پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی کےسر براہ اکھلیش یادو کا دعویٰ، ’یش بھارتی ‘دوبارہ شروع کرنے کا اعلان۔
EPAPER
Updated: July 10, 2025, 12:04 PM IST | Agency | Lucknow
پریس کانفرنس میں سماجوادی پارٹی کےسر براہ اکھلیش یادو کا دعویٰ، ’یش بھارتی ‘دوبارہ شروع کرنے کا اعلان۔
یوگی حکومت کی شجرکاری مہم پر طنز کرتے ہوئے اکھلیش یادو نے بدھ کو کہا کہ یوگی حکومت اب تک۲۰۰؍ کروڑ درخت لگانے کا دعویٰ کررہی ہے لیکن انہیں یہ بھی بتانا چاہئے کہ اس کیلئے زمین کہاں سے آرہی ہے؟
یادو نے پارٹی کے ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں کہا، ’’شجرکاری مہم حکومت کے لئے صرف ایک ایونٹ ہے، اگر ہم بی جے پی حکومت کے اب تک کے درخت لگانے کے اعداد و شمار کو دیکھیں تو یہ۲۰۰؍ کروڑ سے زیادہ ہے لیکن یہ بھی تشویشناک بات ہے کہ اتنے درختوں کے لئے زمین کہاں سے آرہی ہے؟‘‘
انہوں نے کہا ،’’ ان کی حکومت نے۲۰۰۲ء میں سماج کے ہر شعبے میں نمایاں خدمات انجام دینے والے ہنرمندوں کو اعزاز دینے کے لئے `’یش بھارتی‘ شروع کیا تھا لیکن موجودہ بی جے پی حکومت نے اسے روک دیا ہے۔ یہ صلاحیتوں کی توہین ہے۔ ۲۰۲۷ء میں سماجوادی حکومت کے اقتدار میں آنے پر یش بھارتی ایوارڈ دوبارہ شروع کیا جائے گا۔‘‘اسکولوں کے انضمام پر تبصرہ کرتے ہوئے یادو نے کہا ،’’ بچے پڑھنے اسکول جاتے ہیں لیکن اسکولوں کو تالے لگے ہوئے ہیں۔ یہ تعلیمی نظام کے لئے ایک سنگین سوال ہے۔ حکومت بچوں کو پڑھنے نہیں دینا چاہتی۔‘‘
سی ایم او کو کانپور میں قیام ملنے کے سوال پر انہوں نے کہا ،’’ اس حکومت میں جھگڑا چل رہا ہے۔ افسر دوسرے افسر سے لڑ رہا ہے۔ وزیر افسر سے لڑ رہے ہیں۔ ایک وزیر دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش کر رہا ہے۔ ایک وزیر نے وزیر اعلیٰ کو خط لکھ کر افسران کے کام کرنے کے انداز پر سوال اٹھائے ہیں۔‘‘
انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی کٹہرے میں کھڑا کرتے ہوئے کہا ،’’ ووٹر لسٹ میں بہت زیادہ ہیرا پھیری ہوئی ہے جس کی وجہ سے مرادآباد میں ایس پی الیکشن ہار گئی لیکن اب ریاست کے عوام سب کچھ دیکھ رہے ہیں اور۲۰۲۷ء میں بی جے پی کو سبق سکھانے کے لئےتیار ہیں۔‘‘