Inquilab Logo Happiest Places to Work

ٹرمپ کا تیل کمپنیوں کو انتباہ، بہت کما لئے، فوری طور پر امریکیوں کو سستا تیل فراہم کرو

Updated: August 05, 2026, 11:35 AM IST | Washington

امریکی صدر نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ آج آبنائے ہرمز پوری طرح سے کھل جائے گا ، اسکے علاوہ یہ بھی کہا کہ امریکہ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے۔

US President Donald Trump speaking to the media. Photo: INN
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر: آئی این این

امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے تیل کمپنیوں کو تنبیہ دیتے ہوئے کہا کہ بہت کما لیا اب امریکی شہریوں کو سستا تیل فراہم کرو۔ایران تنازع کے باعث دنیا بھر کی طرح امریکہ میں بھی تیل کی قیمتیں کئی گنا بڑھ چکی ہیں۔ ایسے میں امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا تیل کمپنیوں کے خلاف تنقیدی بیان سامنے آیا ہے۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ’ٹروتھ سوشل‘ پر امریکی تیل کمپنیوں کے کردار پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے موجودہ عالمی صورتحال سے فائدہ اٹھا کر بہت کما لیا، اب امریکی عوام کو سستا تیل فراہم کریں۔انہوں نے امریکی آئل کمپنی شیوران کے سربراہ کو خاص تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مائیک وارتھ کو اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں ساری باتیں کرنا یاد رہیں، مگر ٹرمپ انتظامیہ کی تیل منڈی کے سلسلے میں ذہانت، دور اندیشی، مضبوطی و استحکام کا انٹرویو میں ذکر کرنا بھول ہی گئے۔

یہ بھی پڑھئے: نیتن یاہو کا امن منصوبے کے تحت غزہ میں جنگ بندی یا انخلاء سے انکار: رپورٹ

صدر ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں مثال دیتے ہوئے کہا جیسا کہ شیوران آئل کمپنی کو وینزویلا سے نکال پھینکا گیا تھا۔ لیکن ہماری پالیسی اور اقدامات کی وجہ سے امریکی تیل کمپنی شیوران پھر سے وینزویلا میں واپس جا کر بزنس کر رہے اور پہلے کے مقابلے میں زیادہ کمائی کر رہی ہے۔ بلند بانگ دعوؤں کیلئے پہچانے جانے والے امریکی صدر نے کہا کہ یہی مثال دیگر امریکی تیل کمپنیوں کی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ وینزویلا ایسے اقدام نہ کرتی تو امریکی تیل کمپنیاں مر کھپ چکی ہوتیں۔ اس لیے ان سب کمپنیوں کو چاہیے کہ وہ امریکی عوام کیلئے اپنی تیل کی قیمتوں میں کمی کریں۔

اس کے ساتھ ہی انہوں نے ایک اور دعویٰ کیا۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کل مکمل طور پر کھل جائے گا۔ وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے کہا کہ معاملہ جلد  ہی کسی ایک طرف ہوجائے گا۔ یہ کوئی پیچیدہ چیز نہیں۔انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کھلنا پہلا مرحلہ ہے، دوسرے مرحلے میںنیوکلیئر ایشو پر بات ہوگی۔ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ اس بات پر واضح ہے کہ ایران کے پاس نیوکلیئر ہتھیار نہیں ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں کوئی فیس نہیں ہوگی۔اس لئے یہ بات طے ہے کہ اگر وہاں کوئی اور چارج کرے گا تو امریکہ بھی چارج کرے گا۔ امرکی صدر نے دعویٰ کیا کہ امریکہ کا آبنائے ہرمز پر مکمل کنٹرول ہے۔انہوں نے ایک طرح سے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس یہ آخری موقع ہے کہ وہ دستاویز پر دستخط کردے، ورنہ خطرناک نتائج کیلئے تیار رہے۔

یہ بھی پڑھئے: امریکہ-ایران مذاکرات جاری، ٹرمپ نے اسے ایران کیلئے”آخری موقع“ قرار دیا، بدھ تک ہرمز کے کھلنےکا امکان

اسی طرح ایک  اور بیان میں امریکی صدر نے کہا کہ ایران سے مذاکرات جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر سمیت دیگر ممالک کی درخواست پر بات چیت کر رہے ہیں اور اس بات کی امید ظاہر کی کہ اس کے نتائج مثبت ہی برآمد ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ایران کیلئے ایک اچھے معاہدے پر دستخط کرنے کا یہ آخری موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران ڈیل پر رضا مند نہ ہوا تو اسے تباہی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ امریکی صدرنے مزید کہا کہ ایران کو تباہ کن ضرب لگانے سے قبل آخری موقع دینا چاہتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK