ٹرمپ نے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ایسی مہم شروع کر رکھی ہے جسے ناقدین ’سیلف برانڈنگ‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ اس سے قبل ’کینیڈی سینٹر‘ اور ’یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس‘ کا نام بھی اپنے نام پر رکھنے کی تجویز دے چکے ہیں۔
EPAPER
Updated: February 07, 2026, 6:02 PM IST | New York
ٹرمپ نے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ایسی مہم شروع کر رکھی ہے جسے ناقدین ’سیلف برانڈنگ‘ قرار دیتے ہیں۔ وہ اس سے قبل ’کینیڈی سینٹر‘ اور ’یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس‘ کا نام بھی اپنے نام پر رکھنے کی تجویز دے چکے ہیں۔
امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے سینیٹ کے اکثریتی لیڈر چک شومر سے عجیب مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر شومر نیویارک کے ’پین اسٹیشن‘ (Penn Station) سمیت عوامی مقامات کا نام بدل کر ان کے نام پر رکھنے کے منصوبے کی حمایت کریں گے تبھی وہ نیویارک شہر میں بنیادی ڈھانچے کے بڑے منصوبوں کے لیے منجمد کردہ ۱۸؍ ارب ڈالر کے وفاقی فنڈز جاری کریں گے۔
دونوں لیڈران کے درمیان ہونے والی گفتگو سے واقف افراد کے مطابق، ٹرمپ نے منجمد کردہ رقم کی منتقلی کو شومر کی اس حمایت سے جوڑ دیا ہے کہ ’ڈلس انٹرنیشنل ایئرپورٹ‘ اور نیویارک کے مشہورِ زمانہ ’پین اسٹیشن‘ دونوں کا نام ان کے اعزاز میں تبدیل کر دیا جائے۔ اس مطالبے نے عوامی اداروں کے ساتھ اپنا نام جوڑنے کی صدر کی بڑھتی ہوئی کوششوں پر نیا تنازع کھڑا کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: جینیوا اکیڈمی کا انتباہ، غزہ میں ہلاکتوں کی تعداد دو لاکھ سے تجاوز کر سکتی ہے
واضح رہے کہ مذکورہ ۱۸ ارب ڈالر نیویارک شہر میں سب وے کی توسیع کے ایک بڑے منصوبے کے لیے مختص کئے گئے تھے جنہیں اکتوبر ۲۰۲۵ء میں وفاقی حکومت کے ۴۳ روزہ شٹ ڈاؤن کے پہلے دن ٹرمپ نے روک دیا تھا۔ سینیٹ میں نیویارک کی نمائندگی کرنے والے لیڈر شومر نے اس شٹ ڈاؤن کے دوران ٹرمپ اور ریپبلکن لیڈران کے درمیان مذاکرات میں مرکزی کردار ادا کیا تھا، لیکن فنڈنگ تب سے منجمد ہے۔
ٹرمپ، جن پر تیسری مدت کے لیے الیکشن لڑنے پر آئینی پابندی ہے، نے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے ایسی مہم شروع کر رکھی ہے جسے ناقدین ’سیلف برانڈنگ‘ (ذاتی تشہیر) قرار دیتے ہیں۔ وہ اس سے قبل ’کینیڈی سینٹر‘ اور ’یو ایس انسٹی ٹیوٹ آف پیس‘ کا نام بھی اپنے نام پر رکھنے کی تجویز دے چکے ہیں، اگرچہ ایسی تبدیلیوں کی قانونی حیثیت تاحال غیر واضح ہے۔
بنیادی ڈھانچے کے علاوہ، ٹرمپ نے ریپبلکن قانون سازوں پر بھی زور دیا ہے کہ وہ نوجوان امریکیوں کے لیے ٹیکس سے مستثنیٰ بچت کی نئی اسکیمیں بنائیں، جنہیں غیر رسمی طور پر ”ٹرمپ اکاؤنٹس“ کا نام دیا گیا ہے۔ انہوں نے رعایتی قیمت پر ادویات فروخت کرنے کے لیے ایک سرکاری ویب سائٹ TrumpRx.gov بھی لانچ کی ہے اور اطلاعات کے مطابق دریائے پوٹومیک پر ۲۵۰ فٹ اونچی ایک محراب بنانے کے منصوبے پر بھی تبادلہ خیال کیا ہے، جو ’لنکن میموریل‘ کو بھی پیچھے چھوڑ دے گی۔
یہ بھی پڑھئے: راین روتھ کو ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کی کوشش پر عمر قید کی سزا
چک شومر نے ٹرمپ کے اس تازہ ترین مطالبے پر تاحال کوئی عوامی ردِعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔ ڈیموکریٹس نے ضروری عوامی فنڈنگ کو ذاتی نمود و نمائش کے منصوبوں سے جوڑنے پر صدر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ نیویارک کے شہریوں کو وفاقی رقم کے بدلے، جو پہلے ہی عوامی استعمال کے لیے منظور شدہ ہے، اپنے شہر کے تاریخی مقامات کا سودا کرنے پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔