نوٹس پر ’ایم ایسٹ‘ کی وارڈ آفیسر الکا سسانے کے دستخط ہیں اور یہ نوٹس بیگن واڑی، ذاکر حسین نگر اور شیواجی نگر میں واقع جھوپڑوں پر چسپاں کئے جارہے ہیں۔ کارپوریٹر نے کارروائی کی مخالفت کی۔
EPAPER
Updated: November 22, 2026, 11:34 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
نوٹس پر ’ایم ایسٹ‘ کی وارڈ آفیسر الکا سسانے کے دستخط ہیں اور یہ نوٹس بیگن واڑی، ذاکر حسین نگر اور شیواجی نگر میں واقع جھوپڑوں پر چسپاں کئے جارہے ہیں۔ کارپوریٹر نے کارروائی کی مخالفت کی۔
ستمبر میں بی ایم سی نے اچانک اعلان کردیا تھا کہ اس کی حدود میں واقع ۱۴؍ فٹ سے زیادہ اونچے جھوپڑوں کے خلاف ۳؍ مہینوں کی خصوصی مہم کے دوران انہدامی کارروائی کی جائے گی۔ البتہ سیاسی مداخلت کے بعد اس فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا گیا لیکن گزشتہ ۲؍ ہفتوں سے اچانک گوونڈی کے مختلف علاقوں میں شہری انتظامیہ نے ۱۴؍ فٹ سے زیادہ اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کا نوٹس چسپاں کرنا شروع کردیا ہے جس کی وجہ سے عوام میں بے چینی پھیل گئی ہے۔متذکرہ نوٹسوں پر ’ایم ایسٹ‘ کی وارڈ آفیسر الکا سسانے کے دستخط ہیں اور یہ نوٹس بیگن واڑی، ذاکر حسین نگر اور شیواجی نگر میں واقع جھوپڑوں پر چسپاں کئے جارہے ہیں۔
شیواجی نگر میں رہنے والے کمال صدیقی نے انقلاب کو بتایا کہ ’’ہمارے یہاں ۲؍ افراد بدھ کو ہر گھر پر نوٹس چسپاںکرتے ہوئے جارہے تھے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ’’ یہ نوٹس ۱۴؍ فٹ سے زیادہ اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کے تعلق سے ہیں۔ یہ پوچھنے پر کہ یہ معاملہ ختم ہوگیا تھا، انہوں نے جواب دیا کہ ’اوپر‘ (اعلیٰ افسران) کے حکم پر ایسا کیا جارہا ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: سندھو درگ میں ملک کا پہلا زیر آب عجائب گھر بنانے کا منصوبہ، تکمیل ۲۰۲۸ء تک متوقع
کمال نے مزید کہا کہ اس نوٹس کی وجہ سے بظاہر لوگ پریشان تو ہیں لیکن یہاں یہ بھی باتیں چل رہی ہیں کہ تقریباً۴۰؍ ہزار جھوپڑے یہاں ہیں تو اتنی بڑی تعداد کے خلاف کارروائی کرنا آسان نہیں ہے اس لئے کچھ حد تک اطمینان بھی ہے کہ شاید کارروائی نہ ہو۔ تاہم پھر ذہن میں یہ سوال بھی آتا ہے کہ اگر کارروائی نہیں کرنی ہوتی تو نوٹس کیوں لگایا جارہا ہے؟
متذکرہ نوٹس میں ۲۴؍ گھنٹوں میں تعمیرات سے متعلق دستاویز کی کاپی فراہم کرنے یا پھر خود ۱۴؍ فٹ سے زیادہ اونچائی کی تعمیر کو منہدم کرنے کو کہا گیا ہے۔ اس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر بی ایم سی نے انہدامی کارروائی کی تو اس کے اخراجات مالک مکان سے ہی لئے جائیں گے او ر انہیں ۳؍ سال کی قید کے ساتھ ۵؍ ہزار روپے تک جرمانہ کی سزا ہوسکتی ہے۔
اس تعلق سے مقامی سماجی کارکن ایڈوکیٹ شیخ فیاض عالم نے کہا کہ ’’ممبئی کی میئر ریتو تائوڑ نے یقین دہانی کرائی تھی کہ ۱۴؍ فٹ سے زیادہ اونچے جھوپڑوں کو منہدم کرنے کی کوشش کی جاتی ہے تو وہ خود اس جگہ جاکر حالات معلوم کریں گی۔ اس لئے ہم نے انہیں سوشل میڈیا کے ذریعہ یاد دہانی کرائی ہے اور پیر کو ہم مقامی وارڈ آفیسر سے اس تعلق سے ملاقات کرنے والے ہیں تاکہ انہدامی کارروائی نہ ہو۔ اس کے بعد بھی ضرورت پیش آئے گی تو ہم دیگر اعلیٰ افسران سے رابطہ قائم کریں گے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: یوسی سی سے متعلق آج اور کل سماعت، ملّی اورسماجی تنظیموں کے نمائندے شرکت کیلئے تیار
اے آئی ایم آئی ایم کے کارپوریٹر ضمیر قریشی نے کہا کہ ’’ہم نے وارڈ آفیسر الکا سسانے اور ڈپٹی میونسپل کمشنر سے ملاقات کرکے ان نوٹسوں پر سوالات کئے تھے اور انہدامی کارروائی نہ کرنے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’گوونڈی میں ایک بڑی آبادی دیگر مقامات سے منتقل ہوکر یہاں آئی ہے اس لئے انہیں یہاں سے ہٹانے کیلئے پہلے بازآباد کاری کی پالیسی میں ترمیم کرنی پڑے گی۔ہم نے ان سے صاف طور پر کہا کہ جو پرانے جھوپڑے ہیں انہیں کچھ مت کیجئے البتہ نئے جھوپڑے تعمیر نہ ہونے دیجئے لیکن آپ ہی کے افسران پیسے لے کر تعمیرات ہونے دیتے ہیں اور پھر انہیں منہدم کرنے کے نام پر پھر پیسے اینٹھتے ہیں۔‘‘