حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ اسرائیل کیخلاف ہماری فتح بہت قریب ، یہ شہادتیں اسی کی نشانی ہیں۔
EPAPER
Updated: April 13, 2024, 11:43 PM IST | Agency | Jerusalem
حماس کے سربراہ خالد مشعل نے کہا کہ اسرائیل کیخلاف ہماری فتح بہت قریب ، یہ شہادتیں اسی کی نشانی ہیں۔
فلسطینی تنظیم حماس بیرون سربراہ خالد مشعل نے اپنے ساتھی اور حماس کے سیاسی سربراہ اسماعیل ہانیہ کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح طور پر کہا کہ یہ شہادتیں جنگ میں ایک اہم سنگ میل ہیں۔ یہ واقعہ اس جنگ کے انجام کو مزید تیز کردے گا اور غاصب صہیونی دشمن کے خلاف عالمی غیض وغضب میں اضافہ کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے: مشرق وسطیٰ کے حالات دھماکہ خیز، جنگ کا خطرہ
خالد مشعل نے ہانیہ کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت کےحوالے سے منعقدہ تعزیتی پروگرام سےخطاب کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کی پہلی جنگ ۲۰۰۸ءمیں شیخ نزار ریان شہید ہوئے تھے۔ ان کے بعد وزیر الشیخ سعید صیام نے جام شہادت نوش کیا تو میں نے کہا تھا کہ اب جنگ ختم ہو چکی۔ یہ دشمن کے دیوالیہ ہونے کی علامت تھی ۔ وہ ایسے حملوںکے ذریعے فرار کا راستہ ڈھونڈ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ میں سمجھتا ہوں کہ اگرچہ اس معرکے میں عظیم شہداء بشمول قائدین، فرزندان اور معزز خاندان شامل ہیں لیکن ہمارے قائد ابو العبد (اسماعیل ہانیہ) کے بیٹوں اور پوتوں کی شہادت اس جنگ میں ایک سنگ میل ہے اور جلد ہی اس جنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ہماری فتح قریب ہے ۔ دشمن کو بھی یہ احساس ہو چکا ہے۔
خالد مشعل نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ہانیہ کے بیٹوں اورپوتوں کی شہادت اس جنگ میں ایک اہم موڑ اور اعزاز کا نشان ہونے کے علاوہ اس خاندان کے بہت سے افراد کے عروج کی بھی علامت ہے۔اس جنگ میں اسماعیل ہانیہ اپنے خاندان کے بہت سے افراد کے شہید ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ شہادت بہت کم لوگوں کو نصیب ہوتی ہے اور ہانیہ کے پاس وہ اعزاز ہے۔