• Tue, 22 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

تبادلے کی قیاس آرائی پر تکارام منڈے کا بیان: یہ میرے ہاتھ میں نہیں

Updated: September 22, 2026, 12:44 PM IST | Agency | Mumbai

کہا کہ جو بھی محکمہ ملے گااس میں کام کروں گا،میں مستقبل کی فکر نہیں کرتا، آج کیا کرنا ہے یہ سوچتا ہوں۔

Tukaram Mundhe. Picture: INN
تکارام منڈھے۔ تصویر: آئی این این

فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن(ایف ڈی اے) کے کمشنر تکارام منڈے نے ریاست بھر میں ملاوٹ خوری کے خلاف کارروائی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے۔ جب سے منڈے نے ایف ڈی اےکی کمان سنبھالی ہے، ریاست بھر میں ملاوٹ کرنے والوں میں خوف پیدا ہوگیا ہے۔ انہوں نے کئی بڑی کارروائیاں کی ہیں۔ دودھ اور پنیر میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی گئی ہے۔ صاف صفائی اور معیاری کھانوں کے معاملے میں بڑے ہوٹلوں کے خلاف بھی ایکشن لیا گیا ہے۔ اسی درمیان یہ قیاس آرائیاں بھی ہورہی ہیں کہ ان کا جلد ہی تبادلہ کردیا جائے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے: مالیگاؤں: ۲۹؍ پلاسٹک کارخانے بندکرنے کا حکم

خیال رہے کہ مہاراشٹر فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن کی جانب سے گٹکا اور تمباکومصنوعات کی اشتہاربازی کے سلسلے میں بالی ووڈ کے فنکاروں کو بھی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔ ریاست میں تکارام منڈے کی کارروائیاں موضوع بحث ہیں۔ تاہم، کچھ عرصے سے یہ خبریں بھی سامنے آ رہی تھیں کہ تکارام منڈے کا دوبارہ تبادلہ کیا جا سکتا ہے۔ اسی ضمن میں شہریوں کی جانب سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ تکارام منڈےکا تبادلہ نہ کیا جائے۔کیونکہ وہ اشیائے خوردونوش میں ملاوٹ اور دیگر بدنظمیوں کے خلاف سخت کارروائی کررہے ہیں۔حال ہی میںتکارام منڈےنے ایک نیوز چینل کو انٹرویو دیا۔ جس میں ان سے استفسار کیا گیاکہ اگرایف ڈی اے سے آپ کا تبادلہ ہوتا ہے تو آپ آئندہ کون سا محکمہ سنبھالنا چاہیں گے؟ اس سوال کے جواب میں منڈے نے واضح طور پر کہا،’’میرا اگلا تبادلہ کہاں ہوگا، یہ میرے ہاتھ میں نہیں ہے۔ حکومت کی جانب سے مجھے جو بھی محکمہ دیا جائے گا، میں اسی محکمے میں کام کروں گا۔‘‘انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’’میں مستقبل کے بارے میں نہیں سوچتا، جو عہدہ اس وقت میرے پاس ہے، اس کا کام ذمے داری کے ساتھ نبھانے کی کوشش کرتا ہوں۔‘‘منڈے نے دودھ میں ہونے والی ملاوٹ کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ ہمارے محکمے کی جانب سے دودھ میں ملاوٹ روکنے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اب تک منڈے کاکئی مرتبہ تبادلہ ہو چکا ہے۔اسی سبب کچھ عرصہ قبل یہ بھی کہا جا رہا تھا کہ تکارام منڈے کا براہِ راست راجستھان تبادلہ کیا جائے گا۔ اس معاملے پر بھی تکارام منڈے نے اپنا موقف پیش کیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK