Inquilab Logo

سابق وزیرا عظم آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج عقیدت

Updated: November 20, 2023, 11:24 AM IST | Agency | New Delhi

کانگریس صدرملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اتوار کی صبح سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو ان کے۱۰۶؍ ویں یوم پیدائش (۱۹؍ نومبر)پر خراج عقیدت پیش کیا۔

On the occasion of Indira Gandhi`s 106th birth anniversary, artists presenting a program at the Gandhi Memorial Museum. Photo: PTI
اندرا گاندھی کے۱۰۶؍ ویں یوم ولادت کی مناسبت سے گاندھی میموریل میوزیم میںفنکار پروگرام پیش کرتے ہوئے۔ تصویر :پی ٹی آئی

کانگریس صدرملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اتوار کی صبح سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کو ان کے۱۰۶؍ ویں یوم پیدائش (۱۹؍ نومبر)پر خراج عقیدت پیش کیا۔ دوسری طرف ریاست کی راجدھانیوں میں بھی کانگریس کے ریاستی صدور نے خراج عقیدت پیش کیا ۔کھرگے، کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی، کانگریس جنرل سیکریٹری کے سی وینوگوپال اور دیگر نے سابق وزیر اعظم کی سمادھی شکتی استھل کا دورہ کیا اور پھول چڑھا کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔
کانگریس نے اپنے آفیشل پیج پر پوسٹ کرکے کہا’’آج پورا ملک ہندوستان کی `آئرن لیڈی(خاتون آہن) اندرا گاندھی کو یاد کر رہا ہے، جو طاقت، ہمت اور موثر قیادت کی ایک مثال تھیں ۔پارٹی نے سابق وزیر اعظم کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں کا ویڈیو جاری کرکے انہیں سلامی دی۔ دہلی میں دہلی کانگریس کے دفتر میں ریاستی صدر اروندر سنگھ لولی نے آنجہانی اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اندرا گاندھی کے ترقی پسند نظریات نے ہندوستان کو ترقی پذیر ممالک میں سرفہرست بنادیا اور غربت کے خاتمے کیلئے تاریخی۲۰؍ نکاتی پروگرام(۱۹۷۵ء) کو نافذ کیا۔ اس موقع پر ارویندر سنگھ لولی نے ریاستی دفتر میں خواتین میں ساڑیاں بھی تقسیم کیں۔
اُدیشہ کے وزیر اعلیٰ نوین پٹنائک نے آنجہانی اندرا گاندھی کے ۱۰۶؍ ویں یوم پیدائش پر دلی خراج عقیدت پیش کیا۔پٹنائک نے ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ’’ہندوستانی کی پہلی خاتون وزیراعظم بھارت رتن اندراگاندھی کو ان کے یوم پیدائش پر جسے راشٹریہ ایکتا دیوس کے طورپر منایا جاتا ہے، دلی خراج عقیدت۔ قوم کی تعمیر اور زرعی اصلاحات اور ملک کی اقتصادی ترقی کی پالیسیوں میں ان کے اہم کردار کیلئے انہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔پٹنائک نے سوشل میڈیا سائٹ پر سابق وزیر اعظم کی ایک تصویر بھی پوسٹ کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پرایک پوسٹ میں مودی نے کہا’’ہندستان کی سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت۔‘‘ 
 راہل گاندھی نے شکتی استھل پر اپنی دادی کو خراج عقیدت پیش کرنے کے علاوہ ایکس پر بھی ایک پوسٹ بھی کیا ۔اس میں انہوں نے اپنی دادی کو ’جن نائک ‘قراردیتے ہوئے کہا کہ وہ ہر قدم پر ان کی طاقت ہیں۔
 ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو نے بھی اندرا گاندھی کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ آج بھی ان کے دوراندیش فیصلوں سے ملک فائدہ اٹھا رہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK