Inquilab Logo

ممبئی سینٹرل اسٹیشن کے باہر سڑک کو جزوی طور پر کھول دیا گیا

Updated: March 29, 2024, 10:47 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

میٹرو ریل کی تعمیر کیلئے راستہ بند کرنے سے ہزاروں لوگوں کا روزگار متاثر ہوا ہے۔ اب راستہ کھلنے سے انہیں کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔

Motorists are seen passing by on the road outside Mumbai Central. Photo: Inquilab
ممبئی سینٹرل کے باہر سڑک سے گاڑی والے گزرتے نظر آرہے ہیں۔ تصویر: انقلاب

 زیر زمین میٹرو ریل کی تعمیر کیلئے ممبئی سینٹرل اسٹیشن کے باہر آگری پاڑہ پر شمال کی طرف جانے والی سڑک کو بند کردیا گیا تھا اور تقریباً ۶؍ برس کا عرصہ گزرنے کے بعد اس راستے کو جزوی طور پر کھول دیا گیا ہے جس سے یہاں کاروبار کرنے والوں کوراحت ملی اور انہیں یہ امید بندھی  ہے کہ مستقبل قریب میں یہاںروزگار کیلئے  دوبارہ راستہ کھل جائے گا۔ یاد رہے کہ انقلاب نے جنوری ۲۰۲۳ء کے شمارے میں تفصیلی خبر شائع کی تھی کہ کس طرح یہاں سڑک بند ہونے سے نجی بسوں، ریسٹورنٹ، ہوٹل اور سیلون وغیرہ کے کاروبار بُری طرح متاثر ہوئے ہیں۔
 میٹرو کا کام شروع ہونے سے قبل ممبئی سینٹرل اسٹیشن کے باہر کی سڑک پر بیک وقت کئی نجی بسیں کھڑی رہتی تھیں اور اس جگہ سے سیکڑوں افراد کے روز گار صرف نجی بس ایجنسیوں سے چلاکرتے تھے۔ یہاں قطار سے نجی ٹراویل ایجنسیوں  کے کئی اسٹال بھی تھے جن میں سے بیشتر نے اپنا کام تبدیل کردیا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: شیوسینا ( شندے) کی پہلی فہرست جاری ، ناسک اور تھانے سیٹ پر رسہ کشی برقرار

ممبئی سینٹرل پر بین الریاست سفر کیلئے نجی بسوں کی ایجنسی چلانے والے سریش شیٹی نے کہا کہ ’’جزوی طور پر راستہ تو کھل گیا ہے لیکن سڑک کے کنارے اب بھی کام جاری ہے اور ہمیں بی ایم سی یا سرکار کی طرف سے اپنی پُرانی جگہ پر واپس جانے کے تعلق سے اجازت نہیں دی گئی ہے۔‘‘ 
 بات چیت کے دوران انہوں نے یہ سوال بھی کیا کہ ’’کیا ہمیں اپنی پُرانی جگہ پر واپس کاروبار کرنے کی اجازت ملے گی؟‘‘ واضح رہے کہ سریش شیٹی کو سامنے کی سڑک پر واقع ایس ٹی ڈپو کے باہر بیلاسس روڈ کے کنارے اسٹال دیا گیا ہے جہاں سے وہ اپنا کاروبار چلارہے ہیں۔ البتہ یہاں نجی بسیں کھڑی کرنے کی جگہ نہیں ہوتی اس لئے ان کے مسافروںکو مختلف مقامات سے بس پکڑنی پڑتی ہے۔ 
 اس جگہ ٹراویل ایجنسی چلانے والے شفیع اللہ نے کہا کہ ’’جب ہمیں پُرانی جگہ سے ہٹایا گیا تھا تو ہمیں تحریری یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ میٹرو ریل کا کام مکمل ہونے کے بعد ہمیں اس جگہ واپس آنے کی اجازت دی جائے گی۔ اب جبکہ یہ سڑک جزوی طور پر کھل گئی ہے، ہمیں امید ہے کہ مستقبل قریب میں ہم اپنی پُرانی جگہ پر جاکر کاروبار کرسکیں گے۔‘‘
 واضح رہے کہ اس سڑک کے کنارے اب بھی کچھ کام چل رہا ہے جس کی وجہ سے سڑک اور فٹ پاتھ کے درمیان اب بھی رکاوٹیں قائم ہیں۔ اس دوران اس راستے پر سڑک کے درمیانی حصہ پر میٹرو ریل کا کام جاری ہے اور درمیانی حصہ کو بند رکھا گیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK