Inquilab Logo Happiest Places to Work

لیسوتھو میں امریکی ٹیرف سے بیروزگاری میں اضافہ، ہنگامی صورتحال کا اعلان

Updated: July 10, 2025, 10:02 PM IST | Maseru

لیسوتھو میں امریکی ٹیرف کے سبب بیروزگاری میں اضافہ ہو گیا ہے ،جس کے سبب ہنگامی صورتحال کا اعلان کر دیا گیا ہے، امریکہ کی جانب سے عارضی طور پر ۵۰؍ فیصد ٹیرف عائد کرنے کے بعد بیروزگاری کی شرح ۳۰؍ فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

افریقی ملک لیسوتھو سے درآمدات پر۵۰؍ فیصد محصول عائد کرنے کے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اپریل کے فیصلے کے بعد بے روزگاری میں شدت کے باعث لیسوتھو نے دو سالہ ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے۔نائب وزیر اعظم نیتھومن ماجارا نے بے روزگاری کی شرح۳۰؍ فیصد تک پہنچنے اور ملازمتوں کے بڑے پیمانے پر خاتمے کی وجہ سے یہ اعلان کیا۔ماجارا نے کہا کہ’’ یہ اعلان، جس میں بے روزگاری کے اثرات کو کم سے کم کرنے کے لیے تمام ضروری اقدامات شامل ہیں،۳۰؍ جون ۲۰۲۷ء تک نافذ رہے گا۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ نے’حیات التحریرالشام‘ کو دہشت گردوں کی فہرست سے نکالا

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، تقریباً۲۳؍ لاکھ کی آبادی والے لیسوتھو میں نوجوانوں کی بے روزگاری کی شرح قریب۵۰؍ فیصد تک پہنچ چکی ہے۔امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کی فنڈنگ سے چلنے والی غیر ملکی امداد کے انکشاف پر مارچ میں اپنے بیان میں، ٹرمپ نے لیسوتھو کو،جسے۸۰؍ لاکھ ڈالر امداد موصول ہوئی تھی’’ ایسا ملک جس کا نام کسی نے کبھی نہ سنا ہو‘‘ قرار دیا تھا۔تاہم، اپریل میں درجنوں ممالک سے درآمدات پر عائد کردہ ٹرمپ کے نام نہاد باہمی محصولات میں لیسوتھو پر۵۰؍ فیصد کی شرح نے اسے ایسا ملک بنا دیا جہاں امریکہ نے سب سے زیادہ محصول عائد کیا۔اگرچہ بعد میں اس محصول کا نفاذ روک دیا گیا، لیکن اس کے لیسوتھو کی معیشت پر تباہ کن اثرات مرتب ہوئے جس کا دوسرا سب سے بڑا برآمدی پارٹنر امریکہ ہے، جس کی وجہ سے ملازمتوں کا بڑے پیمانے پر خاتمہ ہوا۔

یہ بھی پڑھئے: ہمارے ڈالر کو کمزور کرنے کیلئے برکس بنایا گیا ہے: امریکی صدر ٹرمپ

معاشی ڈیٹا پلیٹ فارم ’’مشاہدہ برائے معاشی پیچیدگی‘‘ کے مطابق، لیسوتھو نے۲۰۲۳ء میں امریکہ کو ۲۲؍ کروڑ۸۰؍ لاکھ ڈالر مالیت کی مصنوعات برآمد کیں، جبکہ امریکہ سے اس کی درآمدات ۸۰؍ لاکھ ڈالرسے بھی کم رہیں۔لیسوتھو، جو اپنے واحد پڑوسی جنوبی افریقہ کے ساتھ اپنی ۸۰؍ فیصد سے زائد غیر ملکی تجارت کرتا ہے، کے لیے امریکہ کو برآمدات ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا۱۰؍ فیصد سے زیادہ ہیں۔لیسوتھو کا ٹیکسٹائل شعبہ، جو امریکہ کو ملک کی برآمدات کی بنیاد ہے، تقریباً۴۰؍ ہزار افراد کو روزگار فراہم کرتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK