مختلف ریاستوں کے وزرائے زراعت کیساتھ آن لائن میٹنگ میں زرعی پیداوار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
EPAPER
Updated: June 22, 2024, 11:00 AM IST | Agency | New Delhi
مختلف ریاستوں کے وزرائے زراعت کیساتھ آن لائن میٹنگ میں زرعی پیداوار بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دالوں کی پیداوار کو فروغ دینے کیلئے مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے کسانوں کو ارہر، اُڑد اور دیگر دالوں کی۱۰۰؍ فیصد خریداری کا یقین دلایا ہے۔ چوہان نے جمعہ کو یہاں کہا کہ فصلوں کے تنوع کو یقینی بنانے اور دالوں کی پیداوار میں ملک کو خودکفیل بنانے کے لیے ارہر، اُڑد اور دیگر دال کی کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر خریداری کے لیے مرکزی حکومت پابند عہد ہے۔ مختلف ریاستوں کے وزرائے زراعت کے ساتھ آن لائن میٹنگ میں انہوں نے کہا کہ کسانوں کے رجسٹریشن کیلئے نیشنل ایگریکلچر کوآپریٹو مارکیٹنگ فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ (نیفیڈ ) اور نیشنل کوآپریٹو کنزیومر فیڈریشن آف انڈیا لمیٹڈ ( این سی سی ایف ) نے ای سمردھی پورٹل شروع کیا ہے اور سرکاری پورٹل پر رجسٹرڈ کسانوں سے یہ دالیں ایم ایس پی پر خریدنے کیلئے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھئے: لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کشمیر ٹریڈ شو۲۰۲۴ء کا افتتاح کیا
یہ اجلاس ملک میں دالوں کی پیداوار بڑھانے پر فوری توجہ دینے کی ضرورت کے پیش نظر بلایا گیا ہے، تاکہ درآمدات کو کم کیا جا سکے۔ دال پیدا کرنے والی بڑی ریاستوں جیسے مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، راجستھان، یوپی، گجرات، کرناٹک، بہار، تلنگانہ کے وزرائے زراعت میٹنگ میں موجود تھے۔ زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت رام ناتھ ٹھاکر اور بھاگیرتھ چودھری، زراعت کے سکریٹری منوج آہوجا اور محکمہ زرعی تحقیق اور تعلیم کے سیکریٹری اور انڈین کونسل آف ایگریکلچرل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ہمانشو پاٹھک بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چوہان نے ریاستی حکومتوں پر زور دیا کہ وہ زیادہ سے زیادہ کسانوں کو اس پورٹل پر رجسٹر کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ۲۰۲۷ء تک ملک کو ان تینوں فصلوں کی پیداوار میں خود کفیل بنانے کا ہدف ہے۔