ان میں سے ایک دینیات کےاستاد ہیں ، ایک صوفہ میکر ہیں اور۲؍طالب علم ہیں ۔
حافظ مولانا شبیر احمد قاسمی،حافظ محمد وسیم اکرم خان،حافظ محمد نوازش اور حافظ محمد حسنین محفوظ الرحمٰن- تصویر:آئی این این
ملئے ان ۴؍ حفاظ سے جنہوں نے بالترتیب ۱۰؍ دن ،۱۴؍ دن اور۱۵؍ دن میں تراویح میں قرآن کریم مکمل کیا۔ ان میں سے ایک استاد، ۲؍ طالب علم اور ایک صوفہ میکر ہیں۔
حافظ مولانا شبیر احمد قاسمی نےامسال کرلا (مشرق) میں ۱۰؍ روزہ ترایح پڑھائی، وہ ۳۱؍ برس سے تراویح پڑھا رہے ہیں۔ان کا تعلق ضلع بلرام پور (یوپی) سے ہے۔ حفظ کرنے کے بعد پہلی تراویح اپنے گاؤں متھوریہن ڈیہھ میں پڑھائی۔ اس کے بعد فیض آباد میں، اس کے بعد گورا چوکی میں، اس کے بعد ڈومریا گنج کے پاس بتھریا روڈ کی مسجد میںپڑھائی۔ اس کے بعد معاش کے لئے ۲۰۰۳ء میں ممبئی آگئے ، یہاں الگ الگ علاقوں گھاٹکوپر ، اندھیری ، مجگاؤں اور اب کرلا میں کئی برس سے تراویح پڑھانے کا سلسلہ جاری ہے۔
حافظ شبیر احمد نے حفظ فیضان العلوم دَتلوپور میں مولانا جعفر صاحب اورحافظ خلیق الزماں کے پاس کیا اور دَور فرقانیہ گونڈہ میں حافظ رضی الدین کے پاس۔ دارالعلوم دیوبند سے ۲۰۰۳ء میں فراغت ہوئی۔ اس وقت دینیات (کرلا) میں استاد ہیں۔
حافظ محمد وسیم اکرم نے میٹرو بینکویٹ ہال (مالونی مہاڈ) میں ۱۵؍روزہ تراویح پڑھائی ۔وہ ۴؍برس سے پڑھا رہے ہیں ۔انہوں نے حفظ دارالعلوم غوثیہ رضویہ الٰہ آباد سے کیا اور عالمیت جامعہ امام احمد رضا (رتناگیری )سے کررہے ہیں۔ حافظ وسیم اکرم خان کا آبائی وطن کٹیہار (بہار) ہے۔ان کے مطابق چونکہ ابھی طالب علمی کا دَور ہے، اس لئے قرآن پاک کادور جاری رہنے کے سبب تراویح پڑھانا آسان ہے، لقمے کا بھی زیادہ احتمال نہیںرہتا۔
حافظ محمد نوازش نے ماروے روڈ پر واقع فرنیچر فیکٹری میں ۱۵؍ روزہ تراویح پڑھائی ۔حفظ کرنے کے بعد وہ ۵؍برس سے تراویح پڑھا رہے ہیں۔ گاؤں کے قریب واقع جامعہ تجویدالقرآن میں قاری محمداحمد کے پاس حفظ کیا۔ پہلی تراویح انہوںنےقصبہ نہٹو ر(بجنور) کےپاس اپنے گاؤں کی مسجد میںپڑھائی ۔ اس کےبعد سے بلا ناغہ پڑھارہے ہیں ۔ ان کا کہنا ہے کہ معاش کے لئے صوفہ میکنگ کا ہنر سیکھا مگر قرآن کریم پڑھنے پڑھانے کا سلسلہ جاری رہا ۔ اسی کی برکت ہے کہ بدھ کی شب میںقرآن کریم تراویح میںمکمل کیا ۔ میں یہ سمجھتا ہوں کہ حافظ قرآن کسی بھی پیشے سےوابستہ ہو،وہ قرآن کی تلاوت جاری رکھے اور تراویح پڑھائے توہمیشہ قرآن پاک یاد رہے گا ۔
حافظ محمد حسنین نے پہلی مرتبہ نالاسوپارہ میں ادارۂ طیبہ میں ۱۴؍ روزہ تراویح پڑھائی۔ یہ معروف ادارہ فیض ابرار (اورنگ آباد )کے طالب علم ہیں ۔ ان کے والد محفوظ الرحمٰن بھی عالم ہیں۔ حافظ حسنین نے چونکہ نےایک سال قبل ہی حفظ مکمل کیا اور دَور کیا ہے، اس لئے ان کا کہنا ہےکہ بآسانی قرآن کریم سنایا،لقمے کی نوبت بھی کم آئی۔ ان کا آبائی وطن بہار ہے ۔