• Fri, 23 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ نے کنیڈین وزیراعظم مارک کارنی کی بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت واپس لے لی

Updated: January 23, 2026, 1:05 PM IST | Washington

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور کنیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی کے درمیان حالیہ بیانات کے تبادلے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ دیکھنے میں آ رہا ہے، جہاں ڈیووس میں ٹرمپ کے متنازع ریمارکس پر کارنی کے سخت ردِعمل کے جواب میں امریکہ نے انہیں بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت واپس لے لی ہے۔

US President Donald Trump and Canadian Prime Minister Mark Carney. Photo: INN
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور کنیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات (۲۲؍ جنوری) کو کہا کہ وہ کنیڈا کے وزیرِاعظم مارک کارنی کی اپنی بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت واپس لے رہے ہیں۔ یہ فیصلہ اس کے بعد سامنے آیا جب کنیڈا کے وزیرِاعظم نے ڈیووس میں ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم میں ٹرمپ کے اشتعال انگیز بیانات پر سخت ردِعمل دیا۔ اس موقع پر امریکی صدر نے کہا تھا کہ’’ کنیڈا امریکہ کی وجہ سے زندہ ہے۔ ‘‘ٹرمپ کے بیان کے جواب میں مارک کارنی نے ان دعوؤں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ کنیڈا اس لئے ترقی کرتا ہے کیونکہ ’’ہم کنیڈین ہیں۔ ‘‘اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر ایک پوسٹ میں ٹرمپ نے لکھا:’’محترم وزیرِاعظم کارنی، براہِ کرم اس خط کو اس بات کی اطلاع سمجھا جائے کہ بورڈ آف پیس کنیڈاکی شمولیت کے حوالے سے آپ کو دی گئی دعوت واپس لے رہا ہے، جو اب تک کسی بھی وقت جمع ہونے والا سب سے باوقار لیڈروں کا بورڈ ہوگا۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سعودی عرب: ماہ رجب میں ایک کروڑ ۴۸؍ لاکھ زائرین نے عمرے کی سعادت حاصل کی

منگل کو ڈیووس میں اپنی تقریر کے دوران، کارنی نے موجودہ عالمی صورتحال کو ’منتقلی نہیں بلکہ ایک دراڑ‘ قرار دیا اور کہا کہ ایک مستحکم عالمی نظام کی ’خوشگوار فرضی کہانی‘ کی جگہ اب عظیم طاقتوں کی رقابت اور معاشی دباؤ کی’سخت حقیقت‘ نے لے لی ہے۔ اس دھماکہ خیز تقریر کے بعد ٹرمپ نے کارنی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کا شمالی پڑوسی ’ناشکرا‘ ہے، حالانکہ واشنگٹن ڈی سی کی جانب سے اسے کئی ’مفت مراعات‘ ملتی رہی ہیں۔ ٹرمپ نے ورلڈ اکنامک فورم میں ڈیووس، سوئٹزرلینڈ کے مقام پر کہا:’’ کنیڈا امریکہ کی وجہ سے زندہ ہے۔ ‘‘
امریکی صدر نے یہ بھی مؤقف اختیار کیا کہ امریکہ کی جانب سے گرین لینڈ کا حصول کنیڈا کیلئے فائدہ مند ہوگا جس کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ وہ’کئی مفت مراعات حاصل کرتا ہے۔ ‘ انہوں نے اس اسٹریٹجک آرکٹک علاقے کو استعمال کرتے ہوئے گولڈن ڈوم تعمیر کرنے میں دلچسپی ظاہر کی، جو خطے کیلئے میزائل دفاع فراہم کرے گا اور اس سے کنیڈاکو بھی فائدہ ہوگا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK