Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ: تاریخی امن معاہدے میں حماس ’مکمل غیر مسلح ہونے‘ کیلئے رضامند: ٹرمپ کا دعویٰ

Updated: July 31, 2026, 6:56 PM IST | Washington

ٹرمپ نے اس معاہدے کو مغربی ایشیاء میں ”دائمی امن اور سلامتی کی طرف یادگار قدم“ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسے مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے مصر، قطر اور ترکی کا اس ”تاریخی پیش رفت“ میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے انتباہ دیا کہ ”اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ سے ابھرنے والے خطرے کو دوبارہ پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔“

Donald Trump. Photo: X
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: ایکس

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ ’بورڈ آف پیس‘ (Board of Peace) نے حماس اور غزہ میں سرگرم دیگر تمام مسلح تنظیموں کو ”مکمل طور پر غیر مسلح کرنے“ کا معاہدہ طے کرلیا ہے۔ انہوں نے اسے مغربی ایشیاء میں ”دائمی امن اور سلامتی کی طرف یادگار قدم“ قرار دیا۔

ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ ”یہ معاہدہ غزہ کی باگ ڈور بالآخر ایک نئی فلسطینی حکومت کے حوالے کرنے کی طرف انتہائی اہم قدم ہے، جو فلسطینی عوام کی مدد کیلئے بورڈ آف پیس کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ، اسرائیل کو وہ سیکوریٹی ملے گی جس کا وہ حقدار ہے اور غزہ کو مزید دہشت گردانہ حملوں کے اڈے کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔“

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کی مقبولیت کم ترین سطح پر، اکثریت ایران پر فوجی کارروائی کے خلاف: سروے

ٹرمپ نے اس معاہدے کو خطے کیلئے اپنے ۲۰ نکات پر مشتمل امن منصوبے کو نافذ کرنے میں ”بڑا سنگِ میل“ قرار دیا، جسے نومبر میں اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے منظور کیا تھا۔ اقوامِ متحدہ کی اس قرارداد نے بورڈ آف پیس کو کم از کم ۲۰۲۷ء کے آخر تک غزہ کی نگرانی کا اختیار دیا تھا۔ روس اور چین نے ’بورڈ آف پیس‘ کے طریقۂ کار اور فلسطینی ریاست کیلئے اس کے اثرات پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا تھا۔

واضح رہے کہ حماس کو غیر مسلح کرنا ان بنیادی متنازع نکات میں شامل تھا جو امن معاہدے کو آگے بڑھانے میں رکاوٹ بنے ہوئے تھے۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ معاہدہ مرحلہ وار نافذ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ”جیسے جیسے ہتھیاروں سے پاک کرنے کا عمل مکمل ہوگا، اسرائیلی افواج کا انخلاء ہوگا اور ’انٹرنیشنل اسٹیبلائزیشن فورس‘ ایک نئی فلسطینی پولیس فورس کے ساتھ مل کر کام کرے گی تاکہ غزہ کو اس کے شہریوں اور اس کے پڑوسیوں کیلئے محفوظ بنانے کی ذمہ داری سنبھالی جا سکے۔“ ٹرمپ نے مصر، قطر اور ترکی کا اس ”تاریخی پیش رفت“ میں اہم کردار ادا کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا۔ ساتھ ہی انہوں نے انتباہ دیا کہ ”اکتوبر ۲۰۲۳ء میں غزہ سے ابھرنے والے خطرے کو دوبارہ پنپنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔“

یہ بھی پڑھئے: اسرائیل: اگر آج انتخاب ہوئے تو حزب اختلاف حکومت بنانے کا اہل: پول

حماس کے سینئر اہلکاروں نے اے ایف پی (AFP) سے گفتگو کے دوران تصدیق کی کہ اسرائیل کے ساتھ ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس میں تنظیم کے ہتھیاروں کے حوالے سے نکات اور غزہ سے اسرائیلی افواج کا تدریجی انخلاء شامل ہے۔ اسرائیل نے ابھی تک اس معاہدے پر علانیہ طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ حماس کے ایک رہنما نے اے ایف پی کو بتایا کہ تنظیم کو توقع ہے کہ ’بورڈ آف پیس‘ اور ثالث اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ اسرائیل معاہدے کی شرائط کی پاسداری کرے۔ اکتوبر ۲۰۲۳ء سے اب تک اسرائیل کی فوجی کارروائیوں میں ۷۳ ہزار ۳۰۰ سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK