیکن ریاستی حکومت نے اِن ڈور سرگرمیوں پر پابندی برقرار رکھی ہے۔
نئے رہنماخطوط
جہاں تک ہو سکے گھر سےہی کام کیا جائے۔ 
سرکاری محکموں میں ۱۵؍ فیصد یا ۱۵؍ افراد جو بھی زیادہ ہو، انہیں دفتر میں کام کرنے کی اجازت ہوگی ۔ اسی طرح نجی اداروں میں ۱۰؍ فیصد یا ۱۰؍ افراد جو بھی زیادہ ہے، انہیں آفس میں کام کرنے کی اجازت ہوگی۔
آفس کے گیٹ پر جسم کے درجۂ حرارت کی پیمائش کرنے کا نظم کیا جائے اور وقتافوقتاً صاف صفائی کا اہتمام کیاجائے۔
دفتر میں ملازمین فزیکل ڈسٹینسنگ کے خیال رکھتے ہوئے کام کریں گے۔
یکم اگست سے دکانیں اور شاپنگ مال صبح ۹؍ بجے تا شام ۷؍ بجے تک کھلے رکھے جاسکیں گے ۔
 ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن میں واقع میونسپل کارپوریشن کے مابین انتہائی لازمی کاموں اور دفتر کے کام کیلئے گاڑی سے آمدورفت کی اجازت ہوگی لیکن خریداری کرنے کیلئے شہریوں کو ان کے قریبی شاپنگ سینٹر میں جانا ہوگا، دورکے شاپنگ جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔
اخبار کی تقسیم اور ہوم ڈیلیوری کی اجازت ہوگی۔
آؤٹ ڈور گیمس : گولف، آؤٹ ڈور فائرنگ، آؤٹ ڈور ٹیبل ٹینس جیسے کھیل فزیکل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھتے ہوئے کھیلنے کی اجازت ہوگی۔
ٹیکسی ، کیب ،آگری گیٹر میں انتہائی ضروری کام کیلئے ڈرائیور اور۳؍ مسافر ، آٹو رکشا میں ڈرائیور اور ۲؍  مسافر اور موٹر سائیکل پر ماسک اور ہیلمٹ کے ساتھ سوار اور ایک مسافر ( ۲؍ افراد) کو اجازت دی گئی ہے۔
تھانے : ۳۹؍ ہاٹ اسپاٹ میں ۳۱؍ اگست تک لاک ڈاؤن میں توسیع
ورونا وائرس سے تحفظ کیلئے ریاست میں متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن میں توسیع کرنے کے اعلان کے بعد تھانے میونسپل کارپوریشن ( ٹی ایم سی ) نے بھی لاک ڈاؤن میں ۳۱؍ اگست تک توسیع کردی ہے۔ یہ لاک ڈاؤن سبھی علاقوں میں نہیں بلکہ ۷؍ وارڈ کمیٹیوں کے ۳۹؍ ہاٹ اسپاٹ میں نافذ کیا جائے گا جہاں اب بھی کورونا وائرس کے مریضوں پائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ میونسپل کمشنر ڈاکٹر وپن شرما کی جانب سے ۳۱؍ اگست کو کورونا سے تحفظ کیلئے لاک ڈاؤن کے نئے رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں ۔ میونسپل زون اور وارڈکمیٹیوں کے اعتبار سے ۳۹؍ ہاٹ اسپاٹ کی فہرست بھی جاری کی گئی ہے۔ ان ہاٹ اسپاٹ میں لاک ڈاؤن سختی سے نافذ کیاجائے گا البتہ ایمرجنسی سروسیز اور میڈیکل اسٹورس اور دودھ کی دکانوں کے علاوہ دیگر اشیاء کی دکانیں کھولنے کی اجازت نہیں ہوگی۔دیگر علاقوں میں پی -۱؍ اور پی-۲؍ کے اصول کے مطابق دکانیں صبح ۹؍بجے تا شام ۷؍ بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی۔ دی گئی راحت میں بھی سبھی شہریوں کو منہ پر ماسک لگانا اور فزیکل ڈسٹینسنگ کا خیال رکھنا لازمی ہوگا۔
 تھانے میونسپل کارپوریشن میں کل ۹؍ وارڈ کمیٹیوں میں سے ۷؍ وارڈ کمیٹیوں میں کل ۳۹؍ ہاٹ اسپاٹ ہیں ۔ البتہ ممبرا اور دیوا وارڈ کمیٹیوں میں ایک بھی ہاٹ اسپاٹ نہیں ہے۔ہاٹ اسپاٹ کی تفصیل : کلوا وارڈ کمیٹی :۱۱؍ ہاٹ اسپاٹ۔ واگلے اسٹیٹ وارڈ کمیٹی : ۳؍ ہاٹ اسپاٹ۔ نوپاڑہ وارڈ کمیٹی :۸؍ ہاٹ اسپاٹ۔ ماجھی واڑہ-مانپاڑہ وارڈ کمیٹی : ایک ہاٹ اسپاٹ۔ اتھلسر وارڈ کمیٹی : ۶؍ ہاٹ اسپاٹ ۔ ورتک نگر وارڈ کمیٹی : ۷؍ ہاٹ اسپاٹ۔ لوکمانیہ نگر-ساورکر نگر وارڈ کمیٹی : ۳؍ ہاٹ اسپاٹ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK