فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالکان گلیزر خاندان نے آئی پی ایل چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے ممکنہ حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور کسی حتمی معاہدے یا بائنڈنگ آفر کا اعلان نہیں ہوا۔
EPAPER
Updated: February 07, 2026, 7:09 PM IST | Bengaluru
فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالکان گلیزر خاندان نے آئی پی ایل چیمپئن رائل چیلنجرز بنگلورو (آر سی بی) کے ممکنہ حصول میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ ابتدائی مرحلے میں ہے اور کسی حتمی معاہدے یا بائنڈنگ آفر کا اعلان نہیں ہوا۔
انگلش فٹ بال کلب Manchester United (مانچسٹر یونائٹیڈ) کے مالکان گلیزر خاندان نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی موجودہ چیمپئن ٹیم Royal Challengers Bengaluru (آر سی بی) کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ یہ دلچسپی اس وقت سامنے آئی ہے جب آر سی بی کی مالک کمپنی ڈیاگو نے فرنچائز کے مستقبل سے متعلق اندرونی جائزہ شروع کیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ گلیزر خاندان کی جانب سے ابھی تک کوئی بائنڈنگ یا حتمی بولی پیش نہیں کی گئی، تاہم ابتدائی سطح پر بات چیت اور ممکنہ آپشنز پر غور کیا جا رہا ہے۔ معاملے سے واقف ذرائع کے مطابق یہ مرحلہ محض معلومات کے تبادلے اور ویلیوایشن کے جائزے تک محدود ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ششی تھرور نے برصغیر میں کرکٹ پر سیاست کی مذمت کی
واضح رہے کہ آر سی بی اس وقت آئی پی ایل کی سب سے مضبوط اور تجارتی طور پر قیمتی فرنچائزز میں شمار ہوتی ہے۔ حالیہ سیزن میں پہلی مرتبہ آئی پی ایل ٹائٹل جیتنے کے بعد ٹیم کی برانڈ ویلیو میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اسی پس منظر میں عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ اس فرنچائز کی جانب بڑھی ہے۔ گلیزر خاندان، جو مانچسٹر یونائیٹڈ کے علاوہ امریکی فٹ بال ٹیم Tampa Bay Buccaneers کا بھی مالک ہے، اسپورٹس فرنچائزز میں سرمایہ کاری کا وسیع تجربہ رکھتا ہے۔ رپورٹ کے مطابق کرکٹ میں اس کی دلچسپی نئی نہیں ہے، اور وہ ماضی میں بھی آئی پی ایل سے جڑے مواقع کا جائزہ لیتا رہا ہے۔ آر سی بی کی فروخت یا خریداری کے حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ عمل شروع نہیں ہوا ہے۔ ڈیاگو نے بھی اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ اسی طرح گلیزر خاندان کی طرف سے بھی کوئی حتمی بولی کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان نے چھٹی مرتبہ انڈر ۱۹؍ ورلڈ کپ جیت لیا
ماہرین کے مطابق، اگر آر سی بی کی فروخت کا عمل آگے بڑھتا ہے تو یہ آئی پی ایل کی تاریخ کی سب سے بڑی ڈیلز میں شامل ہو سکتی ہے۔ ٹیم کا عالمی فین بیس، اسپانسرشپس اور ڈجیٹل ریچ اسے سرمایہ کاروں کے لیے پرکشش بناتی ہے۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آر سی بی واحد فرنچائز نہیں جس میں عالمی سرمایہ کار دلچسپی لے رہے ہیں، تاہم گلیزر خاندان کا نام سامنے آنا اس خبر کو خاص اہمیت دیتا ہے، کیونکہ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے مالکان کسی آئی پی ایل ٹیم سے براہ راست جڑیں گے۔ فی الحال یہ معاملہ قیاس آرائیوں اور ابتدائی معلومات تک محدود ہے۔ کسی بھی قسم کی خریداری، شراکت داری یا ملکیت کی تبدیلی کے لیے آئی پی ایل گورننگ کونسل اور بی سی سی آئی کی منظوری لازمی ہوگی، جس کا ذکر رپورٹ میں بھی کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق آئندہ چند ہفتوں میں یہ واضح ہو سکتا ہے کہ آیا یہ دلچسپی رسمی بولی میں تبدیل ہوتی ہے یا نہیں۔ اس وقت تک آر سی بی کی ملکیت، انتظامی ڈھانچہ اور روزمرہ آپریشنز میں کسی تبدیلی کا کوئی سوال پیدا نہیں ہوتا۔