Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایران کیخلاف ٹرمپ اب من مانی نہیں کرسکیں گے ! اختیارات محدود کرنے والی قرار داد منظور

Updated: May 21, 2026, 9:32 AM IST | Agency | New York

امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مبینہ جنگی جنون پر امریکی سینیٹ نے زوردار بریک لگا دیا ہے۔ ۷؍ بار مسلسل ناکامی کے بعد آخر کار امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے والی ایک اہم قرار داد پاس کر دی ہے۔

Donald Trump.Photo:INN
ڈونالڈ ٹرمپ۔ تصویر:آئی این این
امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے مبینہ جنگی جنون پر امریکی سینیٹ نے زوردار بریک لگا دیا ہے۔ ۷؍ بار مسلسل ناکامی کے بعد آخر کار امریکی سینیٹ نے صدر ٹرمپ کے جنگی اختیارات کو محدود کرنے والی ایک اہم قرار داد پاس کر دی ہے۔ یہ قرارداد خاص طور پر ایران کے خلاف کسی بھی فوجی کارروائی کو روکنے، ایران کے گرد قائم ناکہ بندی ختم کرنے اور امریکی فوجی دستوں کو واپس بلانے کے لئے لائی گئی تھی۔ سینیٹ کا یہ قدم ٹرمپ انتظامیہ کے لئے ایک بڑا جھٹکا مانا جا رہا ہے کیونکہ اب صدر اپنی مرضی سے ایران کے خلاف جنگ کا اعلان نہیں کر سکیں گے۔یہ پہلی بار ہے کہ ایران تنازع شروع ہونے کے بعد امریکی سینیٹ نے ایسے اقدام کو منظوری دی ہے جو مستقبل میں ایران پر مزید امریکی حملوں کو کانگریس کی منظوری سے مشروط کر سکتا ہے۔
 
 
ٹرمپ انتظامیہ کے خلاف کامیاب ہونے والی اس قرارداد کے حق میں ۵۰؍ ووٹ آئے جبکہ مخالفت میں ۴۷؍ ووٹ پڑے۔ سب سے زیادہ حیرانی کی بات یہ رہی ہے کہ موجودہ امریکی صدر ٹرمپ کی اپنی ریپبلکن پارٹی کے ۴؍ اراکین (سینیٹرز) نے بغاوت کرتے ہوئے اپوزیشن پارٹی (ڈیموکریٹس) کا ساتھ دے کر قرارداد کے حق میں ووٹ دیا۔ جن ۴؍ ریپبلکن لیڈران نے ٹرمپ کیخلاف  ووٹ دیا ان میں سسان کولنس، لیسا مرکووسکی، رینڈ پال اور بیل کیسیڈی ہیں۔ ڈیموکریٹس کے ذریعہ اس قرارداد کو پاس کرانے کی یہ ۸؍ویں کوشش تھی۔
 
 
اس قرارداد کو ڈیموکریٹک پارٹی کے سینیٹر ٹم کین نے پیش کیا تھا ۔ قرارداد کا سیدھا اور صاف مطلب ہے کہ موجودہ امریکی صدر ٹرمپ بغیر سینیٹ کی منظوری  کے ایران پر حملہ نہیں کر سکتے۔  قرار داد میں صاف لکھا ہے کہ جب تک کانگریس (امریکی پارلیمنٹ) کی طرف سے سرکاری طور پر جنگ کا اعلان نہیں کیا جاتا یا فوج کے استعمال کی منظوری نہیں مل جاتی تب تک صدر کو امریکی فوج کو ایران کے خلاف کسی بھی طرح کی دشمنی سے دور رکھنا ہوگا۔ یہ قانون صدر کے اختیارات کوبراہ راست لگام دیتا ہے۔اس قرارداد کی منظوری سے جمہوریت پسند رہنما پرجوش ہیں۔ کیلیفورنیا کے ڈیموکریٹک سینیٹر ایڈم شیف نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ سینیٹ کے ڈیموکریٹس نے ایک بار پھر اس ’غیر آئینی جنگ‘ کو ختم کرنے کے حق میں ووٹ دیا ہے۔ 

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK