• Sun, 22 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

’’وہ لوگ ملک کو بھی تاریکی میں ڈال دینا چاہتے ہیں‘‘

Updated: November 22, 2026, 11:06 AM IST | Kochi

بلقیس بانو کی ملک کے موجودہ حالات پر تنقید ، افسوس ظاہر کیاکہ ’’ ہم پرحملہ کے وقت حملہ آوروں کے ساتھ غنڈے تھے مگر آج پولیس اور انتظامیہ اُن کا ساتھ دے رہے ہیں۔‘‘

Bilkis Bano. Photo: INN
بلقیس بانو۔ تصویر: آئی این این

گجرات فسادات کی متاثرہ بلقیس بانو نے سنیچر کو کوچی میں کہا کہ ’’جن لوگوں نے میری زندگی کو تاریک کیاتھا  وہ لوگ اب پورے ملک کو تاریکی میں ڈال دینے کی کوشش کررہے ہیں۔‘‘ گجرات فساد  کے بعد انصاف کی لڑائی میں جرأت  اور حوصلے کی علامت بن کر ابھرنےوالی بلقیس بانو نےاس بات پر تشویش کااظہار کیا کہ انہوں  نے اوران کے اہل خانہ نے جن مظالم کا سامنا کیا وہ مظالم  ملک بھر میں بار بار رونما ہورہے ہیں۔

ویلفیئر پارٹی آف انڈیا کی کیرالا  اکائی کی ریاستی کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے بلقیس  بانو نے کہا کہ ان کے ساتھ پیش آنے والے سانحہ کے   ذمہ دار آج بھی ان کے خاندان کا تعاقب کررہے ہیں۔ ویلفیئر پارٹی کی جانب سے جاری کردہ پریس  ریلیز کے مطابق انہوں نے یہ باتیں منتظمین کے ساتھ گفتگو  میںکہیں۔بلقیس  نے اپنا درد بیان کرتے ہوئے موجودہ حالات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ   ’’جب ہم پر حملہ ہوا تھا تو غنڈے اور مجرم حملہ آوروں کے ساتھ کھڑے تھے، لیکن آج پولیس، افسران اور انتظامیہ مل کر ان کے مفادات کیلئے کام کررہے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: بہار کو۳۴؍ ہزار۴۷۰؍کروڑ روپے کی سوغات

انہوں نے کہا کہ ان کے مقدمے کے ۲؍ سزا یافتہ مجرموں کی سزا کا  سپریم کورٹ کی جانب سے معطل کیا جانا ان کیلئے  بہت بڑا صدمہ  ہے۔ بلقیس کے مطابق جس عدلیہ سےآخری امید وابستہ تھی، اس سے بھی مایوسی کا سامنا کرنا تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ’’ ان تاریک حالات میں بھی مجھے کیرالا سے امید نظر آتی ہے۔ یہاں آنے کے بعد مجھے جس محبت اور اپنائیت کا احساس ہوا ہے، اس سے مجھے بہت خوشی ملی ہے۔‘‘ 

بلقیس نےبار بار اپنے زخم ہرے ہونے  کے پس منظر میں کہاکہ ’’میں چاہتی ہوں کہ اپنی زندگی میں پیش آنے والے تمام واقعات کو ایک برا خواب سمجھ کر بھلا دوں۔ میں نے کبھی کسی سے بدلہ لینے کے بارے میں نہیں سوچا۔ مجھے بدلہ نہیں بلکہ فطری انصاف چاہیے۔‘‘ انہوں نے  لوگوں سے اپیل کی کہ وہ انصاف کی جدوجہد میں ان کا ساتھ دیں۔ ملک کے حالات پر بلقیس نے کہا کہ گجرات میں انہوں نے جن مظالم کو دیکھا اور برداشت کیا، وہی اب ملک کے مختلف حصوں میں دہرائے جارہے ہیں۔ تقریب میں مختصر خطاب کے دوران انہوں نے انصاف کی لڑائی میں ان کا ساتھ دینے والوں کا  شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں انصاف کی تلاش میں ملک بھر میں بھٹکنے پر مجبور ہونا پڑا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK