Updated: September 22, 2026, 1:47 PM IST
|
Agency
| Nagoya
ہندوستان کی سوچیکا تریال نے پیر کو ایشیائی کھیل میں خواتین کے روایتی ۶۰؍ کلوگرام وزن کے زمرے کے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) میں تاریخی کانسے کا تمغہ جیتا۔
مارشل آرٹ کھلاڑی سوچیکا تریال نے برونز میڈل حاصل کیا۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کی سوچیکا تریال نے پیر کو ایشیائی کھیل میں خواتین کے روایتی ۶۰؍ کلوگرام وزن کے زمرے کے مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) میں تاریخی کانسے کا تمغہ جیتا۔ اس کے ساتھ ہی وہ اس مقابلے میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی بن گئیں۔۳۶؍سالہ ہندوستانی فائٹر کو سیمی فائنل کے سخت مقابلے میں سنگاپور کی ٹیو ہوئی ہون سے دوصفرسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس مقابلے کا فیصلہ کرنے کیلئے ایک اضافی منٹ کا وقت لینا پڑا تھا۔ایم ایم اے میں سیمی فائنل میں ہارنے والے دونوں کھلاڑیوں کو تمغہ ملتا ہے کیونکہ ایشیائی کھیلوں میں کانسے کے تمغے کے لئے الگ سے کوئی پلے آف نہیں ہوتا ہے۔ سوچیکا تریال نے اتوار کو کوارٹر فائنل میں منگولیا کی التانچیمگ بیگلما کو دوصفر سے ہرا کر اپنا تمغہ پکا کرلیا تھا۔
ہریانہ کے روہتک کی رہنے والی تجربہ کار کامبیٹ اسپورٹس ایتھلیٹ سوچیکا نے جو-جِتسو اور ایم ایم اے میں آنے سے پہلے جوڈو میں اپنی شناخت بنائی تھی۔ وہ ۸؍بار کی قومی جوڈو چمپئن ہیں اور انہوں نے ۲۰۱۹ء کامن ویلتھ جوڈو چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیتا تھا۔ سوچیکا نے برمنگھم میں ہوئے کامن ویلتھ کھیل ۲۰۲۲ء میں خواتین کے ۵۷؍کلوگرام جوڈو مقابلے میں بھی حصہ لیا تھا۔ سوچیکا نے ۲۰۱۷ء میں ایم ایم اے میں قدم رکھا تھا، جس کے بعد انہوں نے اس کھیل سے ۷؍سال کا وقفہ لیا، لیکن جوڈو اور جو-جِتسو میں حصہ لیتی رہیں اور ۲۰۲۴ء میں پیشہ ورانہ ایم ایم اے میں واپسی کی۔ وہ اس سال کے آغاز میں ایشین مکسڈ مارشل آرٹس چمپئن شپ میں کانسے کا تمغہ جیت کر ایشیائی کھیلوں میں پہنچی تھیں۔