Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’ایس آئی آر کے تعلق سے گھروں میں بیٹھنے کی نہیں ،کام کرنے کی ضرورت‘‘

Updated: July 13, 2026, 11:02 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

جمعیۃ علماء کے مجلس منتظمہ کے اجلاس میںاظہار خیال،اس اجلاس میںمدارس دینیہ، نشہ کی لت اور ہندو مسلم اتحاد جیسے متعدد اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔

Participants of the meeting of the organizers held at Hajj House.Photo:INN
حج ہاؤس میں منعقد ہ منتظمہ کے اجلاس کے شرکاء۔ تصویر:آئی این این
 اتوار کو حج ہاؤس میں جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی مجلس منتظمہ کے درمیانی ٹرم کا اجلاس ہوا۔ اس میں مختلف اہم موضوعات کا احاطہ کیا گیا۔ یہ اجلاس۳؍ گھنٹے تک جاری رہا اور اس میں ریاست بھر سے  ایک ہزار سے زائد ممبران مجلس منتظمہ نے شرکت کی۔ مفتی محمد یوسف قاسمی (جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء مہاراشٹر) نے رپورٹ پیش کی اور مولانا حلیم اللہ صاحب قاسمی نے صدارتی خطبہ دیا۔ مولانا نے جمعیۃ علماء کے منہج، طریقہ کار اور اس کی تاریخ کو بیان کرتے ہوئے اس تنظیم کو خالص مذہبی تنظیم بتایا۔ مولانا حلیم اللہ قاسمی نے ملک کے موجودہ حالات میں فرقہ واریت کا مقابلہ کرنے کے لئے ہندو مسلم اتحاد اور مسلم معاشرے میں اخلاقی سدھار پر بطور خاص زور دیا۔
 
 
ایس آئی آر سے متعلق تجویز جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے نائب صدر مولانا محمد عارف عمری نے پیش کی۔ اس میں میپنگ اور انومریشن فارم پر کرنے کا طریقہ بتایا اور اس بات پر خاص توجہ دلائی کہ اپنے گھروں میں بیٹھ کر بی ایل او کا انتظار نہ کریں بلکہ جگہ جگہ کیمپ لگائیں، وہاں لوگوں کو اکٹھا کریں اور بی ایل او کو اس کیمپ میں بلاکر لوگوں کے فارم بھرنے میں مدد کریں۔
مولانا عمری نے یہ بھی کہا کہ پہلے مرحلے کے ایس آئی آر میں صرف ایک عدد فارم پر کرایا جاتا تھا، اس دفعہ دو یکساں فارم بھر کر بی ایل او کا دستخط لیکر ایک عدد فارم اپنے پاس رکھنے کی سہولت رکھی گئی ہے۔دوسرے ایس آئی آر کے پہلے مرحلے میں میپنگ کرانے کی وجہ سے انومریشن فارم بھرنا آسان ہوگیا ہے۔مولانا عمری نے مزید کہا کہ ۲۰۰۲ءکی لسٹ جس سے میپنگ کی گئی ہے، اس کا فوٹو اپنے پاس سنبھال کر رکھیں۔
اس اجلاس میں بحیثیت مہمان خصوصی  خطاب کرتےہوئے ایڈوکیٹ عمران خان کہا کہ ایس آئی آر سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ہمت کے ساتھ اس کا مقابلہ کرنے کی کوشش کرنی ہوگی اور اس کے لئے ذہنی طور پر تیار رہنا ہوگا۔
 
 
اس اجلاس میں ایس آئی آر کے علاوہ استحکام جمہوریت، مکاتب دینیہ کی اہمیت، سماج سے نشہ خوری کا خاتمہ، سوشل میڈیا کے استعمال میں احتیاط اور جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی توسیع کے تئیں فکرمندی اور ہندو مسلم اتحاد کے عناوین پر تجاویز پیش کی گئیں۔جمعیۃ علماء ہند نے ملک میں روز بروز بڑھتی جارہی فرقہ پرستی ، تشدد و جارحیت کے سد باب کے لئےہندو مسلم اتحاد کے نام سے ایک فورم تشکیل دیا ہے جس کے کنوینر مولانا سید اسجد مدنی (نائب صدر ) ہیں، اس کے زیراہتمام اگست میں اجلاس عام کا انعقاد کیا جائے گا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK